نئی انتظامیہ نےلاء اینڈ آرڈر کو بحال رکھنے کیلئے پولیس فورس میں بھرتی کا اعلان کیا، شہریوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
EPAPER
Updated: December 13, 2024, 12:00 PM IST | Agency | Damascus/Washington
نئی انتظامیہ نےلاء اینڈ آرڈر کو بحال رکھنے کیلئے پولیس فورس میں بھرتی کا اعلان کیا، شہریوں سے درخواستیں طلب کی ہیں۔
شام میں نومنتخب وزیراعظم محمد البشیر کی قیادت میں عبوری حکومت نے انتظام سنبھال لیا ہے۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے سب پہلے لاء اینڈ آرڈر کی بحالی کو ترجیح دیتے ہوئے پولیس محکمہ میں بھرتی کا اعلان کیا ہے۔ اس ضمن میں شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ محکمہ سے وابستہ ہوکر ملک میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار اداکریں۔
ہم ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنائیں گے:الجورانی
شام میں اسد حکومت کا تختہ پلٹنے والے اپوزیشن فورسیز کے لیڈر ابو محمد الجورانی نے کہا ہے کہ وہ بشار الاسد کی حکومت کی سیکورٹی فورسز کو تحلیل کر کے بدنام زمانہ جیلوں کو بند کر دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کیمیائی ہتھیاروں کے ممکنہ ڈپو کو محفوظ بنانے کیلئے بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ ٹیکنوکریٹس کی حکومت بنائیں گے۔ ان کے گروپ کے ایک بیان کے مطابق موجودہ عبوری حکومت مارچ ۲۰۲۵ء تک کام کرے گی۔
سیاسی عمل بیرونی مداخلت کے بغیر ہونا چاہیے: شامی سیاستداں
شامی اپوزیشن کے ماسکو پلیٹ فارم کے سربراہ قادری جمیل نے کہا ہے کہ صدر بشار الاسد کے اقتدار چھوڑنے کے بعد یہاں بین شامی مذاکرات اور سیاسی عمل بیرونی مداخلت کے بغیر ہونا چاہیے۔ اسپوتنک کی رپورٹ کے مطابق جمیل نے کہا کہ’’اب دمشق میں ان کے سیاسی عمل کے لئے سازگار حالات سامنے آنا چاہیے۔ ہم اس بات پر زور دیتے ہیں کہ شام کا سارا عمل کسی بیرونی فریق کی مداخلت کے بغیر ہو۔ ‘‘ انہوں نے کہا کہ سیاسی عمل سے ان کا مطلب انتخابات کا انعقاد اور ملک کے آئین میں ترمیم بھی ہے۔ جمیل نے کہا کہ آج شام میں تنازعات کو روکنے اور امن قائم کرنے والے آستانہ فارمیٹ ممالک روس، ایران اور ترکی کو شام کے تمام اپوزیشن گروپوں کے درمیان مذاکرات کرانے کا انتظام کرنا چاہیے۔
امریکہ نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر فضائی حملے کئے
امریکی محکمہ دفاع کی ڈپٹی پریس سکریٹری سبرینا سنگھ نے کہا ہے کہ وسطی شام میں دہشت گرد گروپ اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) کے ٹھکانوں پر امریکی فضائی حملوں میں کئی دہشت گرد مارے گئے ہیں۔ سنگھ نے بدھ کو نامہ نگاروں کو بتایا، ’’ہمارا ابتدائی اندازہ یہ ہے کہ وہ کامیاب رہے اور آپ جانتے ہیں کہ ہم نے بہت سے دہشت گردوں، آئی ایس کے دہشت گردوں کو صحرا میں مار ڈالا ہے۔ لیکن حملوں کے بارے میں صحیح معلومات حاصل کرنے میں کچھ وقت لگے گا‘‘سنگھ نے بدھ کو صحافیوں کو بتایا۔
شام پر اسرائیل کے سیکڑوں حملے، فوجی اہداف کو نشانہ بنایا
اسرائیل کی جانب سے شام پر حملے جاری ہیں جس میں شامی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں فضائی کارروائی تیز کرتے ہوئے گزشتہ۴۸؍ گھنٹوں میں اسٹریٹیجک فوجی اہداف پر۴۸۰؍ حملے کیے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل نے زیر قبضہ گولان کی پہاڑیوں کے مشرق میں ایک بفر زون میں فوج بھیج دی ہے جس نے ۷۰؍سے۸۰؍ فیصد شام کے اسٹریٹیجک فوجی اثاثوں کو تباہ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ اسرائیل نے البیضا اور لطاکیہ بندرگاہ پر۱۵؍ بحری جہازوں کو نشانہ بنایا جب کہ دارالحکومت دمشق اور دیگر اہم شہروں میں ہتھیاروں کی تیاری کے مقامات پر بھی حملے کیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی اخبار نے تبصرے میں کہا کہ نیتن یاہو غزہ سے شمالی شام تک گریٹر اسرائیل منصوبے پر گامزن ہیں۔