Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

’’ ہولی اورنمازِ جمعہ پر ایک دوسرے کاخیال رکھا جائے ‘‘

Updated: March 12, 2025, 10:16 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملّی تنظیموں کےنمائندوں نے اہتمام سے نمازادا کرنے،شرپسندوں پرنگاہ رکھنےاوران سے نہ الجھنے کی اپیل کی ۔ پولیس اورانتظامیہ سے سخت بندوبست کا مطالبہ کیا

People are buying colors for Holi in the Masjidbandar area.
مسجدبندرعلاقے میں لوگ ہولی کیلئے رنگ خرید رہے ہیں۔ (تصویر: نمیش دوے)

 جمعہ کے دن ہولی    اور ملک کے حالات کے پیش نظر ملّی تنظیموں کے ذمہ داران نےیہ مشورہ دیا ہے کہ قریب کی مساجد میںاہتمام سے نمازجمعہ ادا کریں، شرپسندوں کی حرکتوں پر نگاہ رکھیں اور اگر کوئی شرپسندی پر آمادہ نظرآئے تواس سے نہ الجھیں بلکہ صبر وتحمل سے کام لیں، یہ رمضان المبارک کی اہم تعلیمات ہیںاور وقت کاتقاضا بھی ۔  اسی کےساتھ ذمہ داران نےپولیس اور انتظامیہ سے مساجد کے باہر سخت بندوبست کا مطالبہ کیاہے تاکہ شرپسند امن وامان میںخلل ڈالنے والی کوئی حرکت نہ کرسکیں۔
’’بکواس کرنے والو ںپر کارروائی کی جائے ‘‘
 آ ل انڈیا علماء کونسل کےجنرل سیکریٹری مولانا محمودخان دریابادی نےکہاکہ’’ اس میں دو اہم باتیں ہیں۔ اوّل یہ کہ نمازِجمعہ یا دیگرنمازیں، یہ ہمارامذہبی ا ورآئینی حق ہے اوردنیا کی کوئی طاقت اس سے نہیں روک سکتی ۔ جو لوگ اس حوالے سے بکواس کررہے ہیں،ان کے خلاف سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔‘‘ مولانا کے مطابق ’’جہاں تک ہولی اورنمازِجمعہ ایک دن آنے کی بات ہے توامن وامان میں یقین رکھنے والے دونوں طبقے کے عوام ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ موجودہ وقت میںان کی اور تمام امن پسندو ں کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ نمازپڑھنے والے ہولی منانے والوں کا اورہولی منانے والے نمازپڑھنے والوں کا خیال رکھیں اور امن وامان کی فضا کومستحکم کریں۔‘‘
’’اشتعال دلانے والوں سےہوشیار رہیںاورتحمل برتیں‘‘
 جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہاکہ ’’پہلے بھی مل جل کرتہوار منایا گیا ہے اور اس دفعہ بھی دونوں طبقے کے لوگ اس کاخیال رکھیںگے۔ ایسے میںپولیس اورانتظامیہ کی ذمہ داری بڑھ جاتی ہے کہ وہ ان عناصر پرلگام کسے جو تہوار کی آڑ میںکسی طبقے کو چڑانے کی کوشش کریں یا جان بوجھ کر اپنی حرکتوں سے امن وامان میںخلل ڈالنے کی فراق میں ہوں۔اس کے علاوہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم دانشمندی کا ثبوت دیں۔‘‘
 رضااکیڈمی کے سربراہ محمد سعید نوری نے کہاکہ ’’ ہم سب اپنے قریب کی مساجد میںپورے وقار اور اہتمام سے نماز جمعہ ادا کریں۔اس دوران اگرکوئی بالقصد شرپسندی پرآمادہ نظرآئے تو اسے نظر انداز کریں کیونکہ ایسے عناصر جان بوجھ کرماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں،ہم رمضان المبارک کے اس پاک مہینے کی تعلیمات کی روشنی میں ان عناصر کے منصوبے خاک میںملادیں ۔اس کے علاو ہ پولیس سخت نگرانی کرے تاکہ کوئی اندیشہ نہ رہے ،ویسے پولیس کی جانب سے رنگ بھرے غبارے وغیرہ پھینکنے کےتعلق سے جو ہدایت دی گئی ہے ،وہ قابل ستائش ہے۔‘‘
 جمعیت اہل حدیث کے نائب صدر مولانا عبدالجلیل نے کہاکہ ’’ دونوں مذاہب کےلوگ ایک دوسرے کاخیال رکھیں تو کوئی مسئلہ پیدا ہی نہیںہوگا اوریہی ہمارے ملک کی گنگا جمنی تہذیب کی نمایاں علامت ہے ۔ ہولی منانے والے ہولی منائیں اورجمعہ کی نمازادا کرنے والے اہتما م سے نماز ادا کریں۔ یہی ہم سب کاپیغام اور اپیل ہےتاکہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو استحکام حاصل ہواورکوئی گڑبڑ نہ ہو۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK