• Mon, 23 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹاٹا پاور کی بجلی کے نرخ میں ۵۸؍ سے۱۲۱؍ فیصد تک اضافہ کی تجویز

Updated: February 02, 2024, 8:14 AM IST | Inquilab News Network | Mumbai

کمپنی کے مطابق زیادہ اور کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کے نرخوں میں یکسانیت لانے کیلئے یہ تجویز پیش کی گئی ہے۔

Tatapower had announced the increase proposal in newspapers. Photo: INN
ٹاٹاپاور نے اخبارات میں اضافہ کی تجویز کا اعلان کیا تھا۔ تصویر : آئی این این

ممبئی میں ساڑھے ۷؍لاکھ صارفین کو بجلی سپلائی کرنے والی ٹاٹا پاور کمپنی نے  ۲۵-۲۰۲۴ ءکے لئے بجلی کے نرخ میں ۵۸ ؍سے ۱۲۱ ؍فیصد اضافہ کی تجویز `مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹر کمیشن  (مرک) کے سامنے پیر کو پیش کی ہے۔ ٹاٹا پاور نے کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے ۵۸ ؍فیصد سے ۱۲۱ ؍فیصد تک جبکہ زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے ۲ ؍سے ۹؍ فیصد تک اضافہ کی پیشکش کی ہے۔ مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹر کمیشن اگر اس اضافہ کی تجویز کومنظور کرتا ہے تو امسال یکم اپریل سے اس کا نفاذ ہوجائے گا۔ ٹاٹا پاور نے پیر کو اخبارات میں پبلک نوٹس کے ذریعہ اس اضافہ کی تجویز کا اعلان کیا تھا۔ البتہ کمپنی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اس نوٹس میں بجلی کے نرخ کی تفصیلات درج کرنے میں کچھ گڑبڑ ہوئی ہے اور جلد ہی اس کا تصحیح شدہ نوٹس دوبارہ شائع کیا جائے گا۔ 
 اس نوٹس کے ذریعہ صارفین سے بجلی بل میں اضافہ پر تجاویز اور اعتراضات طلب کئے گئے ہیں۔ عوام کو ’مرک‘ کے ذریعہ کمپنی کی تجاویز پر سماعت سے قبل اپنی تجاویز اور اعتراضات دینے ہیں۔ البتہ اطلاع کے مطابق رہائشی مکانات کے صارفین کیلئے بجلی بل میں ۲؍ فیصد سے ۱۲۱ ؍ فیصد تک کا اضافہ کیا جائے گا۔ ٹاٹا پاور کے ایک افسر کے مطابق متذکرہ اضافہ زیادہ اور کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے درمیان نرخ میں یکسانیت لانے کیلئے کیا جارہا ہے کیونکہ فی الحال زیادہ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کم بجلی استعمال کرنے والوں کے مقابلے زیادہ مہنگی بجلی استعمال کررہے ہیں۔ اس لئے موجودہ اضافہ خاص طور پر کم بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے ہے۔ کمپنی کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ’مرک‘ نے گزشتہ برس ۲۵-۲۰۲۴ ءکیلئے جو اضافہ تجویز کیا تھا، اس کے مقابلے کمپنی نے جو تجویز پیش کی ہے ،وہ اضافہ زیادہ نہیں ہے۔ 
 ٹاٹا پاور کےمذکورہ افسر کے مطابق کمپنی نے صفر سے ۱۰۰ ؍ یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے ۱۳ ؍فیصد، ۱۰۰ ؍سے ۳۰۰ ؍ یونٹ تک کے صارفین کیلئے ۳ ؍فیصد تک اضافہ کی تجویز پیش کی ہے۔ البتہ ۳۰۰ ؍ یونٹ سے ۵۰۰ ؍ یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے ۱۷ ؍فیصد کی کمی اور ۵۰۰ ؍سے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والوں کیلئے ۲۰ ؍فیصد کمی کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ان تجاویز کا مقصد یہ ہے کہ تمام صارفین یکساں قسم کی قیمت ادا کریں۔
  واضح رہے کہ ایک سال اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ برس اور امسال کا اضافہ جوڑنے پر بجلی کی قیمت میں زیادہ اضافہ نظر آرہا ہے۔ اس دوران ممبئی شہرو مضافات میں بجلی سپلائی کرنے والی بیسٹ، مضافات میں بجلی سپلائی کرنے والی اڈانی اور `ایم ایس ای ڈی سی ایل  (مہاراشٹر اسٹیٹ الیکٹریسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ) کے صارفین کیلئے ’مرک‘ نے گزشتہ برس جو اضافہ منظور کیا تھا وہی رہے گا۔ 
 یہ بھی یاد رہے کہ گزشتہ برس ٹاٹا پاور نے مہاراشٹر الیکٹریسٹی ریگولیٹر کمیشن کی جانب سے طے کئے گئے اضافہ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ۲۴-۲۰۲۳ ءکیلئے بجلی بل میں اضافہ سے انکار کرتے ہوئے اس فیصلے کو ’اپیلیٹ ٹریبونل فار الیکٹریسٹی‘ میں چیلنج کیا تھا۔ اپیلیٹ نے ’مرک‘ کے اضافہ پر روک لگادی تھی جس سے کوئی اضافہ نہیں ہوا اور ٹاٹا پاور کے صارفین کو کافی راحت ملی تھی۔ اب اپیلیٹ نے اس معاملے کو دوبارہ ’مرک‘ کے پاس بھیجتے ہوئے ۲۵-۲۰۲۴ ءکے تعلق سے اضافہ کی تجویز پر فیصلہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK