Inquilab Logo Happiest Places to Work
Ramzan 2025 Ramzan 2025

ٹیچرز کا سنگاپور دورہ: سندھ کھیڑا کی نمائندگی جاتوڑہ ضلع پریشد اردو اسکول کرے گی

Updated: March 24, 2025, 12:51 PM IST | Ismael Shaad | Dhulia

ضلع پریشد اسکولوں کے معیار تعلیم کی بہتری کیلئے ریاست کے ۵۰؍ قابل اساتذہ کو بین الاقوامی تعلیمی دورے کیلئے ۲۲؍ مارچ کو سنگاپور بھیجا گیا ہے۔اس ٹیم میں دھولیہ ضلع کے سندھ کھیڑا تعلقہ کے جاتوڑہ قصبہ کے ضلع پریشد اسکول کے فعال معلم قاضی زبیر شاکرالدین بھی شامل ہیں۔

At the time of Qazi Zubair Sar`s departure. Photo: INN
قاضی زبیر سر کی روانگی کے وقت۔ تصویر: آئی این این

خانگی اسکولوں کے طلبہ کی طرح ضلع پریشد کے طلبہ کو بھی معیاری تعلیم کا فائدہ حاصل ہواس مقصد کے تحت حکومت نے ریاست کے ضلع پریشد کے ۵۰؍ قابل اساتذہ کو بین الاقوامی سطح کے تعلیمی دورے کیلئے ۲۲؍مارچ کو سنگاپور کیلئے  روانہ کیا ہے۔اس ٹیم میں دھولیہ ضلع کے سندھ کھیڑا تعلقہ کے جاتوڑہ قصبہ کے ضلع پریشد اسکول کے فعال معلم قاضی زبیر شاکرالدین سر بھی شامل ہیں۔اس ضمن میں دھولیہ ضلع پریشد کے ایجوکیشن محکمہ سے موصولہ اطلاعات کے مطابق سنگاپور کے تعلیمی دورے کیلئے  دھولیہ ضلع پریشد کے  اسکولوں میں  اقلیتی سماج اورادیواسی سماج کے طلبہ کو انگریزی مضمون پڑھانے والے تقریباً ۱۵؍ اساتذہ کے ناموں کی فہرست اور ان کی قابلیت کے دستاویز ضلع پریشد پرائمری ایجوکیشن محکمے  کی خاتون  افسر کرن کنور نے حکومت کو روانہ کیا تھا۔تاہم مختلف تعلیمی دوروں، سیمینار ،انگریزی زبان پر مہارت و دیگر سرگرمیوں کا خاصہ تجربہ رکھنے والے جاتوڑہ ضلع پریشد اردو اسکول کے معاون معلم قاضی زبیر سر کا سنگاپور تعلیمی دورے کے لیے انتخاب کیا گیا ہے۔دھولیہ ضلع پریشد ایجوکیشن محکمے کے ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ اسٹار پروجیکٹ کے تحت بین الاقوامی سطح کے تعلیمی دورے کے لیے جانے والے قاضی زبیر سر پہلے معلم ہیں جو دھولیہ ضلع کی نمائندگی کریں گے۔
اس ضمن میں ضلع پریشد ایجوکیشن محکمے کی تعلیمی افسر کرن کنور نے سنگاپور تعلیمی دورہ کے متعلق تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا مذکورہ تعلیمی دورہ۲۲؍مارچ سے۲۷؍ مارچ اس طرح یہ ۶؍ دن کا تعلیمی دورہ ہے۔اس تعلیمی دورے کیلئے فی ٹیچر ۲؍ لاکھ روپے کا خرچ حکومت نے منظور کیا ہے۔ تعلیمی دورے کے لیے منتخب ہونے والے جاتوڑہ ضلع پریشد اردو اسکول کے معاون معلم قاضی زبیر نے نمائندہ انقلاب کو بتایا دھولیہ ضلع کے چار تعلقے گرامن، شیرپور، ساکری، سندھ کھیڑا ضلع پریشد اسکولوں سے دو معلم اس طرح۱۶؍اساتذہ کے ناموں کی فہرست کے ہمراہ ان کی قابلیت کے دستاویز بھیجے گئے تھے۔جن میں یہ موقع سندھ کھیڑا تعلقہ کی جاتوڑہ ضلع پریشد اردو اسکول کو ملا ہے۔قاضی زبیر نے مزید بتایا کہ آبادی کی مناسبت سے جس ضلع میں اسکول اور طلبہ کی تعداد زیادہ ہے وہاں سے دو اور جس تعلقے کی آبادی کم ہے اس تعلقے سے ایک معلم کا انتخاب کیا گیا ہے۔ قاضی زبیر کے مطابق سنگارپور دورے پر جانے والے اساتذہ  جدید طریقہ تعلیم کا مطالعہ کرنے اور تربیت حاصل کرکے  اپنے اپنے ضلع  پریشد اسکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کو  نت نئے طریقوں سے انگریزی مضمون پڑھائیں  گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK