• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج یومِ اساتذہ پر ٹیچرس کالا فیتہ باندھ کر کام کریں گے!

Updated: September 05, 2023, 9:31 AM IST | saadat khan | Mumbai

جونیئر کالج ٹیچرس فیڈریشن اور دیگر تعلیمی تنظیموں کا مطالبات پورےنہ کئے جانے اور غیر تعلیمی سرگرمیوں کے خلاف علامتی آندولن کااعلان

A delegation of Akhil Bharatiya Urdu Shikshak Singh giving memorandum to Education Commissioner Suraj Mandre related to non-educational works.
ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے کو غیر تعلیمی کاموں سےمتعلق اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کا وفد میمورنڈم دیتےہوئے

جونیئر کالجوں اوراسکولوں کے تدریسی اور غیر تدریسی عملے کےمتعدد زیر التواء مطالبات پورے نہ کئے جانے اور غیر تعلیمی کاموں کے خلاف ممبئی سمیت ریاست کی کئی یونینوں نے مشترکہ طور پر یومِ اساتذہ( منگل ۵؍ستمبر ) کےموقع پر بازوں پر کالافیتہ باندھ کر علامتی احتجاج کرنےکا اعلان کیا ہے ۔ مہاراشٹر اسٹیٹ جونیئر کالج ٹیچرس فیڈریشن نےجُونی پنشن اسکیم نافذنہ کرنے کےعلاوہ آئی ٹی اساتذہ کو تنخواہ کے پیمانے کےمطابق تنخواہ کی ادائیگی، اساتذہ کی خالی اسامیاں پُر کرنے اورکلاس میں طلبہ کی تعداد اسکول کوڈ وغیرہ کےدفعات کےمطابق ہونے جیسے مطالبات کیلئے جبکہ اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ اور دیگر تنظیموں نے اساتذہ کو غیر تعلیمی کاموں سے آزاد کرنے ، بالخصو ص ناخواندہ افراد کے سروے کی ذمہ داری نہ دینے کا مطالبہ کیاہے۔اسی مقصد کےتحت یومِ اساتذہ پر ان یونینوں نے کالافیتہ باندھ کر اسکول میں ڈیوٹی کرنےکا اعلان کیاہے۔
جُونی پنشن کیلئے جونیئر کالج کاعملہ احتجاج کرےگا    
ریاست کے جونیئر کالج کے اساتذہ اپنے زیر التواء مطالبات کیلئے یوم اساتذہ پر اپنے بازو پر سیاہ پٹی باندھ کر احتجاج کریں گے۔ یہ موقف جُونی پنشن اسکیم کے نفاذ سمیت مختلف مطالبات پورے کرنے کیلئے اٹھایا ہے۔ اسی مناسبت سے اساتذہ یونینوں نے کالے ربن باندھ کر ریاست کے تمام تعلیمی افسران کے سامنے اپنا احتجاج درج کرانےکااعلان  بھی کیا ہے۔
 واضح رہےکہ جونیئر کالج کے اساتذہ نے مختلف مطالبات سے متعلق امسال فروری مارچ میں ہونےوالے ۱۲؍ ویں کے امتحان کے جوابی پرچوں کی جانچ کا بائیکاٹ کیا تھا۔ اس وقت ریاستی حکومت نے ان کے مطالبات تسلیم کرنے کا یقین دلایا تھا۔ حکومت کی جانب سے تحریری یقین دہانی کے بعد اساتذہ نے اپنا احتجاج واپس لے کر ، جوابی پرچوں کی جانچ بروقت مکمل کی۔لیکن حکومت نے ابھی تک ان کےمطالبات پر کوئی حکم جاری نہیں کیا ہے۔ مذکورہ فیڈریشن کی جانب سے بار بار حکومت کی توجہ مبذول کرانے کے باوجود صرف وقت ضائع ہو رہا ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر اسٹیٹ جونیئر کالج ٹیچرس فیڈریشن نے الزام لگایا ہے کہ وزیر تعلیم دیپک کیسرکر بات چیت کیلئے وقت نہیں دے رہے ہیں۔ اسی لئے یوم اساتذہ پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فیڈریشن کے رابطہ کار پروفیسر مُکند اندھالکر کےمطابق ’’اگر حکومت کا یہی رویہ رہا تو فیڈریشن احتجاج کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کرسکتا ہے۔‘‘
غیر تعلیمی سرگرمیوں کیخلاف کالا فیتہ باندھیں گے
 محکمہ تعلیم کی جانب سے اساتذہ کو دیئے جانے والے غیر تعلیمی کاموں سے اساتذہ میں بے چینی بڑھ رہی ہے۔ بالخصوص نوبھارت سروے کےتحت ناخواندہ افراد کی معلومات جمع کرنےکی ذمہ داری سے اساتذہ منع کر رہے ہیں۔ اس تعلق سے متعدد تعلیمی تنظیموں نے ایجوکیشن کمشنر اور ایجوکیشن ڈائریکٹر کو مکتوب دیئے ہیںلیکن محکمہ تعلیم اساتذہ سے سروے کاکام کرنےکی اپیل کررہاہے۔ اس  وجہ سے ان یونینوں نے یومِ اساتذہ پر محکمہ تعلیم کے صدر دفتر پر آندولن کرنےکا اعلان کیاتھا لیکن ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے اور ڈائریکٹر آف ا یجوکیشن مہیش پالکر کی اپیل پر یونینوں نے آندولن کرنےکا فیصلہ واپس لے لیاہے۔ 
اس ضمن میں اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے ریاستی جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے بتایاکہ ’’ہماری تنظیم کے وفد نے اس بارےمیں یکم ستمبر کو ایجوکیشن کمشنر سورج مانڈھرے اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن مہیش پالکر سے ملاقات کرکے غیر تعلیمی کاموں اور نوبھارت سروے کی ذمہ داری سے اساتذہ کو مستثنیٰ رکھنے کی اپیل کی تھی ۔ اس کےجواب میں ان اعلیٰ افسران نے وفد کو ان کاموں سےاساتذہ کو مستثنیٰ رکھنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔ اس کےباوجود ہماری تنظیم نے فیصلہ کیاہےکہ جب تک غیر تعلیمی سرگرمیاںاور نو بھارت سروے کے بارےمیں باقاعدہ یہ اعلان نہیں کیاجاتاکہ ان کاموں سے اساتذہ کو مستثنیٰ رکھاجائے گا ،ہمارااحتجاج جاری رہے گا۔ اسی وجہ سے ہم نے یوم اساتذہ پر بازو پرکالا فیتہ باندھ کر اسکول میں کام کرنے کا اعلان کیاہے۔ اس کے ذریعے ہم اپنی ناراضگی کا اظہار کریں گے۔‘‘
انہوں نے یہ بھی بتایاکہ ’’اعلیٰ افسران کی اپیل پر ہم نے پونے میں ۵؍ستمبر کوہونےوالا آندولن ۲۰؍ستمبر تک ملتوی کردیاہے۔‘‘

Teacher Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK