بہار میں انتخابات کی سرگرمیاں تیز، دہلی کی میٹنگ میں مہاگٹھ بندھن کی تیاریوں کے ابتدائی خاکے پر تبادلۂ خیال کے بعد پٹنہ میں تمام اتحادی پارٹیاں ملیں گی، وزیراعلیٰ کے چہرے پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی
EPAPER
Updated: April 15, 2025, 10:34 PM IST | Patna
بہار میں انتخابات کی سرگرمیاں تیز، دہلی کی میٹنگ میں مہاگٹھ بندھن کی تیاریوں کے ابتدائی خاکے پر تبادلۂ خیال کے بعد پٹنہ میں تمام اتحادی پارٹیاں ملیں گی، وزیراعلیٰ کے چہرے پر ابھی کوئی بات نہیں ہوئی
کانگریس اعلیٰ کمان کے ساتھ منگل کو نئی دہلی میں آر جے ڈی لیڈر تیجسوی یادو کی ملاقات میں بہار انتخابات کیلئے مہاگٹھ بندھن کی تیاریوں کے ابتدائی خاکہ پر تبادلۂ خیال کیا گیاالبتہ سیٹوں کی تقسیم کے فارمولے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ اس درمیان کانگریس قیادت کی جانب سے یہ اشارے ضرور دیئے گئے کہ پارٹی پچھلی بار کی طرح آر جے ڈی کی پسند کی سیٹوں پر الیکشن لڑنے کی غلطی نہیں کرے گی، بلکہ وہ ان سیٹوں پر لڑنے کی ٹھوس تیاری کر رہی ہے جہاں اس کا سیاسی اثر و رسوخ ہے اور اس کی کامیابی کے امکانات زیادہ ہیں۔ یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اس میٹنگ میں وزیراعلیٰ کے عہدہ کیلئے آر جے ڈی کے دعوے پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ اس تعلق سے کانگریس نے ابھی تک اپنا پتہ نہیں کھولاہے۔
اطلاعات کے مطابق کانگریس صدر ملکارجن کھرگے اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ساتھ تیجسوی یادو کی اس میٹنگ میں یہ طے پایا کہ۱۷؍اپریل کو پٹنہ میں سبھی اتحادی پارٹیوںکی ایک میٹنگ ہوگی جس میں سیٹوں کی تقسیم سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سیاسی دائرے کو بڑھانے کیلئے پٹنہ میں ہونے والی اس میٹنگ میں مکیش سہنی کی وکاس شیل انسان پارٹی اور پشوپتی کمار پارس کی آر ایل جے پی کو بھی مہاگٹھ بندھن میں شامل کیا جائے گا۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پشوپتی پارس نے این ڈی اے سے علاحدگی کااعلان کیاہے۔
پٹنہ میں ہونے والی مہاگٹھ بندھن کی انتخابی میٹنگ میں اتحادیوں کے درمیان بہتر تال میل کیلئے مشترکہ کم ازکم پروگرام سے لے کر رابطہ کمیٹی کی تشکیل تک کے مسائل پر بات چیت کا امکان ہے۔تیجسوی یادونے ملکارجن کھرگے کی رہائش گاہ ۱۰؍راجا جی مارگ پر کانگریس اعلیٰ کمان کے ساتھ میٹنگ کے بعد نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے مہاگٹھ بندھن کی انتخابی تیاریوں پر بہت مثبت انداز میں بات چیت کی ہے۔ اس کے بعد۱۷؍اپریل کو پٹنہ میں سبھی اتحادی پارٹیوںکے ساتھ میٹنگ میں انتخابی تیاریوں اور حکمت عملی کو آگے بڑھانے پر بات چیت ہوگی۔ وی آئی پی کےمکیش سہنی بھی پٹنہ میں ہونےوالی میٹنگ میں شرکت کریں گے۔ تیجسوی یادوکومہاگٹھ بندھن کی جانب سےوزیراعلیٰ کاچہرہ قرار دیئے جانے کے سوال پر آر جے ڈی لیڈر نے کہا کہ میڈیا کو اس پر بہت زیادہ قیاس نہیں کرنی چاہئے،اس کا فیصلہ سبھی اتحادی پارٹیاںآپس میں اتفاق رائے سے کرلیں گی۔
ملکارجن کھرگے اور راہل گاندھی کے ساتھ اس میٹنگ میں کانگریس کی جانب سے تنظیم کےجنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال، بہار انچارج کرشنا الاوارو اور بہار ریاستی کانگریس صدر راجیش رام موجود تھے جبکہ تیجسوی یادوکے ساتھ آر جے ڈی کے رکن پارلیمان پروفیسر منوج جھا اور سنجے یادو نے شرکت کی۔ میٹنگ میں سیٹ شیئرنگ کےفارمولے پر فی الحال کوئی بات چیت نہیں ہوئی لیکن کانگریس ذرائع نے بتایا کہ اس جانب واضح اشارہ دیا گیا ہےکہ پچھلی بار کی ۷۰؍ سیٹوں کی تعداد میں دوچار کااضافہ یا کمی ہوسکتی ہے مگر اس بار پسنداُن کی اپنی ہوگی۔ یادرہےکہ پچھلی بار آر جے ڈی نے کانگریس کو۳۰؍ایسی مشکل سیٹیں دی تھیں جو وہ خود چار پانچ انتخابات میں جیت نہیں سکی تھی۔
ملکارجن کھرگے نے میٹنگ کے بعد ایک پوسٹ میں کہاکہ ’’بہار میں اس بار تبدیلی یقینی ہے۔ آج ہم نے تیجسوی یادوکے ساتھ مہاگٹھ بندھن کو مضبوط بنانے پر تبادلۂ خیال کیا ہے۔ آنے والے انتخابات میں ہم بہار کو ایک مضبوط، مثبت، منصفانہ اور فلاحی متبادل دیں گے۔ بہار کو بی جے پی اور اس کے موقع پرست اتحاد سے آزاد کرایا جائے گا۔ نوجوانوں، سماج کے تمام پسماندہ طبقوں، کسانوں، مزدوروں اور دیگر پسماندہ طبقوں کی خواتین مہاگھ بندھن کی حکومت چاہتے ہیں۔‘‘
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اتحاد کے میدان میں اترنے کے بعد بہار کو بی جے پی اور اس کے موقع پرست ’ٹھگ بندھن‘ سے نجات ملے گی۔جب ان سے وزیر اعلیٰ کے چہرے کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بھی تیجسوی کی طرح جواب دیا۔ انہوں نے کہا کہ ’’پتہ نہیں آپ لوگ چہرے کو لے کر اتنے فکرمند کیوں رہتے ہیں؟ سب کچھ بات چیت سے سامنے آ جائے گا۔ آپ لوگوں کیلئے پریشان ہونے کی کوئی بات نہیں۔‘‘انہوں نے مزید کہا کہ ’’جب طے ہوگا تو آپ سب کو بلا کر بتایا جائے گا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ’’نتیش جی کو ہائی جیک کر لیا گیا ہے۔ امیت شاہ کہتے ہیں کہ نتیش جی کی قیادت میں الیکشن لڑا جائے گا لیکن یہ نہیں کہتے کہ وہی وزیر اعلیٰ بنیں گے۔‘‘
کچھ اسی طرح راہل گاندھی نے بھی اپنے واٹس ایپ چینل پر تیجسوی کے ساتھ ہونے والی ملاقات کی تصاویر شیئر کیں اور اسے ایک اہم اور مثبت میٹنگ قرار دیا۔