آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر شدید تنقید کی ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بدھ کو اپنی’ کاریہ کرتا سمواد یاترا‘ کے دوران بکسر پہنچے۔
EPAPER
Updated: January 09, 2025, 11:00 AM IST | Agency | Patna
آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر شدید تنقید کی ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بدھ کو اپنی’ کاریہ کرتا سمواد یاترا‘ کے دوران بکسر پہنچے۔
آرجے ڈی لیڈر تیجسوی یادو نے نتیش کمار پر شدید تنقید کی ۔ اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو بدھ کو اپنی’ کاریہ کرتا سمواد یاترا‘ کے دوران بکسر پہنچے۔ اس موقع پر انہوں نے ایک بار پھر نتیش کمار کو نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آپ۲۰؍ سال تک ایک ہی برانڈ کا بیج لگاتے ہیں تو زمین بھی برباد ہوجاتی ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ نئے برانڈ کے نئے بیج لگائے جائیں، نئی فصلیں لگائی جائیں، تاکہ آنے والی نسلوں کا مستقبل بہتر ہو سکے۔ نتیش کمار ۱۱؍ سال سے وزیر اعلیٰ ہیں، مرکز میں ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ اس کے باوجود بہار کو خصوصی درجہ دینے کا وعدہ ابھی تک پورا نہیں ہواہے۔
تیجسوی یادو نے کہا کہ بہار مسلسل پیچھے ہے۔ وزیر اعلیٰ یاترا پر نکلے ہیں، تین چار بار یاترا کا نام تبدیل کیا گیا ہے۔ آخر کار پرگتی یاترا پر نکل پڑے۔ میرا ماننا ہے کہ یہ پرگتی یاترا نہیں بلکہ درگتی یاتراہے۔ وہ پٹنہ میں چندا فسران کے ساتھ یاترا کررہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ خود تھک چکے ہیں۔ اس یاترا پر۲۵؍ کروڑ روپے سے زیادہ خرچ کر رہے ہیں۔ اگر اب ہمیں خصوصی ریاست کا درجہ نہیں مل سکتا توآخر پھر کب ملے گا؟ اب تک انہوں نے بہار کیلئے کیا کیا ہے؟ کوئی ایک کام بتادیں۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ ہماری حکومت۱۷؍ ماہ اقتدار میں تھی، اس دوران۵؍ لاکھ نوکریاں دی گئیں۔ ہم نے پہلی بار ذات کی بنیاد پر مردم شماری کرائی۔ ہم نے ریزرویشن کی حد۷۵؍فیصد کی ہے۔ ہم نے۵۰؍ ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کیلئے کام کیا۔ ہماری بہت سی حصولیابیاں ہیں۔ آج نوجوانوں کی کیا حالت ہوگئی؟
انہوں نے یہ بھی کہا کہ این ڈی اے نتیش کے دور میں طلبہ پر لاٹھیاں برسائی گئیں ۔ ہمارے دور میں اسی گاندھی میدان میں تقرر نامہ تقسیم کیا گیا تھا۔ ہمارے حکومت میں آنے سے پہلے پیپر لیک ہوتے تھے اور حکومت کے جانے کے بعد بھی پیپر لیک ہو رہے ہیں۔ اب تک کس کیخلاف کارروائی ہوئی؟ میٹرک سے لے کر بی پی ایس سی تک کے پرچے لیک ہو رہے ہیں۔ حکومت نے اب تک کس افسر کے خلاف کارروائی کی ہے؟ ایسا دوبارہ ہونے سے روکنے کے لئے کیا اقدامات کئے گئے ہیں ؟ دراصل پورے بہار میں انارکی پھیل چکی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لالو جی نے صحافیوں کو خاموش کرنے کیلئے کہا تھا کہ نتیش کیلئے دروازے کھلے ہیں۔ ان کا بی جے پی سے تعلق ہے، وہی لوگ حکومت چلا رہے ہیں۔
پرشانت کشور کے سوال کے بارے میں انہوں نے کہا کہ چھوڑو ان سب باتوں کو، اس بار حکومت بنانا ہے۔ ہم اس بات پر زور دے رہے ہیں کہ ہم اپنے بوتھ کو کس طرح مضبوط کریں گے؟ ہم پنچایت سطح پر لوگوں کو کس طرح جوڑیں گے؟
تیجسوی یادو کا کہناتھا کہ تمام مذاہب اور ذاتوں کے لوگوں کو ایک ساتھ لے کر چلنا ہےاور ایک نیا بہار بنانا ہے۔