• Wed, 13 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی کاممبادیوی اسمبلی حلقے میں روڈ شو

Updated: November 10, 2024, 9:46 AM IST | Mumbai

امین پٹیل کی انتخابی مہم میں شرکت ، کرناٹک میں نافذ کی گئی اسکیموں کی تفصیل بتائی،مہاراشٹر میں  ان سہولیات کیلئے ایم وی اے کے حق میں ووٹنگ کی اپیل کی۔

Chief Minister Revanth Reddy in a roadshow with Amin Patel in Mambadevi Assembly Constituency. Photo: INN
وزیراعلیٰ  ریونت ریڈی ممبا دیوی اسمبلی حلقے میں امین پٹیل کے ساتھ روڈ شو میں۔ تصویر: آئی این این

 تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اور کانگریس لیڈر  ریونت ریڈی نے کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیو کمار اور ہماچل پردیش کے وزیراعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو کے ساتھ سنیچر کو کانگریس دفتر میں میڈیا سے خطاب کے بعد  شام کو ممبا دیوی میں کانگریس کے امیدوار امین پٹیل کی انتخابی ریلی میں شرکت کی۔ امین پٹیل جو اسمبلی میں  ممبادیوی حلقے کی لگاتار ۳؍ بار نمائندگی کرچکے ہیں، کو کانگریس نے لگاتار چوتھی بار اپنا امیدوار بنایا ہے۔  ریونت ریڈی نے عوام سے کانگریس کے حق میں ووٹنگ کی اپیل کرتے ہوئے   بتایا کہ تلنگانہ اور دیگر ریاستوں میں کس طرح کانگریس  نےا پنی گیارنٹیاں نافذ کیں۔ انہوں نے امین پٹیل کے ساتھ جے جے، کماٹی پورہ، شنکر پوپالا روڈ، ایم آر روڈ وغیرہ سےگزرتے ہوئے عوام سے ملاقاتیں بھی کیں۔ 
جگہ جگہ شاندار استقبال پر خوشی کااظہار کرتے ہوئے  ریونت ریڈی نےکہا کہ’’ عوام کی محبت کو دیکھتے ہوئے محسوس ہی نہیں ہورہا کہ  میں تلنگانہ میں نہیں ،ممبئی میں   ہوں۔‘‘ انہوں نےاس بھیڑ کو  امین پٹیل سے عوام کی محبت  کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’ایسا محسوس ہوتا ہے کہ انتخابات جیتنے کے بعد انہیں پارٹی کوئی بڑی ذمہ داری دے گی۔‘‘وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی نے ممبئی میں ایک ہی ریلی میں حصہ لیا جو ممبا دیوی میں کانگریس کے امیدوار امین پٹیل کیلئے تھی۔ اس موقع پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ کی عوام کو جو بھی گیارنٹیاں دی تھیں اقتدار میں آنے پر وہ تمام پوری کردی گئی ہیں۔انہوں نے تفصیل فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ  بسوں میں خواتین کو مفت سفر کی سہولت دی گئی ہے، عوام کو رسوئی گیس سلنڈر ۵۰۰؍ روپے میں مہیا کیا جارہا ہے اور ۲۰۰؍ یونٹ تک بجلی مفت دی جارہی ہے ۔ مسلم اکثریتی علاقوں سے گزرتے ہوئے انہوں  نےبتایا کہ ’’تلنگانہ میں ’او بی سی‘ مسلمانوں کو ملازمتوں اور تعلیم میں ۴؍ فیصد ریزرویشن دیا گیا ہے، کسانوں کا قرض معاف کیا گیا ہے اور  بزرگوں کو دی جانے والی ماہانہ پنشن ۲۰۰؍ روپے سے بڑھا کر ایک ہزار روپے کردی گئی ہے۔‘‘
ریونت ریڈی نے کہا کہ یہ باتیں انہوں نے اس لئے کہی ہیں کہ اس الیکشن میں بھی راہل گاندھی اور کانگریس نے مہاراشٹر کی عوام کیلئے بھی جو ۵؍ گارنٹی دی ہیں انہیں بھی برسراقتدار آنے پر پورا کیا جائے گا۔ریونت ریڈی  نے فرقہ پرست طاقتوںکو اقتدار سے بے دخل کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے  کہا کہ یہاں عوام کا جوش و خروش دیکھ کر پتہ چلتا ہے کہ امین پٹیل عوام میں کتنے مقبول ہیں۔  انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہاں عوام کا پیار دیکھ کر انہیں آج یہ پتہ چلا ہے کہ مہاراشٹر میں بھی تلنگانہ بستا ہے اور انہیں یہ محسوس ہی نہیں ہورہا کہ وہ تلنگانہ میں نہیں بلکہ ممبئی میں ہیں۔
شام تقریباً ۵؍ بجے شروع ہونے والی ان کی ریلی جے جے، کماٹی پورہ، شنکر پوپالا روڈ، ایم آر روڈ وغیرہ سے گزرتے ہوئے بیلاسس روڈ پر اختتام پذیر ہوئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK