تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ۔سرکاری وفد کے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں کی۱۰؍ سرکردہ کمپنیوں سے معاہدے۔
EPAPER
Updated: January 24, 2025, 4:32 PM IST | Agency | Hyderabad/Davos
تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ۔سرکاری وفد کے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں کی۱۰؍ سرکردہ کمپنیوں سے معاہدے۔
تلنگانہ حکومت نے سوئزرلینڈ کے داؤس میں جاری عالمی معاشی فورم کی کانفرنس میں۳۲ء۱؍ لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے حصول میں کامیابی حاصل کی ہے۔ تلنگانہ کو ریاست کا درجہ ملنے کے بعد یہ اب تک کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔ گزشتہ سال۴۰؍ ہزار ۲۳۲؍ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری ہوئی تھی۔ رواں سال اس کی ۳؍گنا زائد سرمایہ کاری ہورہی ہے۔ تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی اور وزیر آئی ٹی سریدھر بابو کی زیر قیادت تلنگانہ رائزنگ کے وفد نے کئی صنعتوں کے نمائندوں کے ساتھ کامیاب ملاقاتیں کرتے ہوئے آئی ٹی، مصنوعی ذہانت اور دیگر شعبوں کی۱۰؍ سرکردہ کمپنیوں سے معاہدے کئے۔ توقع ہے کہ ان معاہدوں سے ریاست میں۴۶؍ ہزار ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔ حیدرآباد میں فیوچر سٹی کے لئے حکومت کے ویژن اور۲۰۵۰ء کی تلنگانہ رائزنگ کی حکمت عملی سے یہ عالمی سرمایہ کار یہاں راغب ہورہے ہیں۔ینگ انڈیا اسکل یونیورسٹی، ریجنل رنگ روڈ کی تعمیر اور میٹرو ریل کی توسیع سے اہم سرمایہ کاری کے مرکز کے طور پر تلنگانہ کا موقف مزید مستحکم ہوا ہے۔حال ہی میں کلین اینڈ گرین پالیسی کا اعلان کیا گیا تھا۔ ریاست کی ترقی پزیر صنعتی پالیسیوں نے بھی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں اہم کردار اداکیا ہے۔ عالمی صنعتوں نے حیدرآباد کو کئی شعبوں میں ترقی کے لئے سازگار ماحول کے طور پرتسلیم کیا ہے۔ وزیراعلیٰ ریونت ریڈی نے ریاست کے اس کارنامے پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ریکارڈ توڑ سرمایہ کاری نے عالمی سطح پر تلنگانہ کے بڑھتے اثرو رسوخ کو اجاگر کیا ہے۔ وزیر آئی ٹی سریدھر بابو نے کہا کہ سرمایہ کاری اور ملازمتوں کی فراہمی سے ریاست کی معیشت اور ترقی میں اضافہ ہوگا۔ اس غیرمعمولی کامیابی سے تلنگانہ اختراعات کیلئے پاور ہاوز اور صنعتی سرمایہ کاری کیلئے عالمی مرکز کے طور پر ابھرا ہے۔
تلنگانہ میں امیزون کی۶۰؍ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کا معاہدہ
اسی دوران تلنگانہ نے عالمی سرمایہ کاری کو راغب کرنے میں ایک اور سنگ میل حاصل کیاہے۔ داؤس میں تلنگانہ کے وزیراعلیٰ ریونت ریڈی کی زیر قیادت تلنگانہ رائزنگ کے وفدنے۶۰؍ہزار کروڑ روپے کی سرمایہ کاری کے لئے امیزون ویب سروسیز (اے ڈبلیو ایس) سے تاریخی معاہدہ کیاہے۔ اس معاہدہ کا مقصد حیدرآباد میں اے ڈبلیو ایس کے ڈاٹا سینٹر انفراسٹرکچر کی توسیع کے علاوہ اڈوانسڈ کلاؤڈ اور مصنوعی ذہانت پر مبنی خدمات کے طور پر شہر کی شبیہ کو مزید مستحکم کرنا ہے۔