• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

باندرہ ورلی سی لنک پرحادثہ کا شکار گاڑی سے دیگر کار کی خوفناک ٹکر

Updated: October 06, 2022, 9:51 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

ڈیوٹی پر تعینات گارڈ اور گاڑی والوں کی مدد کرنے والے دیگر مسافروں کو تیز رفتار کار نے کچل دیا، ۵؍ افراد کی موقع پر ہی موت جبکہ ۱۰؍ لوگ بری طرح زخمی، لاپروائی سے گاڑی چلانے والا ڈرائیور گرفتار

Vehicles destroyed in the accident can be seen (Photo: PTI)
حادثے میں تباہ ہونے والی گاڑیوں کو دیکھا جا سکتا ہے ( تصویر: پی ٹی آئی)

منگل اور بدھ کی شب ۲؍ بجکر ۳۵؍ منٹ پر باندرہ ورلی سی لنک پر اس وقت انتہائی درد ناک حادثہ پیش آیا جب ایک  کار ڈرائیور نے انتہائی تیز رفتار اور لاپروائی سے گاڑی چلاتے ہوئے تین کار ٹوئنگ وین اور ایمبولنس کو ٹکر مار دی اور ساتھ ہی ورلی سی لنک ٹول ناکہ کے گارڈ ، سپر وائزر اور ملازمین کو کچل دیا۔ اس حادثہ میں۵؍ افراد ہلاک اور ۱۰؍ لوگ زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کیلئے نائر ، جے جے ، گلوبل ،بریج کینڈی اور لیلا وتی اسپتال میں داخل کروایا گیا ہے ۔
  حادثہ میں فوت پانچوںافراد ان میںسومناتھ پوپٹ (ایمبولنس  ڈرائیور) ، چیتن کدم ،ستیندر سنگھ ،راجندر سنگھ اور گجراج لودھانا  باندرہ ورلی سی لنک پر روڈ وے سیلویشن انڈا انفرا لمیٹیڈ کے ملازم تھے اور سی لنک پر ڈیوٹی پر تعینات تھے ۔  زخمیوں میں ہیمنت تورسکر ، عالیہ بٹین ،کرشنا یادو ، نیل اوورا ،سدھارتھ جوئل،شیوانی نائر ، انکوج تنہا ،ریحان پٹیل ، شان فورچل اور حادثہ کا سبب بننے والا کریٹا کار کا ڈرائیور و مالک عرفان عبدالرحیم بلکیا شامل ہیں ۔ ورلی پولیس نے لاپروائی سے گاڑی چلانے ،لین کٹنگ کرنے اور ۵؍ افراد کی موت کے علاوہ ۱۰؍ افراد کے زخمی ہونے کا سبب بننے کے الزام میںملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے ۔
   ڈپٹی کمشنر آف پولیس یوگیش ورمان نے بتایا کہ ورلی سی لنک پر ایک سوئفٹ کار کا ٹائر پھٹ گیا ا ور وہ پول نمبر ۶۷؍ سے ٹکرا کر رک گئی ۔  سی لنک پر تعینات گارڈس اور ایمبولنس ڈرائیورکے علاوہ ٹوئنگ گاڑی کا عملہ گاڑی سمیت ان کی مدد کیلئے وہاں پہنچ گیا ۔ اسی درمیان ایک بلینو کار اور مرسیڈیس کار میں سوار ڈیفنس افسر جوڑا بھی کار روک کر ان کی مدد کیلئے اتر آیا ۔اسی درمیان جب سوئفٹ کار میں زخمی ہونے والے لوگوں کو نکال کر ایمبولنس میں لے جانے کی تیاری ہورہی تھی ، کریٹا کار کا ڈرائیور جو دوسری لین میں انتہائی تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے آرہا تھا ، اپنا توازن کھو بیٹھا اور چوتھی لین میں حادثہ کا شکار  سوئفٹ ، بلینو اور مرسیڈیس کار کو ٹکر مارتے ہوئے سی لنک پر لوگوں کو بچانے  میں مصروف عملہ کو روند دیا ۔ ‘‘
  ورلی پولیس کے سینئر  انسپکٹر انل کولی نے بتایا کہ سوئفٹ کار کو پیش آنے والے حادثہ کے بعد اس حصہ کو بلاک کر دیا گیا تھا اور میگنٹ کی لال چھڑی سے خطرے کا اشارہ بھی کیا جارہا تھا اس کے باوجود کریٹا کار کے ڈرائیو ر نے  انتہائی لاپروائی سے گاڑی چلائی اور  ۵؍ لوگوں کی موت کا سبب بنا ۔ انہوںنے  کہا کہ حادثے میں ملزم ڈرائیور عرفان جوپیشہ سے ڈیولپر ہے معمولی طور پر زخمی ہوا تھا،  وہ وہاں سے تنہا سیفی اسپتال پہنچا  اور علاج کے بعد گھر روانہ ہو گیا ۔  پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ اور گاڑی سے ملے کاغذات کی بنا پر محمد علی روڈ پر واقع اسے اس کے مکان سے گرفتار کر لیا ۔
 مہلوکین کو نائر اسپتال لایا گیا تھا جہاں اہل خانہ اور دوست احباب کا ہجوم موجود تھا ۔مہلوک سومناتھ پوپٹ کے رشتہ دار ساگر دامو نے بتایا کہ ’’سومناتھ اپنے اہل خانہ کا واحد کفیل تھا ، اسکے ۵؍ اور ۷؍ سال کے ۲؍ بیٹے ہیں اور ایک ڈھائی سال کی بیٹی ہے۔ ایک مہینہ پہلے ہی اس نے ورلی سی لنک پر ڈیوٹی جوائنٹ کی تھی ۔‘‘وہیں مہلوک چیتن کدم کے دوستوں کلپیش  اور اکشے کا کہنا تھا کہ ’’ آج کئی لوگوں کی جان بچانے والا جان بچاتے بچاتے اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ۔ ‘‘ بعد ازیں  نائر اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد تین مہلوکین کی لاش اہل خانہ کے حوالہ کر دی گئی، جبکہ ستیندر سنگھ اور راجندر سنگھ کے اہل خانہ کو حادثہ کی اطلاع دی گئی ہے ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK