Updated: April 23, 2025, 11:49 PM IST
| New Delhi
پہلگام میں حملہ کرنےوالے ۳؍ دہشت گردوں کےخاکے جاری، ماسٹر مائنڈ کی بھی شناخت، سراغ دینےوالوں کیلئے ۲۰؍ لاکھ کے انعام کا اعلان، دہشت گردوں کی حمایت پر
اسلام آباد کے ساتھ سفارتی تعلقات میں تخفیف، سندھ آبی معاہدہ پر روک۔ ہندوستان میں موجود تمام پاکستانیوں کو یکم مئی سے قبل ملک سے نکل جانے کا حکم، اٹاری چیک پوسٹ بند
پہلگام حملے میں فوت ہونےوالے مغربی بنگال کے سمیر گوہا کے اہل خانہ ان کا جسد خاکی ملنے پر روتے بلکتے ہوئے دیکھا جاسکتاہے۔ ( پی ٹی آئی)
پہلگام حملے کے پس پشت موجود ہر دہشت گرد اوراس کے حامی کو ڈھونڈ نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے سیکوریٹی ایجنسیوں نے سیاحوں پر فائرنگ کرنےوالے ۳؍ جنگجوؤں کے خاکےبدھ کو جاری کردیئے جبکہ حملے کے ماسٹر مائنڈ صفی اللہ قصوری کی بھی شناخت کرلی گئی ہے جو پاکستان میں مقیم ہے۔ بدھ کو نئی دہلی میں یکے بعد دیگرے اعلیٰ سطحی میٹنگوں کا سلسلہ جاری رہا۔ سرحد پار سے دہشت گردی کو دی جانےوالی حمایت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے حکومت نے پاکستان کے ساتھ سفارتی تعلقات میں تخفیف کردی ہے، ۱۹۶۰ء کے سندھ آبی سمجھوتہ پر روک لگادی گئی ہے اور اٹاری بارڈر کو بند کردیاگیاہے۔ اتنا ہی نہیں ہندوستان میں موجود تمام پاکستانیوں کے ویزے منسوخ کرتے ہوئے انہیں ہندوستان سے نکل جانے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیراعظم کی قیادت میں اعلیٰ سطحی میٹنگ
پہلگام میںدہشت گردانہ حملے کے حوالہ سے ہندوستان نے پاکستان کے خلاف ’’سفارتی اسٹرائیک‘‘ کرتے ہوئے ’’پانچ پابندیاں‘‘لگانے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جو سعودی عرب کا اپنا دورہ مختصر کرکے ہندوستان لوٹ آئے ہیں، کی صدارت میں بدھ کی شام مرکزی کابینہ کی سلامتی امور کی کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ میں پاکستان کے ساتھ سندھ آبی معاہدے کو روکنے، اٹاری چیک پوسٹ کو بند کرنے اور سارک ویزا کے تحت ہندوستان میں داخل ہونےولے تمام پاکستانی شہریوں کو یکم مئی سے قبل ملک سے نکل جانے کیلئے کہاگیاہے ۔ ان کے علاوہ بقیہ دو اہم فیصلوں میں پاکستانی ہائی کمیشن میں پاک فوج، فضائیہ، بحریہ کے مشیروں کو ناپسندیدہ افراد قرار دینا اور اسلام آباد میں ہندوستانی ہائی کمیشن سے تینوں افواج کے ایڈوائزرس کو واپس بلا لیناہے۔ پاکستانی سفارتخانہ میں موجود پاک فوج کے مشیروں کو بھی واپس جانا پڑیگا۔
سفارتخانوں میں عملہ کی تعداد کم کردی گئی
ایک اور بڑے فیصلے میں اسلام آباد میں انڈین ہائی کمیشن اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں معاون عملے کی تعداد۵۵؍ سے کم کر کے ۳۰؍ کرنےکافیصلہ کیاگیاہے۔ حکومت ہند کو امید ہے کہ ان فیصلوں سے پاکستان پر شدید اقتصادی اثرات مرتب ہوں گے۔ ہندوستان نے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ پاکستان جب تک دہشت گردوں کی حمایت سے قرار واقعی باز نہیں آجاتا، اس کے خلاف اقدامات واپس نہیں لئے جائیں گے۔ ان فیصلوں کی اطلاع قومی سلامتی سے متعلق کابینہ کمیٹی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد خارجہ سیکریٹری وکرم مصری نے ایک پریس کانفرنس میں دی۔
نئی دہلی میں ہنگامی میٹنگیں،ا ہم فیصلے
کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کی مذکورہ میٹنگ میں مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجہ ایس جے شنکر موجود تھے۔ قبل ازیں وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے قومی سلامتی کے مشیر ڈوبھال کے ساتھ بات چیت کی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ اور دیگر حکام کے ساتھ میٹنگ کی۔
۲؍گھنٹے سے زائد تک جاری رہنے والی میٹنگ میں جموں کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اُدھر مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ منگل سے سری نگر میں موجود تھے جنہوں نے مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقاتیں کیں اور حملہ کرنےوالے دہشت گردوں کو نہ بخشنے کا اعلان کیا۔ حملے میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات میں انہوں نے مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا یقین دہانی کرائی۔
حملے کا سخت جواب دیا جائےگا: راج ناتھ
وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے اس حملے کے بعد صاف طو ر پر کہا ہےکہ اس حملے کا سخت جواب دیا جائے گا۔ دہلی میں ایک تقریب کے دوران راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ’’ہم نے کئی جانیں گنوائی ہیں، ایک خاص طبقہ کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ ہم مقتولین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہیں۔ میں ملک کے عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ حکومت ہر وہ قدم اتھائے گی جو ضروری اور مناسب ہوگا۔ گناہ گاروں اور اس حملے کے پیچھے چھپے لوگوں تک پہنچا جائے گا۔ یہ غیر انسانی عمل ہے اور میں گہرے صدمہ میں ہوں، جلد ہی اس کا نتیجہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔‘‘
۲۰؍ لاکھ کے انعام کا اعلان
جموں کشمیر پولیس نے پہلگام میں سیاحوں پر حملہ کرنےوالے ۳؍ افراد کے خاکے جاری کر دیئے ہیں۔ ان کے بارے میں اطلاع فراہم کرنے والے کیلئے ۲۰؍ لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان بھی کیا گیاہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد مفرور دہشت گردوں کی شناخت اور گرفتاری کو ممکن بنانا نیز انہیں جلد از جلد قانون کے کٹہرے میں لانا ہے۔پولیس کے ترجمان نے بدھ کوبتایاکہ ’’پہلگام دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات ہر زاویہ سے جاری ہیں۔ سیکوریٹی ایجنسیاں سرگرمی سے کام کر رہی ہیں اور ایسے میں اگر کوئی فرد حملہ آوروں کے بارے میں مصدقہ اطلاع فراہم کرتا ہے، تو اسے۲۰؍ لاکھ روپے بطور انعام دیا جائے گا۔ ساتھ ہی اس کی شناخت کو مکمل رازداری میں رکھا جائے گا۔‘‘
بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن
حملہ آوروں کو جلد از جلد انجام تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور خفیہ ایجنسیوں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دہشت گردانہ حملے کی تحقیقات میں جموں کشمیر پولیس کی مدد کیلئے نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی ایک ٹیم نے بھی حملے کی جگہ کا دورہ کیا۔ سیکوریٹی فورسیز نے ذمہ داروں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ پورے جموں کشمیر میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
۲۶؍ مہلوکین کی شناخت، ایک غیر ملکی
پہلگام میں فوت ہونےوالے ۲۶؍ بے گناہ افراد کی تفصیلات منظرعام پر آ گئی ہیں۔ ان میں ہندوستانی فضائیہ کا کارپورل، بحریہ کا افسر، ایکسائز انسپکٹر اور کرناٹک کا ایک تاجر بھی شامل ہے۔ہلاک ہونے والوں میں پہلگام کا ایک مقامی نوجوان بھی شامل ہے۔ متوفی کے رشتہ داروں کا کہنا ہے کہ اُن کے لختِ جگر نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کو روکنے کی بھرپور کوشش کی۔ مہلوکین میں ایک غیر ملکی شہری شامل ہے۔ مہلوکین میں ہریانہ، کرناٹک، بنگال، اتراکھنڈ، مہاراشٹر، آندھرا ،مدھیہ پردیش، ادیشہ ، اروناچل، گجرات اور یوپی کے شہری شامل ہیں۔