• Thu, 30 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھانے:فضائی آلودگی روکنے کیلئے ڈیولپرس کو کام بند نوٹس

Updated: January 25, 2025, 5:35 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

تھانے میونسپل کارپوریشن کی کارروائی ، ۳۱۷؍ میں سے ۱۸۲؍ ڈیولپرس سے جرمانہ وصول کرنے کا دعویٰ

Notices have been issued to developers who have failed to control air pollution. File photo
فضائی آلودگی پر قابو پانے میں ناکام ڈیولپرس کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ فائل فوٹو

تھانے: تھانے کے سٹی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کی حدود میں تعمیراتی کام کے دوران فضائی آلودگی کو روکنے کے قواعد پر عمل نہ کرنے پر ۷؍ ڈیولپرس کو کام بند کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ شہری انتظامیہ نے ۱۴؍اور ۱۶؍جنوری کو کل ۳۱۷؍ ڈیولپرس کو آلودگی پر قابو پانے کیلئے فضائی آلودگی کنٹرول کے رہنما خطوط پر عمل کرنے کی ہدایت دی تھی ورنہ کام روکنے کے احکام جاری کئے تھے۔ ان میں سے ۱۸۲؍ مقامات پر جرمانہ وصول کارروائی کی گئی ہے اور ۹؍ لاکھ ۲۵؍ ہزار روپے جرمانہ بھی وصول کیا گیا ہے۔ ان ضابطوں پر عمل نہ کرنے والے ۱۲۰؍ ڈیولپرس کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کئے گئے۔ جن لوگوں نے قواعد کی تعمیل کی اطلاع دی ہے ان کی تصدیق کی جا رہی ہے۔ 
  شہری منصوبہ بندی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر سنگرام کناڈے نے بتایا کہ فضائی آلودگی کو روکنے کے قواعد کی تعمیل نہ کرنے پر جن ۷؍ ڈیولپرس کو نوٹس جاری کئے گئے تھے، ان کو کام روکنے کا حکم دیا گیا ہے ان میں ماجھی واڑہ میں واقع اسکائی لائن انفرا، اشٹ ونائک انٹرپرائزز اور سروس روڈ پر واقع پدمانابھا ڈیولپرس، تھانے میں سُیاش پاٹنکر، پارسک علاقے میں سرسوتی انٹرپرائز اور جے پراپرٹیز، کلوا میں سدھی ونائک شامل ہیں ۔ 
  افسرکے بقول میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے ہائی کورٹ کی طرف سے دی گئی فضائی آلودگی پر قابو پانے کے ضوابط اور ہدایات پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس حوالے سے یہ بھی واضح کیا گیا کہ محکمہ ماحولیات کو تمام تعمیراتی مقامات کا اچانک دورہ کرتے ہوئے تمام قوانین پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے۔ اس معائنہ کے دوران قواعد و ضوابط کی تعمیل نہ کرنے والے تعمیراتی مقامات کی رپورٹس موصول ہونے کے بعد، سٹی ڈیولپمنٹ ڈپارٹمنٹ نے۱۴؍ وار ۱۶؍ جنوری کے درمیان تعمیراتی کام روکنے کے لئے ڈیولپرس کو نوٹس جاری کیا تھا۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK