• Thu, 09 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھانے : لاکھوں روپے فیس لینے والی انجینئرنگ کی ٹیوشن کلاس اچانک بند

Updated: January 09, 2025, 11:41 AM IST | Inquilab News Network | Thane

۲۰۰ سے زائد طلبہ پریشان، پولیس میں شکایت درج۔ ۳؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی دھوکہ بازی کا الزام۔

Picture: INN
تصویر: آئی این این

تھانے ،(اسٹاف رپورٹر):یہاں کے جامبلی  ناکہ بازار پیٹھ کے سبھاش چندر روڈ  پر واقع   پرائیویٹ ٹیوشن انسٹی  ٹیوٹ نے طلبہ اور  والدین سے لاکھوں روپے پیشگی فیس لینے کے بعد اچانک کلاس بند کر دی  ۔ یہاں انجینئرنگ کے۲۰۰؍ سے زائد طلبہ ٹیوشن لے رہے تھے۔ تمام والدین جمع ہوکر تھانے نگر پولیس اسٹیشن پہنچے اور ٹیوشن انسٹی ٹیوٹ کے خلاف تقریباً ۳؍ کروڑ روپے کی دھوکہ بازی کی شکایت درج کرائی۔   پولیس نے ٹیوشن کلاس کے خلاف کیس درج کرلیا ہے۔
 جامبلی ناکہ مارکیٹ میں ٹیوشن کلاس ۲۰۱۳ء جاری تھی۔مذکورہ ادارہ گیارہویں سے بارہویں جماعت کے وہ طلبہ جو انجینئرنگ میں داخلہ کے خواہشمند ہیں، انہیں  آئی آئی ٹی اور جے ای ای کیلئے ٹیوشن دے رہا تھا۔ اپریل۲۰۲۴ء میں اس انسٹی ٹیوٹ میں ۲۰۰؍ سے زائد طلبہ کو داخلہ دیا گیا۔ ادارے کی طرف سے دو سال یعنی گیارہویں اور بارہویں کیلئے ۶؍ لاکھ روپے وصول کئےجا رہے تھے لیکن اس انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لینے سے قبل طلبہ کا  داخلہ امتحان لیا جاتا تھاجس میں اچھے نمبر حاصل کرنے والے طلبہ کو فیس میں رعایت دی گئی تھی۔ طلبہ کی کلاسیں۲۵؍ نومبر تک جا ری رہیں۔ اس کے بعد اس انسٹی ٹیوٹ کی پونے شاخ کسی تکنیکی وجہ سے بند ہو گئی تھی۔
 طلبہ کے سرپرستوں نے تھانے برانچ سے رابطہ کیا۔ اس وقت عملے نے ان سے کہاکہ تھانے برانچ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ تاہم چند ہی دنوں میں تھانے کی اسی ٹیوشن کلاس کی میٹنگ کافوٹیج سوشل میڈیا پر والدین کو موصول ہواجس میں جب تھانے انسٹی ٹیوٹ کے ایک ٹیچر نے انسٹی ٹیوٹ کے ڈائریکٹر سے وقت پر تنخواہ نہ دینے کے بارے میں سوال کیا تو انہیں فوری طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد جب تمام والدین نے تھانے برانچ کے سربراہ سے اس معاملے کے بارے میں پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ تھانے کے ادارے کی مالی حالت خراب ہے اور وہ پڑھائی جاری نہیں رکھ سکتے۔کلاس میں موجود افسر نے سرپرستوں سے کہا تھا کہ اگر انہیںاس بارے میں سوال پوچھنا ہےتو ڈائریکٹر سے رابطہ کریں۔انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر آپ اپنے بچوں کو تھانے انسٹی ٹیوٹ کے بجائے دہلی برانچ میں داخل کراتے ہیں تو ۵؍ ہزار روپے فیس ادا کر کے ایسا کر سکتے ہیں۔ طلبہ کو آن لائن ٹیوشن ملے گا۔ تاہم والدین نے ادارے کی اس پیشکش کو مسترد کر دیا کیونکہ وہ پہلے ہی تھانے کی کلاس پر اعتماد کرتے ہوئے مالی نقصان اٹھا چکے تھے اور وہ دوبارہ اس کا سامنا نہیں کرناچاہتے تھے۔  بعدازیں تمام والدین ٹیوشن انسٹی ٹیوٹ کے خلاف تھانے نگر پولیس  اسٹیشن پہنچے اور دھوکہ بازی کی شکایت درج کروائی تھی۔
  اس ضمن میں تھانے نگر پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر  سندیپ چوان نے کہا کہ یہ مقدمہ پیر کو اس وقت درج کیا گیا جب کچھ طلبہ نے اس ادارے کے خلاف شکایت درج کروائی جس کی ملک کے مختلف حصوں میں شاخیں ہیں۔ انہوں نے شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انسٹی ٹیوٹ نے جنوری۲۰۲۴ء سے جے ای ای  کے طلبہ سے تقریباً ۳؍ کروڑ ۲۰؍ لاکھ روپے لئے تھے  اور اچانک آفس اور کلاسیں بند کر دیں۔ اس معاملے کی جانچ جاری ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK