• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھانے: مرباڈ کے پہاڑی گاؤں میں سڑک نہ ہونے سے مریضوں کو دشواریوں کا سامنا

Updated: July 01, 2024, 2:16 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Murbad

مریضوں اور حاملہ خواتین کو رشتہ دار چادر کی ڈولی میں اسپتال لے جانے پر مجبور، پکی سڑک نہ ہونے سے گاڑی لے جانا مشکل ہوتا ہے۔

The woman`s relatives are taking her to the hospital by making a blanket. Photo: INN
خاتون کے رشتہ دار چادر کی ڈولی بناکر اسے اسپتال لے جا رہے ہیں۔ تصویر : آئی این این

خواتین کی فلاح وبہبود کیلئے مہاراشٹر حکومت مختلف اسکیمیں نافذ کررہی ہے۔ حال ہی میں پیش ہوئے عبوری بجٹ میں ریاستی حکومت نے خواتین کو رجھانے کیلئے’ `مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن یوجنا‘ ` کا اعلان کیا ہے۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے تھانے ضلع کے مرباڈ تعلقہ کے ایک قبائلی گاؤں میں سڑک کی عدم موجودگی کے سبب مریضوں کو چادر کی ڈولی میں ڈال کر سرکاری اسپتال لے جایا جارہا ہے۔ ۵ ؍روز قبل ایک پہاڑی گاؤں کی خاتون کو اچانک درد زہ اٹھا۔ چونکہ بارش میں گاؤں تک پہنچنے کا راستہ انتہائی خستہ ہوجاتا ہے اس لئے کوئی گاڑی یہاں پہنچ نہیں پاتی۔ خاتون کی تکلیف کے پیش نظر گاؤں کے چند نوجوانوں نے چادر کو بانس سے باندھ کر ڈولی بنائی اور حاملہ خاتون کو سرکاری اسپتال لے گئے۔ جہاں اس نے بچے کو جنم دیا۔ 
  واضح رہے کہ چند روز قبل نندوبار سے خبر آئی تھی کہ ایک حاملہ خاتون نے چادر کی ڈولی میں ہی بچے کو جنم دیا۔ ایسا ہی ایک واقعہ مرباڈ تعلقہ کے کاتکری پاڑہ میں پیش آیا۔ ۲۴؍ جون کو چترا جادھو (۲۶) نامی حاملہ خاتون کو اچانک درزہ اٹھا۔ چونکہ بارش میں گاوں تک پہنچنے کا کچا راستہ انتہائی خراب ہوجاتا ہے اس لئے یہاں کوئی بھی گاڑی پہنچ نہیں پاتی ہے۔ چترا جادھو جب درد سے تڑپنے لگی تو اہل خانہ اور چند نوجوان نے چادر کو بانس سے باندھ کر ایک ڈولی بنائی اور کندھوں پر اٹھا کر اسے سرکاری اسپتال پہنچایا۔ اس دن کافی تیز بارش ہورہی تھی اس کے چترا کے جسم پر پلاسٹک ڈال دی گئی تھی۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے ڈولی کو کندھوں پر اٹھائے نوجوانوں کے پیر بھی پھسل رہے تھے۔ 
 سابق سرپنچ راجا رام ہیرم نے بتایا کہ مرباڈ اسمبلی سے بی جے پی رکن اسمبلی کشن کتھورے ۳؍ بار منتخب پوچکے ہیں۔ ۱۰ ؍سال سے یہاں رکن پارلیمان کپل پاٹل تھے جن کا تعلق بھی بی جے پی سے تھا۔ مرباڈ گرام پنچایت بی جے پی کے قبضہ میں ہے اور سونے پہ سہاگہ یہ تعلقہ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے ضلع میں آتا ہے۔ اس کے باوجود یہاں نہ صرف بنیادی سہولیات کا فقدان ہے بلکہ کئی پہاڑی گاؤں ایسے ہیں جہاں پکی سڑک نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال خاتون سرپنچ بارکو بائی کشن کو سانپ نے ڈس لیا تھا۔ ایمبولنس نہ ملنے کی وجہ سے متاثرہ خاتون کو چادرکی ڈولی میں ڈال کر اسپتال لے جایا جارہا تھاکہ راستہ میں ہی ان کی موت واقع ہوگئی تھی۔ گاؤں اب بھی پکی سڑک بننے کے منظر ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK