Inquilab Logo Happiest Places to Work

تھانے: ماجھی واڑہ بریج ۲۰؍اپریل تک رات میں بند

Updated: April 07, 2025, 11:20 AM IST | Shahab Ansari | Thane

میٹرو ۴؍ کے تعمیراتی کام کی وجہ سے ۵؍ اپریل سے بریج روزانہ رات ۱۰؍ بجے سے صبح ۵؍ بجے تک بند رکھا جائے گا، گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر۔

The closure of Majhiwara flyover for vehicular traffic for the construction of a metro station is causing difficulties. Photo: INN.
میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کیلئے ماجھی واڑہ فلائی اوور گاڑیوں کی آمدد رفت کیلئے بند کرنے سے دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تصویر: آئی این این۔

تھانے میں میٹرو اسٹیشن کی تعمیر کی وجہ سے ماجھی واڑہ فلائی اوور کو ۱۵؍ دنوں تک روزانہ رات کو بند رکھا جارہا ہے۔ یہ بریج ۵؍ اپریل سے ۲۰؍ اپریل تک روزانہ رات ۱۰؍ بجے سے صبح ۵؍ بجے تک بند رہے گا۔ واضح رہے کہ تھانے سے ایک راستہ ممبئی۔ ناسک ہائی وے اور دوسرا گھوڑ بندر روڈ کے لئے جاتا ہے اور ماجھی واڑہ بریج ان دونوں اہم راستوں کو جوڑتا ہے اس لئے یہ انتہائی اہم بریج کی حیثیت رکھتا ہے۔ 
فی الحال ماجھی واڑہ میٹرو اسٹیشن کی چھت کی تعمیر کا کام جاری ہے جس کی وجہ سے مذکورہ بریج کو رات کے اوقات میں گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند رکھا جارہا ہے۔ اس تعمیراتی کام میں ’جیک بیم‘ نصب کرنے کے علاوہ ’رافٹ‘ نصب کیا جائے گا۔ اس کام کیلئے ۶۰؍ ٹن کی موبائل کرین استعمال کی جائے گی۔ 
اس کام کو انجام دینے کیلئے کرین کو جیوپیٹر اسپتال کے قریب ماجھی واڑہ فلائی اوور کے سرے پر کھڑی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس قوی ہیکل کرین کے بریج کے سرے پر کھڑی ہونے کے سبب گاڑیوں کی آمدورفت مشکل ہوجائے گی۔ اس دوران گاڑیوں کو متبادل راستوں سے گزرنے کو کہا گیا ہے۔ 
تاہم اس تبدیلی کی وجہ سے گاڑیوں کی آمد و رفت متاثر ہو رہی ہے اور ٹریفک جام بھی ہورہا ہے اور وقت اور ایندھن کی بربادی کی وجہ سے مسافروں کو دقت بھی پیش آرہی ہے۔ راستہ بند ہونے سے ممبئی سے جیوپیٹر اسپتال وائی جنکشن مارگ گھوڑ بند ر روڈ یا بھیونڈی کی طرف جانے والی تمام گاڑیوں کیلئے ویویانا مال کے سامنے بریج کو بند کر دیا گیا ہے۔ اس لئے اس راستے سے جانے والی گاڑیوں کو جیوپیٹر اسپتال کے سامنے راستے پر سیدھے جاکر کاپر باوڑی سرکل سے اپنی منزل کی طرف جانا پڑ رہا ہے۔ اسی راستے سے ناسک جانے والی گاڑیوں کو ویویانا مال کے سامنے سیدھے جاکر گولڈن کراس مارگ سے اپنی منزل کی طرف جانا ہوگا۔ البتہ ٹریفک پولیس نے یہ وضاحت کی ہے کہ ایمبولنس، فائربریگیڈ، گرین کاریڈور، آکسیجن گیس لے جانے والی اور ان جیسی اہم خدمات کی گاڑیوں کو ماجھی واڑہ فلائی اوور سے گزرنے دیا جائے گا۔ 
واضح رہے کہ میٹرو ۴؍ کے کام کیلئے متذکرہ بریج کو بند کیا گیا ہے۔ یہ وڈالا سے کاسروڈولی تک ۳۲ء۳۲؍کلو میٹر طویل میٹرولائن بن رہی ہے جس پر ۳۰؍ اسٹیشن ہوں گے۔ اس لائن کی ایک خصوصیت یہ ہے کہ اس لائن سے ایسٹرن ایکسپریس روڈ وے، سینٹرل ریلوے، مونو ریل اور زیر تعمیر میٹرو لائن ۲۔ بی (ڈی این نگر سے منڈالے)، میٹرو لائن ۵ (تھانے سے کلیان) اور میٹرو لائن ۶ (سوامی سمرتھ نگر سے وکھرولی) پر جانا ممکن ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK