• Sun, 08 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھانے: ساتویں منزلہ سے مانسون شیڈ فٹبال ٹرف پر گرا، ۶؍ لڑکے زخمی

Updated: June 23, 2024, 10:05 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

حادثہ کے وقت فٹبال میچ جاری تھا۔ زخمی لڑکوں کی عمر ۱۵؍ سال ،سبھی کو مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔

A shed can be seen falling on the turf. Photo: INN
ٹرف پر شیڈ گرا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر : آئی این این

 چند دنوں سے تھانے اور آس پاس کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ اسی دوران  ہورڈنگز کے بعد اب مانسون شیڈ گرنے کے بھی واقعات رونما ہونے لگے ہیں۔ جمعہ کی رات طوفانی ہوا کے ساتھ ہونے والی بارش کے سبب تھانے میں ۷؍ منزلہ عمارت کے ٹیرس پر لگایا گیا پترے کا مانسون شیڈ قریب ہی میں واقع میونسپل فٹبال ٹرف پر گرا۔ حادثہ کے وقت وہاں لڑکے فٹبال میچ کھیل رہے تھے اور مانسون کے مذکورہ شیڈ کی زد میں آنے سے ۶؍ لڑکے زخمی ہو گئے۔ انہیں مقامی اسپتال  میںداخل کرایا گیا ہے۔ زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
 اس سلسلے میں تھانے میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ سے حاصل کی گئی اطلاعات کے مطابق تھانے کے گونڈ باغ علاقےمیں واقع  ۷؍ منزلہ رونق پارک، بی ۲؍ عمارت کے ٹیرس پر  جو پترے کا مانسون شیڈ لگایاگیاتھا وہ تیز ہواؤں کے سبب  قریب واقع تھانے میونسپل کارپوریشن کے ٹرف پر گرا۔یہ حادثہ جمعہ کی رات ساڑھے ۹؍ بجے ہوا۔ 
اس وقت ٹرف میں لڑکے فٹبال کھیل رہے تھے۔ اس حادثہ میں ۶؍ لڑکے زخمی  ہوئے ہیں۔ ان میں شبھم کرپے(۱۵)، آرین ایر(۱۵)، سدانت رواسیا (۱۵)، ابھیگیان ڈی(۱۵) ، ایشان گونزالیز (۱۵)، اور ایان خان (۱۵) شامل ہیں۔ ان لڑکوں کو سر میں چوٹ آئی ہے۔ انہیں علاج کیلئے بیتھنی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔ سبھی کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔
 میونسپل ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے مطابق   جمعہ کی صبح ساڑھے ۸؍سے سنیچر کی صبح ساڑھے ۸؍ بجے تک تھانے میں مختلف مقامات پر میٹل شیٹ گرنے  کے ۳؍ حادثات ہوئے ۔ ۴۲؍مقامات پر درخت گرنے ، ۲؍ مقامات پردیوار گرنے اور ۱۱؍ مقامات پر درخت یاشاخیں خطرناک حالت میں ہونے کی شکایت موصول ہوئی  ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK