تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی درخواست پر یہ فیصلہ کیاہے۔ اسکیموں کیلئے ۷؍ فروری ۲۰۲۵ء سے قبل درخواست جمع کرنی ہوگی۔
EPAPER
Updated: January 20, 2025, 10:50 AM IST | Iqbal Ansari | Thane
تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی درخواست پر یہ فیصلہ کیاہے۔ اسکیموں کیلئے ۷؍ فروری ۲۰۲۵ء سے قبل درخواست جمع کرنی ہوگی۔
تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی) کے محکمہ خواتین اور اطفال کی بہبود کے ذریعہ نافذ کی جانے والی فلاحی اسکیموں کے لئے درخواست دینے کے متمنی شہریوں کیلئے یہ بڑی راحت کی خبر ہو گی کہ اب ان اسکیموں کیلئے انکم سرٹیفکیٹ ( آمدنی کا سرٹیفکیٹ )دینا لازمی نہیں ہوگا بلکہ اس کے بجائے راشن کارڈ بھی قبول کیا جائے گا۔ تھانے میونسپل کمشنر سوربھ راؤ نے تھانے کے رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے کی درخواست پر یہ فیصلہ کیاہے۔ نریش مہسکے نے درخواست کی تھی کہ جس طرح ریاستی حکومت کی جانب سے لاڈلی بہن اسکیم کے لئے انکم سرٹیفکیٹ کے بجائے راشن کارڈ قبول کیاجارہا ہے، اسی طرح تھانے میونسپل کارپوریشن کی خواتین و اطفال کی اسکیموں کیلئے بھی یہی اصول نافذ کیا جائے۔ ان اسکیموں کیلئے ۷؍ فروری ۲۰۲۵ء سے قبل درخواست جمع کرنی ہوگی۔
واضح رہے کہ تھانے میونسپل کارپوریشن کے محکمہ خواتین و اطفال کی بہبود کے ذریعے میونسپل علاقے میں غریب اور ضرورتمند خواتین کیلئے مختلف اسکیمیں نافذ کی جاتی ہیں۔ ان میں سے کچھ اسکیموں کیلئے آمدنی کا ثبوت لازمی تھا۔ انکم سرٹیفکیٹ نہ لا پانے کے سبب متعدد مستحق خواتین ان اسکیموں سے محروم ہو رہی تھیں۔ اس ضمن میں متعدد خواتین اور سابق کارپوریٹروں نے ایم پی نریش مہسکے سے درخواست کی تھی کہ وہ انکم سرٹیفکیٹ کی شرط کو ختم کریں لہٰذا نریش مہسکے نے ایک وفد کی شکل میں میونسپل کمشنر سے ملاقات کی اور اس سلسلے میں ۸؍ جنوری کو انہوں نے کمشنر کو ایک لیٹر بھی دیا تھا اور میونسپل کمشنر سوربھ راؤ سے درخواست کی کہ وہ انکم سرٹیفکیٹ کی شرط کو منسوخ کریں اور انکم سرٹیفکیٹ کے بجائے راشن کارڈ قبول کریں۔
نریش مہسکے نے بتایا کہ چونکہ کمشنر سوربھ راؤ نے راشن کارڈ قبول کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے، اس لئے زیادہ سے زیادہ خواتین کو ان اسکیموں کا فائدہ مل سکے گا۔
ان اسکیموں میں راشن کارڈ قبول کیاجائے گا
اسکیم میں نمبر۵:سنگین بیماریوں میں مبتلا خواتین کو گزارہ الاؤنس فراہم کرنا: (ایچ آئی وی کے مریض/کینسر کے مریض/ڈائلیسز)
اسکیم نمبر۶:کسی بھی وجہ سے شوہر/والد کی موت کی وجہ سے اکیلی/بیوہ خواتین کی بحالی کے لئے اسکیموں کا نفاذ۔
اسکیم نمبر۷:۶۰؍ سال سے زیادہ عمر کی بیوہ/ طلاق یافتہ بزرگ خواتین کو روزی روٹی کے لئے مالی امداد فراہم کرنا شامل ہے۔
ان اسکیموں کے لئے انتظامیہ کی طرف سے مقرر کردہ آمدنی کے ثبوت کے طور پر انکم سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی شرط کو منسوخ کر دیا جائے گا اور درخواست دہندگان کے راشن کارڈ کو قبول کیا جائے گا جس پر ان کی آمدنی تحریر ہو۔
این سی پی ( شرد پوار) کی جانب سے فارم پُر کرنے میں رہنمائی
تھانے میونسپل کارپوریشن کی مختلف اسکیموں سےاستفادہ کرنے کیلئے این سی پی ( شرد چند رپوار) کی جانب سے فارم پُر کرنے کی مفت رہنمائی کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ رہنمائی این سی پی (شرد پوار) آفس واقع: دوست اپارٹمنٹ، نزد تنور نگر، کوسہ میں کی جائےگی۔ شہری موبائل فون نمبر :۹۰۰۴۴۰۷۰۴۴ ؍ یا ۹۹۸۷۲۶۶۰۲۳؍ پر بھی رابطہ قائم کرسکتےہیں۔ این سی پی(شرد پوار) کے کلو ا ممبرا اسمبلی حلقہ کے صدر شمیم خان نے اپیل کی ہے کہ عوام اس سہولت سے فائد ہ اٹھائیں۔