• Sun, 05 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

تھانے: فضائی آلودگی کی گائیڈ لائن کی خلاف ورزی ، ۳۹؍ بلڈروں کو نوٹس

Updated: January 03, 2025, 9:27 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

اِنوائرنمنٹ ڈپارٹمنٹ نے ۱ء۷؍لاکھ روپے اور تھانے میونسپل کارپوریشن نے ۱۵۱؍ بلڈروں پر ۴؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ۔ کئی پروجیکٹوں کو وجہ بتائو نوٹس جاری کیا گیا

The issue of air pollution was discussed in a meeting of the Environment Department of Thane Municipal Corporation.
تھانے میونسپل کارپوریشن کے انوائرنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی میٹنگ میں فضائی آلودگی کے مسئلے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہاں فضائی آلودگی تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے جس کے پیش نظر آلودگی پرقابو پانے سے متعلق گائیڈ لائن پر عمل نہ کرنے والے ۳۹؍ بلڈروں کو ٹی ایم سی کے ’انوائرنمنٹ ڈپارٹمنٹ‘ نے وجہ بتائو نوٹس جاری کیا ہے۔ اس کے علاوہ چند بلڈروں پر لاکھوں روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
 ’اِنوائرنمنٹ ڈپارٹمنٹ‘ کی سربراہ منیشا پردھان نے جمعرات کو صحافیوں کو اطلاع دی کہ جو بلڈر فضائی آلودگی کم کرنے کی گائیڈ لائنس پر مکمل طور پر عمل نہیں کررہےہیں، انہیں وجہ بتائو نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ ان کے تعمیراتی پروجیکٹ پر کیوں روک نہ لگادی جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اگر یہ بلڈر اطمینان بخش جواب نہیں دیتے اور گائیڈلائنس پر عمل نہیں کرتے تو انہیں تعمیراتی کام بند کرنے کا حکم دے دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ چند بلڈروں پر ۱ء۷؍ لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
ٹی ایم سی کی کارروائی
 تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی) نے بھی اس سلسلے میںنوٹس جاری کرنا اور جرمانہ عائد کرنا شروع کیا ہے۔
 جمعرات کو ایڈیشنل میونسپل کمشنر سندیپ مالوی کی سربراہی میں تھانے میونسپل کارپوریشن کے انوائرنمنٹ ڈپارٹمنٹ کی میٹنگ منعقد کی گئی جس میں فضائی آلودگی کم کرنے کے اقدامات  پر گفتگو کی گئی۔ اس میٹنگ میں ٹی ایم سی کے انجینئرنگ ڈپارٹمنٹ، میٹرو ریل، مہاراشٹر اسٹیٹ روڈ ڈیولپمنٹ کارپوریشن (ایم ایس آر ڈی سی) اور پولیس محکمہ کے نمائندے موجود تھے۔
 ٹی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق ان کی حدود میں    ۲۹۷؍ بلڈروں کو فضائی آلودگی کم کرنے پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ مذکورہ افسر کے مطابق ان میں سے ۳۱؍ بلڈروں نے تمام ہدایات پر عمل شروع کردیا ہے۔ دیگر ۱۵۱؍ بلڈروں کے پروجیکٹوں میں معمولی کمی پائی گئی اور ان سب پر مجموعی طور پر تقریباً ۴؍ لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ پورے تھانے میں ۵۰؍ تعمیراتی پروجیکٹوں پر فضائی آلودگی کی سطح ناپنے کے آلات نصب کئے گئے ہیں۔
پلاسٹک ،کچرا جلانے اور لکڑی سے کھاناپکانے پر پابندی
 اس افسر کے مطابق دیگر ۳۹؍ پروجیکٹوں میں زیادہ لاپروائی پائی گئی ہے جس کی وجہ سے ان سب کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیا گیا ہے کہ ان کا کام کیوں نہ بند کردیا جائے۔ اگر یہ بلڈر اطمینان بخش جواب نہیں دیتے تو ان کے تعمیراتی کام بند کردیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ٹی ایم سی کمشنر سوربھ رائو کی ہدایت پر فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلئے پلاسٹک، کچرا اور دیگر اشیاء جلانے اور ہوٹلوں میں بھی لکڑی پر کھانا پکانے پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔ کوڑاکرکٹ  وغیرہ جلانے کی شکایت ملنے پر ۹؍ افراد پر فی فرد ۲۰؍ ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK