بھاویش زویری کا تعلق بنیادی طور پر ممبئی سے ہے لیکن وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ دبئی میں رہتے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 29, 2021, 7:26 AM IST | dubai
بھاویش زویری کا تعلق بنیادی طور پر ممبئی سے ہے لیکن وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ دبئی میں رہتے ہیں۔
بھاویش زویری کا تعلق بنیادی طور پر ممبئی سے ہے لیکن وہ اپنی بیوی اور دو بچوں کے ساتھ دبئی میں رہتے ہیں۔ البتہ ان کا آئے دن ممبئی آنا جانا لگا رہتا ہے۔ گزشتہ دنوں بھی وہ ممبئی آئے ہوئے تھے اور ۱۹؍ مئی کو انہوں نے واپسی کا ٹکٹ نکلوایا تھا۔ لیکن صبح ۴؍ بجے جب وہ ایمریٹس ایئر لائن کے جہاز پر سوار ہوئے تو انہیں معلوم ہوا کہ جہاز میں ان کے علاوہ اور کوئی نہیں ہے۔ وہ حیران رہ گئے جب انہیں یہ بتایا گیا کہ وہ تنہا ہی اس طیارے سے دبئی جائیں گے۔
بھاویش کیلئے یہ ایک تاریخی لمحہ اور انوکھا تجربہ تھا۔ انہوں نے فوراً جہاز میں اپنے اکیلے سفر کرنے کی تصویریں کھینچیں اور اسے سوشل میڈیا پر شیئر کر دیا جس کے بعد ہر طرف لوگ یہی سوال پوچھ رہے ہیں کہ آخر ایمریٹس ایئر لائن نے ۳۶۰؍ سیٹوں والے طیارے کو صرف ایک مسافر کیلئے کیوں اڑایا؟ یاد رہے کہ فضائی کمپنی کیلئے بھاویش کا یہ سفر خسارے کا سودا تھا وہ بھی لاکھوں کا خسارہ۔ ماہرین کے مطابق ممبئی سے دبئی جانے کیلئے کوئی ۲۵؍ ٹن ایندھن جلا ہوگا جس پر بہ آسانی ۱۵؍ لاکھ روپے خرچ ہوئے ہوں گے جبکہ بھاویش کا ٹکٹ صرف ۱۸؍ ہزار روپے کا تھا۔ حالانکہ بھاویش ہمیشہ بزنس کلاس سے سفر کرتے ہیں لیکن اس بار کورونا کے سبب انہیں اندازہ تھا کہ جہاز میں زیادہ لوگ نہیں ہوں گے انہوں نے اکنامک کلاس کا ٹکٹ لیا تھا۔ لیکن جہاز میں ایک بھی شخص نہیں تھا۔
عام لوگوں کی طرح بھاویش کے دل میں یہ سوال تھا کہ آخر فضائی کمپنی یوں خسارے کا سفر کیوں کر رہی ہے؟ تو معلوم ہوا کہ دراصل متحدہ عرب امارات کے طیاروں میں کورونا کے سبب اب صرف گولڈن ویزہ رکھنے والے شہریوں، سفارتکاروں یا پھر متحدہ عرب امارات کے ان شہریوں کو جو کسی ملک میں رہ گئے ہوں، لایا لے جایا جا رہا ہے۔ ۱۹؍ مئی کو جب ایمریٹس ایئر لائن کا طیارہ ممبئی پہنچا تو وہاں سے بھاویش کے علاوہ کسی اور نے ٹکٹ نہیں بک کروایا تھا لیکن اصولاً کمپنی کو بھاویش کو دبئی پہنچانا ہی تھا کیونکہ وہ ٹکٹ خرید چکے تھے۔
بھاویش کی تصویریں سوشل میڈیا پر ان دنوں وائرل ہو رہی ہیں۔ ان تصویروں کی وجہ سے کچھ نیوز ایجنسیوں نے ان کی یہ کہانی شائع بھی کی۔ بھاویش کہتے ہیں کہ اکیلے ہونے کی وجہ سے نہ صرف جہاز کے اسٹاف نے میری ہمت بڑھائی بلکہ جہاز کے کپتان نے آکر مجھ سے ہاتھ ملایا اور مجھے اپنے ساتھ لے جاکر پورا طیارہ دکھایا۔اس انوکھے کے سفر کی وجہ سے بھاویش سوشل میڈیا پر مشہور ہو چکے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’میرے بچے کہتے ہیں پاپا آپ بھی سیلی بریٹی ہو گئے ہیں۔‘‘