بی جےپی کے ایم پی سمبت پاترا کےذریعے راہل گاندھی اور کانگریس کو غدار کہنے پر ریاستی صدر نانا پٹولے برہم۔
EPAPER
Updated: December 07, 2024, 5:06 PM IST | Mumbai
بی جےپی کے ایم پی سمبت پاترا کےذریعے راہل گاندھی اور کانگریس کو غدار کہنے پر ریاستی صدر نانا پٹولے برہم۔
بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ سمبت پاترا کے ذریعے راہل گاندھی کو غدار اور ملک دشمن کہنے پر مہاراشٹر پردیش کانگریس کمیٹی (ایم پی سی سی) کے صدر نانا پٹولے نے بی جے پی پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہاہے کہ سمبت پاترا کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ جنگ آزادی میں انگریزوں کا ساتھ دینے والے ان کی پارٹی کے آبا و اجداد ہی درحقیقت ملک کے اصل غدار اور دشمن ہیں۔
سمبت پاترا کے بیان کی سخت مذمت کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے نے کہاکہ ’’جیسے ہی لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے اڈانی کی بدعنوانی کی تحقیقات کا مطالبہ کیا، اڈانی کے دلالوں نے راہل گاندھی کو بدنام کرنا شروع کردیا۔ جب بھی اڈانی کے معاملے پر بحث کا مطالبہ کیا جاتا ہے اڈانی کے دلال بی جے پی لیڈر کانگریس اور راہل گاندھی پر حملہ کرتے ہیں۔ یہاں تک کہ اب تو بی جے پی کے غیرسنجیدہ ایم پی سمبت پاترا نے بھی راہل گاندھی کو غدار اور ملک دشمن قرار دینے کا تیر مارا ہے۔بی جے پی کچھ بھی کرے لیکن ’اڈانی مودی بھائی بھائی!‘
نانا پٹولے نے کہا کہ کانگریس پارٹی کی ایک عظیم تاریخی میراث ہے۔ کانگریس نے آزادی کی جدوجہد بڑے پیمانے پر حصہ لیا۔ یہ بھی تاریخ کا حصہ ہے کہ جب کانگریس کی قیادت میں پورا ملک انگریزوں سے لڑ رہا تھا تو سمبت پاترا کی پارٹی کے آباو اجداد نے انگریزوں کا ساتھ دیا۔ جدوجہد آزادی میں مہاتما گاندھی کو کئی بار جیل جانا پڑا، پنڈت جواہر لال نہرو نے ۱۱؍سال جیل میں کاٹے، اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی نے ملک کیلئے قربانیاں دیں اور راہل گاندھی نے ملک کے اتحاد اور سالمیت کو یقینی بنانے کیلئے ملک بھر کی یاترا کرکے ملک کو متحد کرنے کی کوشش کی۔ لیکن بی جے پی کے لوگ مذہبی منافرت پھیلا کر ملک کو توڑنے کا گناہ کر تے رہے۔ دراصل بی جے پی کے تفرقہ انگیز نظریات کے حامل لوگ ہی ملک کے اصل غدار اور دشمن ہیں۔
نانا پٹولے نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی بن بلائے مہمان کے طور پر پاکستان گئے اور نواز شریف کی بریانی کھائی۔ کیا یہ غداری نہیں کہ مودی سرکار نے پاکستان کی آئی ایس آئی کو ہندوستان میں آنے کی دعوت دی؟