• Fri, 27 December, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

عرب لیگ کا سلامتی کونسل سے اسرائیلی جارحیت کو روکنے کا مطالبہ

Updated: February 25, 2023, 12:08 PM IST | Jerusalem

ایک طرف عالمی برادری کی قیام امن کی تلقین دوسری طرف اسرائیل کے فلسطینیوں پر حملے، اس دہرے معیار پر عرب لیگ نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔

A Palestinian house destroyed in the Israeli attack
اسرائیلی حملے میں تباہ ایک فلسطینی کا مکان

  ایک طرف عالمی برادری کی قیام امن کی تلقین دوسری طرف اسرائیل کے فلسطینیوں پر حملے، اس دہرے معیار پر عرب لیگ نے ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ جمعرات کو عرب لیگ نے ایک ہنگامی اجلاس بلایا تھا جس کے اختتامی بیان میں اس نےکہا کہ وہ سلامتی کونسل سے مطالبہ کرتی ہے کہ وہ بین الاقوامی امن و سلامتی کو برقرار رکھنے کی اپنی ذمہ داریاں پوری کرے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل کے جارحانہ طرز عمل کو روکنے کیلئے فوری اور موثر اقدامات کرے۔
 عرب لیگ نے بین الاقوامی فوجداری عدالت پر بھی زور دیا کہ وہ اس حوالے سے تحقیقات کو مکمل کرے اور اسرائیل کو ان جرائم کیلئے جوابدہ ٹھہرائے جو اس نے فلسطینی عوام کے خلاف کئے ہیں۔ ان جرائم میں آباد کاری اور الحاق کی کارروائیاں بھی شامل ہیں۔ عرب لیگ نے عالمی برادری  سے مطالبہ کیا  ہےکہ وہ فلسطینی شہریوں کے تحفظ میں حصہ لیں اور جنرل اسمبلی کی قرارداد اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی رپورٹ میں جو کچھ کہا گیا ہے اس پر عمل درآمد کیلئے ایک عملی اور موثر طریقہ کار تشکیل دیں۔
  اس رپورٹ میں فلسطینیوں کیلئے قابل عمل اقدامات  شامل تھے۔ یاد رہے کہ بدھ کے  روز  نابلس شہر پر اسرائیلی فوج کے حملے میں ۱۱؍ افراد ہلاک اور ۱۰۰؍سے زائد زخمی ہوئےتھے۔ یاد رہے کہ یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا تھا جب اقوام متحدہ اس بات پر زور دے رہا تھا کہ فلسطین اور اسرائیل قیام امن کیلئے اقدامات کریں  جبکہ کچھ اقدامات کا اعلان ہو بھی گیا تھا۔ اس کےبعد فلسطینی اتھاریٹی نے سلامتی کونسل اور عرب لیگ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا اور  اسرائیل کی مذمت کی،  عرب لیگ میں مستقل فلسطینی مندوب دیاب اللوح نے کہا کہ فلسطینی فریق یکطرفہ اسرائیلی اقدامات کو روکنے کیلئے تیزی سے کام کرنے کا منتظر ہے۔ یہ اسرائیلی اقدام دستخط شدہ معاہدوں اور بین الاقوامی معاہدوں کےبرخلاف ہیں۔ ادھر مصرف کے مندوب محمد عرفی نے کہا مصر  عالمی برادری سے دو ریاستی حل کو بچانے اور امن عمل کو دوبارہ شروع کرنے کے مطالبے کی تجدید کرتا ہے۔عرب لیگ میں اردن کے مندوب امجد العضایلہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ ۴؍ جون  ۱۹۶۷ء کے خطوط پر ایک آزاد، خودمختار اور قابل عمل فلسطینی ریاست، جس کا دار الحکومت مشرقی القدس ہو ، کے قیام کے ذریعے فلسطینی عوام کے منصفانہ اور جائز حقوق کو پورا کرے۔
 سیکوریٹی سمٹ کے بائیکاٹ کی دھمکی
  فلسطینی اتھارٹی نے امریکہ، اسرائیل، اردن اور مصر کے ساتھ طے شدہ سیکوریٹی سمٹ ( سلامتی اجلاس)  میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دی ہے۔ یاد رہے کہ آئندہ  اتوار کو ہونے والا سیکوریٹی سمٹ کا مقصد اسرائیل اور فلسطین کے درمیان حال ہی میں طے پانے والی مفاہمت کو باضابطہ شکل دینا ہے۔ اس مفاہمت کی وجہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مذمتی قرارداد پر ووٹنگ ملتوی کر دی گئی تھی۔ قبل ازیں سلامتی کونسل میں پیش کرنے کیلئے تیار کردہ مجوزہ قرارداد کے متن مغربی کنارے میں اسرائیلی بستیوں کی مذمت کامطالبہ کیا گیا تھا۔اطلاع کے مطابق امریکی صدر جو بائیڈن کی انتظامیہ نے رمضان سے قبل مغربی کنارے کی صورتحال کو پرسکون کرنے کی کوششوں کے ایک حصے کے طور پر سربراہی اجلاس کیلئے زور دیا ہےادھر اس سمٹ کی تیاری ہو رہی تھی ادھر اسرائیلی نے نابلس پر حملہ کرکے ۱۱؍ افراد کو جاں بحق کر دیا۔  اس کی وجہ سے فلسطینیوںمیں شدید ناراضگی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK