• Sat, 22 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’مرکزی حکومت مندروں کی نمائندہ نہیں ہے اور نہ مندر بنانا اور چلانا سرکار کا کام ہے‘‘

Updated: December 28, 2023, 7:02 AM IST | New Delhi

رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے میڈیا کو بھی نصیحت کی کہ وہ ملک کے مفاد کو مقدم رکھے

Member of Parliament Shashi Tharoor
رکن پارلیمنٹ ششی تھرور

 کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی  رام مندر کے افتتاح  اور اس کیلئے سرکاری سرگرمیوں پر شدید تنقید کی اور کہا کہ ’’ اس سیکولر ملک میں حکومتوں بشمول مرکزی حکومت کو کسی بھی  مذہبی  سرگرمی میں شامل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ یہ سیکولر ازم کا بنیادی اصول ہے کہ حکومت کا کوئی مذہب نہیں ہے۔ ‘‘ انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ویسے بھی مذہب بالکل ذاتی معاملہ ہے۔ اس میں حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں ہونا چاہئے۔کانگریس کے دانشور قرار دئیے جانے والے ششی تھرور نے بی جے پی کا نام لئے بغیر میڈیا کو نصیحت کی کہ وہ ملک کے مفاد کو مقدم رکھے۔ کسی کے ہاتھ کا کھلونا نہ بنے۔ رام مندر کے جس ایونٹ کے بارے میں پورے ملک کو معلوم ہے میڈیا اسے گزشتہ کچھ دنوں  سے اس طرح بڑھاچڑھاکر دکھا رہا ہے جیسے اس کے پاس اور کوئی کام نہیں ہے۔ اس سے ملک کا کوئی فائدہ نہیں ہو گا بلکہ صرف انہیں فائدہ ملے گا جو رام مندر ایونٹ کو اپنے سیاسی مفاد کے لئے استعمال کرنا چاہتے ہیں اور عوام کا دھیان اپنی ناکامیوں ، بے روزگاری اور آسمان چھوتی مہنگائی سے ہٹا نا چاہتے ہیں۔
  جب ششی تھرور سے یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا انہیں رام مندر کے افتتاح میں مدعو کیا گیا ہے ؟ تو انہوں نے جواب دیا کہ مدعو تو نہیں کیا گیا ہے  اور اگر دعوت ملی بھی تو وہ نہیں جاسکیں گے لیکن حکومت سے اتنا ضرور کہیں گے کہ وہ عوام کو بے وقوف بنانا بند کرے اور اصل موضوعات پر سیاست کرے۔ ملک کی ترقی ، اتحاد اور سالمیت کے لئے اصل مسائل حل کرنے کی  ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ کانگریس کی اعلیٰ لیڈر شپ جس میں ملکارجن کھرگے ، راہل گاندھی ، سونیا گاندھی اور ادھیر رنجن چودھری شامل ہیں ، سبھی کو رام مندر کے افتتاح کے ایونٹ میں شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے لیکن ابھی تک کسی بھی لیڈر نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ وہ  اس ایونٹ میں شرکت کریں گے یا نہیں۔ بہر حال گزشتہ روز سیتا رام یچوری شرکت سے انکار کرچکے ہیں اور انہوں نے بھی انکار کی مدلل وجوہات بیان کی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK