• Sat, 08 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’کمالِ ایمان کا مدار حضوراکرمؐ کی محبت ہے‘‘

Updated: February 08, 2025, 11:38 AM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

سہ روزہ کانفرنس بعنوان ’تحفظ ِ سنت وعظمت صحابہ ‘میں علماء کاخطاب۔ کہا: قبرستانوں کو میلہ گاہ بنانا قطعاً درست نہیں ہے۔

Maulana Abdul Ali Farooqui expressing his views in the three-day conference. Image: Revolution
سہ روزہ کانفرنس میں مولانا عبدالعلی فاروقی اظہار خیال کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب

یہاں وائی ایم سی اے گراؤنڈ پرجمعہ کو بعد نمازِ مغرب سہ روزہ ’تحفظ سنت وعظمت صحابہ‘ کانفرنس کا آغازعمل میں آیا۔ اس کانفرنس میں ملک کے مشاہیرعلماء وخطباء شرکت کررہے ہیں۔ اس کانفرنس میں سنت کی عظمت واہمیت اورصحابہ کا مقام و مرتبہ بیان کرنے کےساتھ اس کے برخلاف نظریہ پیش کرنے والوں کا رد کیاجاتا ہے۔ آقائے دوعالمؐ کی مبارک سنتوں پرعمل آوری ہی میں کامیابی اورخیر ہے، اسی طرح صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین اسلام کی شہ رگ ہیں، ان کی شان میں گستاخی یا اس طر ح کا نظریہ ایمان سلب ہونے کا باعث ہے۔ ان ہی امور کو علماء نے اہتمام سے بیان کیا۔ کانفرنس اتوار کو دعا پرختم ہوگی۔ 
 بزرگ عالم دین مولانا عبدالعلی فاروقی نے حدیث اور سنت کی اہمیت اور اس کافرق سمجھایا۔ مولانا نے کہاکہ’’شب ِ برأت میں رسول اکرمؐ کا قبرستان جانا ۹؍ اصحاب ِرسول ؐاور ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہؓ سے ثابت ہے۔ یہاں یہ بھی خیال رہے کہ ہمیں قبرستان اسی طرح جانا ہے جیسے رسول اکرم ؐ تشریف لے گئے تھے، تبھی سنت پر عمل ہوگا اور عنداللہ مقبول ہوگا۔ قبرستانوں کو میلہ گاہ بنانا قطعاً درست نہیں ہے۔ ‘‘ 
 مولانا سید ازہرمدنی (جمعیۃعلماء ہند)نے اپنے خطاب میں حضوراکرم ؐ کی عظمت اور آپؐ سے محبت کے تعلق سے کہاکہ’’اللہ اوراس کے رسولؐ سے سچی محبت ایمان کی بنیاد ہے۔ حضور اکرمؐ کی محبت اس طرح قلب و ذہن میں پیوست ہوکہ دنیا کی تمام نعمتیں اور لذتیں ہیچ ہوں۔ کمالِ ایمان کا مدار حضوراکرمؐ کی محبت ہے۔ ‘‘
مولانا نے حضوراکرمؐ سے صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی غایت درجہ محبت کے متعدد واقعات پربھی روشنی ڈالی اوریہ بتایا کہ اسے سچی محبت اور نبیؐ سے سچا عشق کہتے ہیں۔ 
مفتی سعیدالرحمٰن فاروقی نےکہاکہ’’ کچھ لوگ رسول اکرمؐکےمبارک طریقوں اورعظمت ِ صحابہ ؓکے تعلق سے مختلف انداز میں غلط فہمیاں اور شکوک پیدا کرکے امت کوالجھاتے ہیں۔ ہمیں اس سے گھبرانا نہیں ہے بلکہ اس کا بہترین حل یہ ہے کہ ملک کی عظیم دینی درسگاہوں دارالعلوم دیوبند، ندوۃ العلماء لکھنؤ، مظاہرعلوم سہارنپور اور دیگر اداروں کے موقر اور مشاہیر علماء سے رابطہ قائم کریں۔ 
 اس کانفرنس کی نظامت مولانا راشد اسعد ندوی نے کی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK