• Wed, 05 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جلگائوں کی کانگریس اکائی کی گروپ بندی پھر واضح ہوگئی

Updated: July 21, 2024, 10:36 AM IST | Sharjeel Qureshi | Jalgaon

نو منتخب ریاستی نائب صدر پرتیبھا شندے کو جلگائوں، دھولیہ اور نندور بار اضلاع کا انچارج مقرر کئے جانے کی شدید مخالفت۔

Pratibha Shinde. Photo: INN
پرتیبھا شندے۔ تصویر : آئی این این

 گزشتہ ہفتے ہی لوک سنگھر ش مورچہ کے ذمہ دار اور آدیواسی لیڈر کے طور پر شناخت قائم کر نے والی پرتیبھا شندے (جلگائوں ) کوکانگریس پارٹی کا نائب ریاستی منتخب کیا گیا تھا ۔اسی کے ساتھ انہیں جلگائوں کے ساتھ ساتھ نندوربار ،دھولیہ ،اضلاع کاانچارج بھی مقرر کیا گیاجس کی مخالفت جلگائوں ضلع کانگریس اکائی کےایک گروپ نے ریاستی اکائی کے عہدیداروں سے کی ہے ۔اس خبر کے منظر عام پر آنے سے سیاسی حلقوں میں جلگائوں ضلع کانگر یس اکائی کی گروپ بندی ایک بار پھر موضوع بحث بن گئی ہے ۔شندے کیخلاف شکایت کے بعد یہ سوال   پیدا ہو رہا ہے کہ کیا پرتیبھا شندےکو جلگائوں ، دھولیہ  اورنندوربار اضلاع کے انچارج عہدے سے ہٹا دیا جائے گا ؟ 
 اس سلسلے میں جب اس نامہ نگار نے پرتیبھا شندے سے رابطہ کیا تو انہوں نے یہ کہا ،’’وہ اس بارے میں کوئی بات چیت نہیں کرنے چاہتیں۔‘‘ وہ  ۲۲ ؍ جولائی کو جلگائوں پہنچیں گی اور ۲۳؍ جولائی کو پارٹی دفتر میں ایک میٹنگ میں شرکت کریں گی۔ مزید تفصیل کیلئےجب اس نامہ نگار نے ضلعی صدر پردیپ پوار سے رابط کیا تو ان کا فون بند  تھا۔  ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق گزشتہ دنوں جلگائوں ضلع کانگریس یونٹ نے پرتیبھا شندےکو نائب ریاستی صدر بنائے جانے پر ان کی استقبالیہ تقریب انعقاد کیا تھا۔ اس تقریب میں جلگائوں ضلعی صدر پردیپ پوار اور انکےحامیوں نے شرکت نہیں کی تھی ۔استقبالیہ تقریب میں پارٹی سے معطل کئے گئے اور بی جےپی میں داخل ہونے کی تیاری کر نےوالے کارکن شامل ہوئے تھے ۔اس کے بعد  ۱۵؍ جولائی کو کانگریس کے ضلعی اور تعلقہ عہدیداروں کی  ایک میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس  میں ایک گروپ نے پرتیبھاشندے کو تینوں اضلاع کا انچارج مقرر کئے جانے کی مخالفت کی اور اس وقت  یہ جواز پیش کیا گیا کہ پارٹی اصولوں کے مطابق کوئی بھی مقامی شخص ضلع کا انچارج نہیں بن سکتا ہے ،اس لئے ان کا تقرر غیر قانونی ہے۔ اب تک پارٹی کے بیرونی ضلع کا ذمہ دار ہی کسی دوسرے ضلع کا انچارج مقرر ہوا کرتا تھا۔شندے مقامی  ہیں ۔انہیں انچارج مقرر کئے جانے سے یہ خدشہ ہے کہ ان سےپارٹی میں توازن قائم نہیں ہو گا۔ وہ عہدے کے ساتھ انصاف نہیں کر پائیں گی ۔اس شکایت کے ساتھ جلگائوں ضلع کے مختلف تعلقوں کے صدور نے ضلعی صدر پردیپ پوار کے ہمراہ ممبئی میں ۱۹؍ جولائی کو ریاستی صدر نانا پٹولے ،پارٹی کی قومی تنظیم کے جنرل سیکریٹری کےسی وینوگوپال اورمہاراشٹر کے انچارج رمیش چنیتھلاجی سے ملاقات کی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK