• Thu, 16 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ٹھیکیداروں نے ۲؍ ہزار میں خریدی گئی ریمیڈیسور بی ایم سی کو ۶؍ ہزار میں فروخت کی تھی

Updated: July 08, 2023, 9:16 AM IST | Nadeem asran | Mumbai

ای ڈی کا الزام۔ گزشتہ روزچھاپوں میں رومیل گروپ کے پروموٹر کی تحویل سے ایک کروڑ ۲۰؍ لاکھ روپے ضبط کرنے اور بلوں میں گھوٹالے کے دستاویزی ثبوت بھی برآمد کرنے کادعویٰ کیا

Goregaon`s Nescojumbucovid Center where Rommel Group supplied beds and chairs (file photo)
گوریگاؤں کا نیسکوجمبوکووڈ سینٹر جہاں رومیل گروپ نے بیڈ اور کرسیاںسپلائی کی تھیں۔(فائل فوٹو)

انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)  جمبو کووڈ سینٹر گھوٹالہ معاملہ کی تفتیش کے سلسلہ میں ٹھیکیداروں  اور سینٹروں کو ادویات اور دیگر  چیزیں فراہم کرنے والے سپلائرز پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے ۔ اسی کےساتھ وہ  بلوں میں کئے گئے کروڑوں روپے کے گھوٹالےکا یکے بعد دیگرے انکشاف کررہی ہے۔
 تفتیشی ایجنسی کے مطابق اس گھوٹالہ میں ملوث ایجنٹ، سپلائرز اور ٹھیکیداروں نے ۵۵۰؍ کروڑ روپے کا گھوٹالہ کیا ہے ۔ اس نے گزشتہ روز۱۱؍ٹھیکیداروں ، سپلائرز اور ایجنٹوں کے گھروں پر چھاپہ مارا تھا اور ان کی تحویل سے ضبط کئے گئے دستاویزات کی بنیاد پر دعویٰ کیا کہ شہر میں بنائے گئے کووڈ سینٹروں میں ریمیڈیسور انجکشن، سیفٹی کٹ، آکسیجن اور دیگر ادویات کا جو بل دیا گیاتھا اور اس سے جو ۵۵۰؍کروڑ روپے حاصل کئے گئے تھے ،  وہ اصل بل سے چار گنا زیادہ  تھے۔  ایجنٹ، سپلائرز اور ٹھیکیداروں نے مل کر ۲؍ہزار روپے میں ملنے والا فی  ریمیڈیسور انجکشن کبھی ۳؍ ہزار ۶۰۰؍ ،کبھی ۴؍ہزار ۱۰۰؍ تو کبھی ۶؍ ہزار  ۸۰۰؍ روپے  میں فروخت کیا اور چار گنا زیادہ پیسے بی ایم سی سے حاصل کئے تھے۔ ملزمین نے  ریمیڈیسور کورونا بحران کے دوران کووڈ سینٹروں اور لائف لائن اسپتال کو دیئے تھے۔ 
 یاد رہے کہ اس قبل ای ڈی نے اس وقت کے ایڈیشنل میونسپل کمشنر  سنجیو جیسوال جو اب  مہاڈا کے  سی ای اوہیں ،  ڈپٹی میونسپل کمشنر رما کانت براڈار،  اسسٹنٹ میڈیکل آفیسر ڈاکٹر ہری داس راٹھوڑ ، ادھو سینا کے سیکریٹری سورج چوان اور بی ایم سی کے پر چیس ڈپارٹمنٹ کے خلاف کارروائی کی تھی۔
  گزشتہ روز اسی گھوٹالہ معاملہ میں شہر و مضافات اور اطراف میںگزشتہ روز  ۱۰؍ مقامات پر چھاپے مارے گئے تھے جس کے دوران رومیل گروپ رئیل اسٹیٹ ڈیولپر اینڈ پروموٹرکے خلاف بھی  کارروائی کی  ساتھ ہی  رومیل چھیڈا اور جوڈ رومیل کے گھر اور دفترمیں مارے گئے چھاپےکے دوران ایک کروڑ ۲۰؍ لاکھ   کے علاوہ کووڈ سینٹروں کو فراہم کئے جانے والے   سامان اور بلو ں کی ادائیگی کے سلسلہ میں جو ہیرا پھیری کی گئی تھی ، اس کے دستاویزی ثبوت بھی ضبط کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔
 تفتیشی ایجنسی کے بقول جس طرح جوڈ رومیل پر مختلف کووڈ سینٹروں کو الگ الگ ٹھیکیداروں کی مدد سے مختلف ادویات فراہم کرنے  اور اس کے بلوں میں ہیرا پھیری کرنا کا الزام ہے، اسی طرح رومیل چھیڈاپر بھی  غبن کرنے کا الزام ہے ۔رومیل چھیڈا جو ہائے وے کنسٹرکشن کمپنی کے پروموٹر ہیں،نے ایک دہلی کے سپلائر کی مدد سے آکسیجن اور ادویات سپلائی کی تھی جس کا بل ۲۰؍ کروڑ ہوا تھا لیکن  بی ایم سی کو۸۰؍ کروڑ کا بل پیش کیا گیا اور رقم حاصل کی گئی تھی ۔اس کے علاوہ رومیل گروپ نے گوریگاؤں نیسکو گراؤنڈ پر بنائے گئے کووڈ سینٹر میں ایک ہزار بیڈ اور کرسیاں سپلائی کی تھیں جس کی قیمت چند کروڑ تھی لیکن بی ایم سی کو ۵۰؍ کروڑ کا بل پیش کیا گیا تھا ۔
  تفتیشی ایجنسی نے مذکورہ بالا گھوٹالہ میں کی جانے والی کارروائی کے دوران آدتیہ ٹھاکرے کے  قریبی مانے جانے والے جس سورج چوان کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مار ا تھا ۔ اس کے تعلق سے اس نے بتایا کہ اس نے کووڈ سینٹروں میں طبی سامان فراہم کرنے والی ایسی فرضی کمپنیوں کوٹھیکہ دلایا تھا جس نے کبھی میڈیکل انڈسٹری میں کام نہیں کیا تھا ۔یہی نہیں فرضی کمپنیوں اور جن ٹھیکیداروں کی مدد سے کووڈ سینٹروں میں ۲۰؍ کروڑ کا آکسیجن فراہم کیا گیا ، اس میں بھی ہیرا پھیری کرتے ہوئے بی ایم سی کو ۸۰؍ کروڑ کا بل پیش کیا گیا تھا ۔

 

BMC Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK