میٹرو-۳؍کےافتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی کے ہمراہ سفرکرنے والےاسکولی طلبہ کے تاثرات۔
EPAPER
Updated: October 08, 2024, 2:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
میٹرو-۳؍کےافتتاح کے موقع پر وزیر اعظم نریندرمودی کے ہمراہ سفرکرنے والےاسکولی طلبہ کے تاثرات۔
ملک کی پہلی زیر زمین میٹروریل کا سنیچر کو وزیراعظم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح ہوا۔ اس موقع پر چندخواتین اور اسکولی طلبہ کے ہمراہ انہوں نے میٹرو میں سفر بھی کیا۔ اس دوران وزیراعظم نے جن ۴؍ اسکولی طلبہ سے گفتگو کی، ان میں پونم نگر (اندھیری) کے ممبئی پبلک اسکول کی ۹؍ ویں جماعت کے طالب علم علقمہ اخلاق احمد شیخ،۱۰؍ویں جماعت کی طالبہ آرادھیہ بیملیش پال، بامبے اسکاٹش اسکول (ماہم) کی طالبہ اوانی اُگھاڈے اور سیوڑی کراس روڈ ممبئی پبلک اسکول کی ۱۰؍ویں جماعت کے طالب علم محمد سفیان شاہنواز شیخ شامل تھے۔
علقمہ شیخ نے اس نمائندے کو بتایا کہ ’’وزیراعظم نریند رمودی نے مجھ سے شوق کے بارے میں پوچھنے پرتو میں نے بتایا کہ مجھے کرکٹ کھیلنے کابہت شوق ہے ۔ بڑا ہوکر کامیاب کرکٹر بننا چاہتا ہوں۔ جس پر انہوں نے کہا کہ دن میں کتنے گھنٹے کرکٹ کھیلتے ہو، میں نے کہاکہ ۲؍گھنٹے، جس پر انہوں نے کہا کہ یہ ناکافی ہے، روزانہ کم ازکم ۴؍ گھنٹے کرکٹ کی مشق کرو۔ ‘‘ علقمہ نے بتایاکہ ’’یہ یادگار ملاقات تھی اور میں اس پر فخر محسوس کر رہا ہوں۔ ان کےساتھ جوتصویر نکالی گئی ہے اسے زندگی بھر سنبھال کر رکھوں گا۔‘‘
آرادھیہ پال نامی طالبہ کے بقول’’ وزیر اعظم نے پوچھا کہ میٹرو ۳؍ شروع ہونے سے آپ کو کیا فائدہ ہوگا؟ تو میں نے کہاکہ کالج آنے جانے میں آسانی ہوگی۔ یہ سن کر وہ مسکرائے اور آگے بڑھ گئے۔‘‘
سیوڑی کےطالب علم محمد سفیان شیخ نے بتایا کہ ’’وزیراعظم نے مجھ سے پوچھا کہ بڑے ہوکر کیا بننا چاہو گے؟ میں نے کہا کہ میں روبوٹک سافٹ ویئر انجینئر۔ انہوں نے پوچھا کہ کیوں بنناچاہتے ہو ؟ تومیں نے کہا کہ چونکہ میں اپنے وطن کو سائنسی اعتبار سے طاقتور دیکھنا چاہتا ہوں، اس لئے روبوٹک سافٹ انجینئر کا کورس کرنا چاہتا ہوں۔‘‘
اوانی اُگھاڈے نے وزیر اعظم سے ہونے والی گفتگو کے بارے میں کہا کہ ’’ان سے ہونے والی ملاقات یادگار رہی۔ انہوں نے پڑھائی کے ساتھ میرے شوق کے بارے میں دریافت کیا اور دلچسپی سے پڑھائی کرنے کی نصیحت کی۔‘‘
وزیر اعظم سے ان طلبہ کی ملاقات کی تیاری کرنے میں محکمہ تعلیم کے جن افسران ،پرنسپل اور ٹیچروں نے اہم رول ادا کیا، ان میں ڈپٹی ایجوکیشن آفیسر نثار خان، ہیڈمسٹریس ونندناسریش تیواری، پرینکامیڈم اور پوجا سنکھے شامل ہیں۔