کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے کا مودی حکومت پر الزام، کہا:مہنگائی بڑھنے اور آمدنی گھٹنے سے قوت خرید متاثر ہورہی ہے
EPAPER
Updated: November 04, 2024, 11:45 PM IST | New Delhi
کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے کا مودی حکومت پر الزام، کہا:مہنگائی بڑھنے اور آمدنی گھٹنے سے قوت خرید متاثر ہورہی ہے
۲؍ ریاستوں کے اسمبلی انتخابات اور ۱۵؍ ریاستوں میں ضمنی انتخابات کے دوران کانگریس سربراہ ملکارجن کھرگے نے ایک بار پھر بی جے پی اور وزیراعظم مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہون نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی عوام مخالف پالیسیوں کی وجہ سے ملک کی معیشت بری طرح تباہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ۱۰؍ برسوں میں مودی حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کر دیا ہے۔ ملکارجن کھرگے نے وزیراعظم مودی کو چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپوزیشن کے خلاف جھوٹ بولنے کی جگہ آنے والی انتخابی سیشن میں ملک کے اصل مسائل پر بات کریں۔
کانگریس سربراہ نےوزیراعظم مودی کو نشانہ بناتے ہوئے’ایکس‘ پرایک پوسٹ میں لکھا کہ ’’عوام سے ان کا سارا پیسہ لوٹ کر آپ نے جو معاشی تباہی مچائی ہے، اس پر ایک نظر ڈالئے۔ صورتحال اس حد تک خراب ہوگئی ہے کہ تہواروں کی خوشی بھی ملکی معیشت کو بہتر نہ کر کسی۔ مہنگائی بڑھنے، قوت خرید کم ہونے، عدم مساوات کے فروغ پانے، سرمایہ کاری میں کمی ہونے اور تنخواہ میں جمود نے ملک کی معیشت کو تباہ کردیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’’صنعتی میدان کے ماہرین بھی کہہ رہے ہیں کہ ملک کا متوسط طبقہ محدود ہو رہا ہے کیونکہ مودی حکومت کمر توڑ مہنگائی اور لوگوں کی بچت ختم کر کے غریب اور متوسط طبقہ کو بڑا جھٹکا دے رہی ہے۔‘‘
کھرگے نے اپنے طویل پوسٹ میں آگے لکھا ہے کہ’’ مودی حکومت کے۵؍غیر متنازع حقائق ہیں۔ خوراک کی مہنگائی۹ء۲؍ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ سبزیوں کی مہنگائی اگست میں۱۰ء۷؍ فیصد تھی جو اَب بڑھ کر ستمبر۲۰۲۴ء میں۱۴؍ مہینے کی اعلیٰ سطح۳۶؍ فیصد پر پہنچ گئی۔ یہ بھی ایک سچائی ہے کہ ایف ایم سی جی سیکٹر میں طلب میں زبردست کمی دیکھی گئی ہے۔ فروخت میں اضافہ گزشتہ ایک سال میں۱۰ء۱؍ فیصد سے گھٹ کر صرف۲ء۸؍ فیصد رہ گئی ہے۔ یہ آپ کی اپنی وزارت خزانہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے۔‘‘
کانگریس سربراہ نے کہا کہ ’’وزارت خزانہ کے مطابق اس دوران آٹو موبائل کی فروخت میں ۲ء۳؍ فیصد کی کمی آئی ہے۔ دو پہیہ گاڑیوں کی فروخت اب بھی۲۰۱۸ء کے اعداد و شمار کو پار نہیں کر پائی ہے۔ حکومت کے پیش کردہ یہ اعداد وشمار بتار ہے ہیں کہ بی جے پی کی عوام مخالف پالیسیاں ملک کی معیشت کوتباہ و برباد کررہی ہیں۔‘‘