• Thu, 23 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ ملک کا مڈل کلاس سکڑ رہا ہے، یہ سنگین بحران ہے‘‘

Updated: January 22, 2025, 10:30 PM IST | New Delhi

کانگریس پارٹی کے ترجمان جے رام رمیش کی پریس کانفرنس، روپے کی قدر میں گراوٹ اور معیشت کی سست رفتاری پر گفتگو کی ، کیجریوال نےمتوسط طبقے کیلئے ایجنڈہ پیش کیا

Congress party spokesperson Jairam Ramesh expressing his concern about the middle class
کانگریس پارٹی کے ترجمان جے رام رمیش مڈل کلاس کے بارے میں اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے

بی جے پی حکومت نے گزشتہ ۱۰؍ سال میں ملک کی معیشت کا نہ صرف بیڑہ غرق کردیا ہے بلکہ اس معیشت کی کشتی  کے ’کھیون ہار ‘کہلانے والے مڈل کلاس کو بھی بری طرح متاثر کردیا ہے۔  اس سلسلے میں کانگریس پارٹی کے ترجمان جے رام رمیش نے  پریس کانفرنس میں کئی سنگین سوال اٹھائے۔ انہوں نے معروف انگریزی روزنامہ انڈین ایکسپریس کی معیشت سے متعلق رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کا مڈل کلاس(متوسط) سکڑ رہا ہے اور ملک میں بے روزگاری کا بہت بڑا بحران سامنے آگیا ہے لیکن مودی سرکار کو اس سنگینی کا احساس ہی نہیں ہے۔ اسے معلوم ہی نہیں ہے کہ مڈل کلاس کیا ہے اور اسے راحت کیسے پہنچائی جائے۔ جے رام رمیش کے مطابق  ملک کی معیشت کی رفتار دھیمی پڑتی جارہی ہے کیوں کہ اس حکومت نے معیشت کو چلانے والے مڈل کلاس کوگزشتہ ۱۰؍ سال میں کوئی راحت نہیں پہنچائی ہے بلکہ اپنے ہر ہرقدم سے  اس مڈل کلاس کے پاس موجود جمع پونجی ، اس کی آمدنی اور اس کی امنگوں سبھی کو ختم کردیا ہے۔ اس وقت ملک کا مڈل کلاس سکڑتا جارہا ہے ۔اسے راحت پہنچانے یا  سکڑنے کے عمل کو روکنے کے اقدامات کے نام پر بی جے پی کی مودی حکومت کے پاس کچھ نہیں ہے۔ وہ صرف ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔
  واضح رہے کہ معروف غیر سرکاری تنظیم ’ پیوپل ریسرچ آن انڈیاز کنزیومر اکنامی ‘ کے مطابق   مڈل کلاس ملک کا وہ طبقہ ہوتا ہے جس کی سالانہ آمدنی ۵؍ لاکھ روپے سے ۳۰؍ لاکھ روپے کےدرمیان ہے۔ یہ طبقہ ملک کی معیشت کے لحاظ سے انتہائی اہم بلکہ ریڑھ کی ہڈی کہلاتا ہے کیوں کہ اسی کی وجہ سے پورے ملک کا نظام اور کاروبار چلتا ہے۔ اس کے خرچ کرنے کی وجہ سے ہی معیشت کا پہیہ گھومتا ہے اور ماضی میں تقریباً ہر حکومت نے مڈل کلاس کو دھیان میں رکھ کر ہی اپنی معاشی پالیسیاں بنائی ہیں اور بجٹ بھی انہی کے حساب سے تیار کی جاتا ہے۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ مڈل کلاس ہی حکومت کو سب سے زیادہ ٹیکس بھی ادا کرتا ہے۔ ایسے طبقے کی اگر آمدنی متاثر ہو رہی ہے اور وہ مسلسل سکڑ رہا ہے تو یہ نہایت قابل تشویش ہے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے اسی جانب توجہ دلائی اور بتایا کہ اس  وقت مہنگائی ، بے روزگاری اور روپے کی قدر میں گراوٹ کی وجہ سے مڈل کلاس پر بہت زیادہ دبائو پڑ رہا ہے۔ 
 جے رام رمیش کے مطابق اس مرتبہ روپے کی قدر میں گراوٹ قابل تشویش ہے اور بڑھتی بے روزگاری  اور مہنگائی اس کا اہم سبب ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے حوالے سے کہا کہ مڈل کلاس کی دگرگوں حالت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ چھوٹی گاڑیوں کا مارکیٹ بھی سکڑ رہا ہے۔ پہلے ۱۰؍ لاکھ روپے سے کم والی گاڑیوں کا مارکیٹ پر دبدبہ رہتا تھا ۔ یہ کل کار مارکیٹ کا ۷۳؍ فیصد تھی لیکن اب صرف ۴۶؍ فیصد رہ گئی ہے۔ جو بھی کاریں فروخت ہو رہی ہیں وہ لگژری کاریں ہیں اور اس سے یہ ظاہر ہو رہا ہے کہ ملک میں معاشی نابرابری بھی بڑھ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK