سوتے ہوئے آخری سانس لی، گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے افسوس کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: August 21, 2024, 1:10 PM IST | Agency | Madrid
سوتے ہوئے آخری سانس لی، گنیزبک آف ورلڈ ریکارڈ نے افسوس کا اظہار کیا۔
اسپین کی ماریہ برینیاس جنہوں نے اسی سال ۴؍ مارچ کو اپنا ۱۱۷؍ واں یوم پیدائش منایا تھا، کا منگل کو نیند کی حالت میں انتقال ہوگیا۔ وہ اس وقت (مردوخواتین دونوں میں ) دنیا کی معمر ترین فردتھیں۔ انتقال کے وقت ان کی عمر ۱۱۷؍ سال ۱۶۸؍ دن تھی۔ اہل خانہ نے منگل کو ان کے انتقال کی خبر دیتے ہوئے مختصر سے بیان میں بتایا ہے کہ ’’ماریہ برینیاس ہمیں چھوڑ کر چلی گئیں۔ وہ جس طرح چاہتی تھیں، اسی طرح رخصت ہوئیں یعنی نیند کے دوران اطمینان سے بغیر کسی تکلیف کےآخری سانس لی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے:بائیڈن نے پارٹی کی کمان کملا ہیرس کو سونپ دی
۴؍ مارچ۱۹۰۷ء کوامریکی شہر سین فرانسسکو میں پیدا ہونےوالی ماریہ کو دنیا کی معمر ترین فرد ہونے کا اعزاز گزشتہ جنوری ۲۰۲۳ء میں فرانس کی لوسیل رینڈن کے۱۱۸؍ سال کی عمر میں انتقال کے بعد ملا تھا۔ ماریہ کے شوہر جوآن ماریل ۱۹۷۶ء میں انتقال کرگئے تھے۔ ماریہ ۱۹۱۵ء تک سین فرانسسکو اور کیلی فورنیا میں رہیں، اس کے بعد ۱۹۱۵ء میں پہلی جنگ عظیم کے وقت وہ اسپین لوٹ آئیں۔ اپنی زندگی کے آخری ایام انہوں نے ہسپانوی شہر اولوٹ کے کیٹالان قصبے میں ایک نرسنگ ہوم میں گزارے۔