الہ آباد ہائی کورٹ نےگینگسٹرکیس میں ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے ذریعہ سنائی گئی ۴؍ سال قید کی سزا منسوخ کردی۔
EPAPER
Updated: July 30, 2024, 10:50 AM IST | Lucknow
الہ آباد ہائی کورٹ نےگینگسٹرکیس میں ایم پی ایم ایل اے کورٹ کے ذریعہ سنائی گئی ۴؍ سال قید کی سزا منسوخ کردی۔
غازی پور پارلیمانی حلقہ کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ افضال انصاری کو الہ آباد ہائی کورٹ سے بڑی راحت ملی ہے۔ عدالت نے ان کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے گینگسٹر ایکٹ کے کیس میں ۴؍ سال قید کی غازی پور کے ایم پی، ایم ایل اےکورٹ کی سزا کو منسوخ کر دیا ہے۔اس کے ساتھ ہی ہائی کورٹ نے یوگی حکومت اور بی جے پی کے سابق ممبر اسمبلی آنجہانی کرشنا نند رائے کے بیٹے پیوش رائے کی جانب سے داخل کی گئیں سزا میں اضافہ کی عرضیوں کو بھی خارج کردیا ۔ جسٹس سنجے کمار سنگھ کی بنچ کے اس فیصلہ کے بعد اب افضال انصاری کی لوک سبھا کی رکنیت کو کسی طرح کا کوئی خطرہ نہیں رہ گیا۔
یاد رہے کہ غازی پور ضلع کی ایم پی، ایم ایل اے عدالت نے بی جے پی کے رکن اسمبلی کرشنا نند رائے کے قتل کے حوالے سے افضال انصاری پر عائد کئے گئے گینگسٹر ایکٹ کیس میں ۴؍سال کی سزا سنائی تھی ۔ اس وقت بھی افضال انصاری ایم پی تھے، سزا کا اعلان ہونے کے بعد عوامی نمائندگی ایکٹ ۱۹۹۱ءکے سیکشن ۸(۳) کے تحت ان کی رکنیت کو رد کردیا گیا تھا۔
غازی پور ایم پی/ ایم ایل اے کورٹ کے فیصلہ کو افضال انصاری نے ہائی کورٹ میں چیلنج کرتے ہوئے ضمانت کی درخواست دی تھی جسے عدالت نے منظور کرلیا تھا لیکن سزا کو برقرار رکھا تھاجس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آئی تھی۔ رہائی کے بعد انھوںنے سزا کی منسوخی اور رکنیت کی بحالی کیلئے سپریم کورٹ میں اپیل داخل کی اور ۱۵؍ دسمبر ۲۰۲۳ ءکو سپریم کورٹ نے سزا پر روک لگاتے ہوئے ان کی رکنیت کو بحال کردیا تھا ۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے سزا کی منسوخی کیلئے انہیں ہائی کورٹ سے رجوع کا حکم دیاتھا۔ عدالت نے واضح کیاتھا کہ اس دوران وہ الیکشن لڑسکتے ہیں اگر فیصلہ آنے سے قبل وہ الیکشن جیت جاتے ہیں تو ان کی رکنیت برقراررہنے یا نہ رہنے کا انحصار ہائی کورٹ کے فیصلے پر ہوگا۔ اب جبکہ الہ آباد ہائی کورٹ نے سزا پر روک لگادی ہے، افضال انصاری کی لوک سبھا کی رکنیت پر لٹکتی ہوئی تلوار ہٹ گئی ہے۔
اس کے ساتھ ہی کورٹ نے افضال انصاری کی اس دلیل پر سزا میں اضافہ کی یوگی سرکار اور کرشنانند رائے کے بیٹے کی اپیل کو خارج کردیا کہ قتل کیس میں افضال انصاری بری ہوچکے ہیں۔