چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
EPAPER
Updated: August 14, 2024, 12:21 PM IST | Agency
چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔
ہریانہ اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کا جائزہ لینے کیلئے دو روزہ دورے کے بعد الیکشن کمیشن نے منگل کو کہا کہ کمیشن ریاست میں اسمبلی انتخابات کرانے کیلئے پوری طرح سے تیار ہے۔
منگل کو چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار، الیکشن کمشنر گیانیش کمار اور ڈاکٹر ایس ایس سندھو نے یہاں انتخابی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ ہریانہ اسمبلی کی مدت ۳؍ نومبر کو ختم ہو رہی ہے۔ کمیشن کی طرف سے یہاں جاری بیان کے مطابق ان دو دنوں کے دوران بڑی قومی اور ریاستی سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے کمیشن کی ٹیم سے ملاقات کی اور اپنے مسائل پیش کئے۔ ان میں بنیادی طور پر سرکاری مشینری کے غلط استعمال کو روکنے، مناسب تعداد میں مرکزی فورسیز کی تعیناتی، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی شکایات کو فوری طور پر نمٹانے، ووٹر لسٹوں کی تجدید اور انتخابی اخراجات میں اضافہ کے مطالبات شامل تھے۔
یہ بھی پڑھئے:سماجوادی اور کانگریس کی ضمنی الیکشن کی تیاری
کمیشن نے سب کو یقین دلانا چاہا کہ کمیشن آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کرانے کیلئے پرعزم ہے۔ کمیشن کے مطابق ووٹر لسٹ کو۲۷؍ اگست تک حتمی شکل دی جائے گی۔ اس بار۸۵؍ سال سے زائد عمر کے ووٹرز اور۴۰؍ فیصد معذور ووٹرز کو گھر بیٹھے ووٹ ڈالنے کی سہولت دی جائے گی جن کی تعداد دو لاکھ۵۵؍ ہزار ہے لیکن اگر وہ پولنگ اسٹیشن آکر ووٹ ڈالنا چاہتا ہے تو اس کیلئے بھی انتظامات کئے جائیں گے۔
کمیشن نے ریاست کے سینئر افسران، ضلعی انتخابی افسران اور پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کی اور انہیں ہدایات دیں جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو آسانیاں فراہم کرنے اور امن و امان کو یقینی بنانے وغیرہ سے متعلق ہدایات دی گئیں۔