• Sat, 25 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

ماحول کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے حق میں ہے:سونیا گاندھی

Updated: August 01, 2024, 10:04 AM IST | New Delhi

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے سینئر لیڈر نے کہا کہ’’ کانگریس مؤثر طریقے سے اپنا نظر یہ عوام تک پہنچا رہی ہے ‘‘

Sonia Gandhi on her way to a meeting.(PTI)
سونیا گاندھی میٹنگ کیلئے جاتے ہوئے ۔(پی ٹی آئی)

 کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر سونیا گاندھی نے کہا ہے کہ لوک سبھا انتخابات کے بعد سے ماحول کانگریس اور اپوزیشن جماعتوں کے حق میں ہے، اس لیے جن ریاستوں میں اس سال کے آخر تک اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں، وہاں انتخابات میں اس کا  فائدہ مل سکتا ہے۔ سونیا گاندھی نے پارلیمنٹ ہاؤس احاطے میں ایوانِ دستور کے سینٹرل ہال میں بدھ کو کانگریس پارلیمانی پارٹی (سی پی پی) کی جنرل میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے باہر اور اندر کانگریس اپنا پیغام پہنچانے میں پوری طرح کامیاب ہو رہی ہے اور مؤثر طریقے سے اپنا نظریہ لوگوں تک پہنچارہی ہے۔
 سونیا گاندھی نے کہا  ’’اگر ہم ۴؍ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات جیت جاتے ہیں تو اس کا قومی سیاست پر خاص اثر پڑے گا، اس لئے تیار ہو جائیں۔ ہوا ہمارے حق میں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ جو  نئے  ممبران منتخب ہوکر آئے ہیں، انہیں بھی متاثر کن انداز میں ہر جگہ  پارٹی کا پیغام پہنچانا ہے اورسب کو مل کر کانگریس کو مضبوطی سے آگے بڑھانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اسی وقت ممکن ہو سکتا ہے جب ہم پارلیمنٹ  کے اندر اور پارلیمنٹ کے باہر بھرپور طریقے سے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔سونیا گاندھی نے حکومت پر کسانوں اور بالخصوص نوجوانوں کے سلگتے ہوئے مطالبات کو مکمل طور پر نظر انداز کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ بجٹ میں کئی اہم شعبوں میں الاٹمنٹ سے انصاف نہیں کیا گیا ہے۔ حکومت بجٹ کے حوالے سے بہت کچھ کہہ رہی ہے لیکن سچ یہ ہے کہ بجٹ کے حوالے سے بڑے پیمانے پر مایوسی ہے۔سونیا گاندھی نے کہا کہ ملک میں بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر ہے اور ملک کے عام شہری کو حکومت پر بھروسہ نہیں ہے جبکہ پوری سرکاری مشینری ملک کے عوام کو گمراہ کرنے میں لگی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا’’ہمیں امید تھی کہ مودی حکومت لوک سبھا انتخابات میں سیٹ کم ہونے سےسبق سیکھے گی، لیکن وہ اب بھی خوف اور دشمنی کا ماحول پھیلانے کی اپنی پالیسی پر قائم ہے۔انہوں نے ۲۰۲۱ء سے عام مردم شماری نہ کرنے پربھی  حکومت کو تنقید کا نشانہ  بنایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK