سی ایس ایم ٹی اور ایل ٹی ٹی پر ۲۴؍ڈبوں کی ٹرینوں کیلئے پلیٹ فارم بنانے کا ۹۰؍فیصد کام مکمل۔
EPAPER
Updated: November 21, 2023, 8:59 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
سی ایس ایم ٹی اور ایل ٹی ٹی پر ۲۴؍ڈبوں کی ٹرینوں کیلئے پلیٹ فارم بنانے کا ۹۰؍فیصد کام مکمل۔
چھترپتی شواجی مہاراج ٹرمنس(سی ایس ایم ٹی) اور لوکمانیہ تلک ٹرمنس(ایل ٹی ٹی) پر ۷؍پلیٹ فارمس کی تعمیر و توسیع کے دوسرے مرحلے میں ۹۰؍فیصد کام پورا کرلیا گیا ہے۔ ان پلیٹ فارمس پر ۲۴؍ڈبوں کی ٹرینیں رکیں گی جس سے مسافروں کو کافی سہولت ہوگی اور زائد پلیٹ فارم بھی دستیاب ہوجائیں گے۔ اس وقت تک یہ پلیٹ فارم محض ۱۶؍تا ۱۸؍ ڈبے کی گنجائش والے تھے جبکہ ایل ٹی ٹی میں ۲؍ نئے پلیٹ فارم کا کام بھی ۹۰؍ فیصد مکمل ہوگیا ہے۔
ایل ٹی ٹی میں نئے پلیٹ فارمس کے لئے ۶۴؍کروڑ ۱۰؍لاکھ روپے کا خرچ مختص کیا گیا ہے جبکہ سی ایس ایم ٹی کےلئے ۶۲؍کروڑ ۱۲؍لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں۔ اس رقم کے ذریعے پلیٹ فارم نمبر۱۰،۱۱،۱۲،۱۳،اور۱۴؍ کو ۲۴؍ ڈبوں کیلئے بنایا جارہا ہے۔ اب تک صرف ۱۶؍اور ۱۸؍ڈبوںکی ہی گاڑیوں کی یہاں گنجائش تھی۔
سینٹرل ریلوے کے چیف پی آر او ڈاکٹر شیوراج مانس پورے نے نمائندہ ٔانقلاب کو مذکورہ بالا تفصیلات کے ساتھ یہ بھی بتایا کہ ریلوے انتظامیہ کی جانب سے مسافروں کی سہولت کے پیش نظر یہ کام کیا جارہا ہے اور کئی دیگر منصوبے بھی بنائے گئے ہیں۔آئندہ چند برس میں سینٹرل ریلوے کے مسافر کافی آرام محسوس کریں گے اور ان کا سفر بہت آسان ہوجائے گا۔
چیف پی آر او نے مزید کہا کہ پلیٹ فارمس کی توسیع اور تعمیر اس لئے زیادہ ضروری تھا کیونکہ لمبے پلیٹ فارم کم ہونے سے ۲۴؍ڈبے کی ٹرینوں کیلئے پلیٹ فارم خالی ہونے کا انتظار کرنا ہوتا تھا، اب یہ مسئلہ حل ہوجائیگا۔ چیف پی آر او نے مزید کہا کہ بقیہ کام بھی تکمیل کے قریب ہے۔ امید ہے دسمبر کے پہلے ہفتے سے توسیع شدہ ان پلیٹ فارم پر ٹرینیں رکنے لگیں گی اور مسافروں کو کئی توسیع شدہ پلیٹ فارموں کی سہولت ملنے لگے گی۔