سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد فزکس کے سوال کے نمبر کو دھیان میں رکھتے ہوئے نتیجہ جاری کیا گیا، این ٹی اے نے پہلے کہا تھا کہ اس سوال کے دو درست جواب ہیں۔
EPAPER
Updated: July 28, 2024, 10:44 AM IST | Agency | New Delhi
سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد فزکس کے سوال کے نمبر کو دھیان میں رکھتے ہوئے نتیجہ جاری کیا گیا، این ٹی اے نے پہلے کہا تھا کہ اس سوال کے دو درست جواب ہیں۔
نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) نے تنازعات سے بھرے میڈیکل انٹرنس امتحان ’نیٹ-یوجی‘ کا آخری نتیجہ یعنی حتمی رزلٹ جاری کر دیا ہے۔ اس تعلق سے این ٹی اے کے افسران بتایا کہ اس امتحان میں ٹاپرس کی تعداد جو پہلے ۶۷؍تھی، وہ بعد میں گھٹا کر ۶۱؍ کی گئی اور اب حتمی رزلٹ میں ٹاپرس کی تعداد گھٹ کر صرف ۱۷؍ رہ گئی ہے۔سپریم کورٹ کی ہدایت کے بعد فزکس کے ایک سوال کے نمبر کو دھیان میں رکھتے ہوئے تازہ نتائج جاری کئے گئے ہیں۔ این ٹی اے نے پہلے کہا تھا کہ اس سوال کے دو درست جواب ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ پہلے اس امتحان کے ٹاپرس کی تعداد ۶۷؍ تھی جن میں سے ۴۴؍ نےفزکس کے اس خاص سوال کے لئے دیے گئے نمبر کی وجہ سے پورے نمبر حاصل کئے تھے۔ بعد میں ٹاپرس کی تعداد گھٹا کر ۶۱؍کر دی گئی تھی کیونکہ ایجنسی نے کچھ امتحان مراکز پر وقت کے نقصان کے ازالہ کے لئے ۶؍امیدواروں کو دئیے گئے گریس مارکس واپس لے لئے تھے لیکن اب فزکس کے سوال والے نمبر حذف کرنے سے مزید ۴۴؍ امیدوار ٹاپرس کی فہرست سے باہر ہو گئے ہیں۔
واضح رہےکہ نیٹ کے ناکام امیدواروں کو بڑا جھٹکا دیتے ہوئے سپریم کورٹ نے اس امتحان کو منسوخ کرنے اور دوبارہ کرانے کی گزارش والی عرضیوں کو منگل کو خارج کر دیا تھا۔ نیٹ-یوجی کا انعقاد سرکاری اور پرائیویٹ اداروں میں ایم بی بی ایس، بی ڈی ایس، آیوش اور دیگر متعلقہ نصابوں میں داخلے کے لئے کیا جاتا ہے۔