لکھنؤ اور حیدرآباد سے بھی عازمین کی پہلی پروازیں روانہ ہوئیں
EPAPER
Updated: April 29, 2025, 11:30 PM IST | Mumbai
لکھنؤ اور حیدرآباد سے بھی عازمین کی پہلی پروازیں روانہ ہوئیں
لبیک اللہم لبیک کی صداؤں کے ساتھ عازمینِ حج کا پہلا قافلہ منگل کی شام ممبئی کے سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ سےسرزمین حجاز روانہ ہوا۔ ۲۹؍اپریل کوملک کے تین امبارکیشن پوائنٹ سے عازمین حج کی روانگی عمل میں آئی۔ ممبئی سے روانہ ہونے والے خصوصی طیارے میں ۴۳۳؍ عازمین سوار تھے۔ حیدرآباد سے جانے والے جہاز میں ۲۶۲؍ عازمین اور لکھنؤ سے روانہ ہونے والے جہاز میں۲۸۸؍ عازمین ِ حج سوار تھے۔ اس طرح تینوں مقامات سے مجموعی طور پر ۹۸۳؍ عازمین پر مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔
ایئرپورٹ پر روح پرور منظر
عازمین کی روانگی کے وقت سہار انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا منظر بالکل مختلف تھا۔ احرام کی چادریں لپیٹے تلبیہ پڑھتے ہوئے عازمین آگے بڑھ رہے تھے۔ اس روح پرور منظر کے وقت کچھ عازمین سے اُن کے اہل خانہ اور اعزہ معانقہ کررہے تھے تو کچھ ان کی پیشانیوں کوبوسہ دے رہے تھے تو کچھ دعاؤں کی درخواست کررہے تھے اورتقریباً سبھی کی آنکھیں فرط ِمسرت سے اشک بار تھیں کہ باری تعالیٰ نےوہ دن دکھلایا جس کیلئے وہ عرصے سے کوشاں رہے ۔عازمین کو رخصت کرنے والے اس وقت تک موجود رہے جب تک کہ عازمین ایئرپورٹ کے اندراُس حصے میںداخل نہیںہوگئےجہاں مسافروں کے علاوہ عام شخص کا داخلہ ممنوع ہوتا ہے۔
ہرممکن سہولت مہیا کرانے کی کوشش
عازمین کی روانگی سے قبل روایات کے مطابق ان کے استقبال کیلئے مختصر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔اس میں وزارت برائے اقلیتی امور کے جوائنٹ سیکریٹری سی پی بخشی نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہاکہ ’’ حج کمیٹی آف انڈیا اور حکومت ہند کی جانب سے حج پرجانے والوں کی سہولت کا ہرممکن طریقے سے خیال رکھا گیا ہے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ حج کرسکیں۔ اسی غرض سے سویدھا ایپ مہیاکرائی گئی ہے۔ امید ہے کہ تمام عازمین نے اسے ڈاؤن لوڈ کیا ہوگا ۔‘‘ انہوں نے عازمین کو گرمی کے موسم میں بطور خاص صحت کا خیال رکھنے کی تلقین بھی کی ۔
سی ای او نے کیا کہا ؟
حج کمیٹی آف انڈیا کے سی ای اوشہنواز سی نےکہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین کوسہولت مہیا کرانے کی کوشش کی گئی اورآخری جہاز تک یہ کوشش جاری رہے گی