• Wed, 15 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

دادر اسٹیشن کے فٹ اوور بریج کو آخر کار پلیٹ فارم ۴؍ سے جوڑدیا گیا

Updated: November 25, 2022, 10:03 AM IST | Mumbai

ایم آر وی سی نے وعدے کے مطابق ۲؍ مہینے بعد اسٹیشن کے اس تنگ لیکن مصروف ترین پلیٹ فارم پر سیڑھیاں بنانے کا کام شروع کردیا

Construction of stairs for foot over bridge on platform no. 4 of the station has been started.
دادراسٹیشن کے پلیٹ فارم نمبر۴؍پر فٹ اوور بریج کیلئے سیڑھیاں بنانے کا کام شروع کیا گیا ہے۔

 تقریباً ۲؍ مہینے قبل دادر ریلوے اسٹیشن کو  بالکل نیا فٹ اوور برج مل گیا تھا لیکن مسافروں کو اس مصروف اور تنگ پلیٹ فارم نمبر ۴؍ کو اس سے نہ جوڑے جانے سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا تھا  ۔ ایم آر وی سی  نے مانسون کے بعداسے جوڑنے کا کام کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی اور اس نے اپنے وعدے کو پوراکیا۔فٹ اوور بریج سے جڑنے والی سیڑھیوں کی تعمیر کا کام بالآخر شروع کردیا گیا ہے۔
  نئے فٹ اوور بریج (ایف اوبی) کو پلیٹ فارم نمبر۴؍ کے علاوہ تمام پلیٹ فارم  سے جوڑ دیا گیا ہے جہاں سے مسافر تیز رفتار لوکل ٹرین سے چرچ گیٹ جاتے ہیں۔ یہ پلیٹ فارم نہ صرف مصروف  رہتا ہے لیکن کافی تنگ  ہے۔ اس نمائندے نےستمبر میںاس کی سیڑھیاں نہ بنائے جانے پر مسافروں کے غصے کو اجاگر کیاتھا۔
 ممبئی ریلوے وکاس کارپوریشن (ایم آر وی سی) کے عہدیداروں نے یقین دلایا تھا کہ مانسون کے بعد سیڑھیاں بنائی جائیں گی۔ اس کے چیف پبلک ریلیشن آفیسر سنیل اداسی نے اس تعلق سے کہا کہ ’’مانسون کی وجہ سے کام ملتوی کر دیا گیا تھا کیونکہ پلیٹ فارم نمبر ۴؍ بہت تنگ ہے۔ بارش کے موسم میں کھدائی کا کوئی بھی کام مسافروں کی نقل و حرکت پر اثر انداز ہوتا اوراس سے حادثے کا خطرہ رہتا۔ نئی سیڑھیوں پر کام کو باریک بینی سے منصوبہ بندی کے ساتھ شروع کیا گیا ہے۔ فی الحال پلیٹ فارم کے ایک چھوٹے سے حصے کو بیریکیڈ لگادیا گیا تاکہ  اس کی بنیادوں کا کام شروع  ہوسکے  اور مسافروں کو کم سے کم تکلیف ہو۔ یہ کام مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔‘‘ 
 اس تعلق سے مسافروں کا کہنا تھا کہ ریلوے کو جلد کام مکمل کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ڈاکٹر گری راج شیونئے نامی مسافر نے کہا کہ ’’ریلوے کو چرچ گیٹ تک تیز رفتار لوکل ٹرینوں کی بہت زیادہ بھیڑ کو دیکھتے ہوئے تنگ پلیٹ فارم کو مستقل طور پر چوڑا کرنے کےمتبادل بھی تلاش کرنے چاہئیں۔‘‘ 
 دادر اسٹیشن پر روزانہ تقریباً   ۵ء۵؍لا کھ مسافر آتے ہیں۔ شہر کے باہر سے آنے والے  افراد  کے علاوہ یہ مقامی مسافروں کیلئے ایک اہم  جگہ ہے۔ تہواروں کے موسم یا کسی بھی سیاسی جلسے اور  تقریب کے دوران روزانہ کی تعداد۸؍ لاکھ سے تجاوز کر جاتی ہے۔مذکورہ فٹ اوور بریج تقریباً ۵ء۸۱؍ میٹر لمبا اور۸؍ میٹر چوڑا ہے ۔ یہ پلیٹ فارم نمبر ایک ، ۲، ۳؍، ۵؍  کے ساتھ ہی ساتھ مشرقی جانب کے اسکائی واک سے جڑتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK