Inquilab Logo

فرانس کے صدرنے جنگ سے متعلق وزیر اعظم مودی کے موقف کی تائید کی

Updated: September 22, 2022, 12:08 PM IST | Agency | New York

مودی نے پوتن سے ملاقات کے دوران کہا تھا کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے۔ ایمانوئل میکرون کی ہندوستانی وزیر خارجہ  ڈاکٹر ایس جے شنکرسے ملاقات

External Affairs Minister Dr S Jaishankar with Emmanuel Macron.Picture:PTI
وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر ایمانوئل میکرون کے ساتھ ۔ تصویر:پی ٹی آئی

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کے سامنے جنگ کے خلاف ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان کی تعریف کی ہے۔یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے۷۷؍ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی صدر نے کہا، ’’ہندوستان کے وزیر اعظم نے درست کہا ہے کہ یہ جنگ کا وقت نہیں ہے۔ نہ ہی یہ وقت مغرب کی مخالفت کرنے یا مشرق سے کسی بھی طرح سے انتقام لینے کا ہے۔آج ہمیں جن چیلنجز کا سامنا ہے ان کا مقابلہ تمام خودمختار اقوام کو مل کر کرنا ہے۔‘‘ اپنی تیس منٹ کی تقریر میں  میکرون نے اس  معاملے پر خاموشی اختیار کرنے والے ممالک  پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ وہ زیادہ دیر تک چھپ کر نہیں بیٹھ سکتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو لوگ آج اپنے ادھیڑ بن میں مصروف ہیں، خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں ،وہ کہیں نہ کہیں ایک نئی سامراجیت کی حوصلہ افزائی کرکے دنیا کو برباد کر رہے ہیں۔  واضح رہےکہ مودی نے سمرقند میں ایس سی او کی سربراہی کانفرنس میں شرکت کی تھی۔   اس دوران ان کی روسی صدر سےملاقات ہوئی تھی۔ اس موقع پر انہوں نے مذاکرات اور سفارتکاری کا راستہ اپنانے  پر زور دیاتھا۔  مودی نے پوتن  سے بات چیت میں کہاتھا، ’’میں جانتا ہوں کہ آج جنگ کا وقت نہیں ہے۔ جمہوریت، سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعہ ہی ہم امن کی راہ پر آگے بڑھ سکتے ہیں، ہمیں اس مسئلے پر بات چیت کرنے کا موقع ملے گا اور میں بھی آپ کے موقف کوسمجھنے کی کوشش کروں گا۔‘‘دریں اثناء یوکرین میں جاری جنگ اور اس کے اثرات پر مختلف علاقائی گروپوں کے درمیان ایک اعلیٰ سطح کے مذاکرات میں وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے ایمانوئل میکرون کے ساتھ بات چیت کی۔ اس کے لئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے فرانسیسی صدر کا شکریہ بھی ادا کیا اور ٹویٹ کرکے کہا کہ `اس بات چیت میں یوکرین میں جاری بحران پرجی۲۰؍ ممالک کی خاموشی پر بھی  تبادلۂ خیال کیاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK