• Mon, 11 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

آج سے اسکولوں کامکمل آغاز، طلبہ میں جوش و خروش

Updated: March 02, 2022, 8:18 AM IST | saadat khan | Mumbai

تقریباً ۲؍سال بعد پورےوقت اور طلبہ کی پوری تعداد کےساتھ اسکول شروع ہوںگے، طلبہ ،اساتذہ ، والدین اور تعلیمی تنظیموںنے خیرمقدم کیا

Taking all precautionary measures, schools will start from today. (File photo)
تمام احتیاطی اقدامات کرتے ہوئے آج سے اسکولوں کا آغاز ہوگا۔(فائل فوٹو)

: کووڈ۱۹؍ کی وجہ سے گزشتہ ۲؍سال سے اسکول مختلف مراحل اور پابندیوںکےساتھ کبھی جاری رہےتو کبھی شروع ہونے کےبعددوبارہ بند کردیئے گئے ۔ اس دوران متعدد مرحلوںمیں آن لائن پڑھائی جاری رہی ۔ تقریباً ۲؍سال بعد آج  ( بدھ) سے پورےوقت اور طلبہ کی پوری تعداد کےساتھ اسکول کاآغاز ہورہاہے جس کا طلبہ ،اساتذہ ، والدین اور تعلیمی تنظیموںنے خیرمقدم کیاہے۔ پڑھائی کے ساتھ کھیل کوداور ثقافتی سرگرمیاں منعقدکرنےکی اجازت دیئے جانے سے بھی طلبہ اور اساتذہ میں خوشی کاماحول ہے۔ 
  واضح رہےکہ جب سے کوروناوائرس کی وباء پھیلی ہے اُس وقت سے آف لائن اسکول بند ہیں۔ کورونا کے معاملات میں کمی آنےکےبعد کچھ دنوںکیلئے آف لائن اسکول ضرور شروع کئے گئے تھے مگر کورونا کی دوسری اور تیسری لہر کے دوران پھر بند کردیئے گئے تھے۔ اس وقفہ میںآف لائن اسکول ضرور بند کئے گئے تھےمگر طلبہ کاتعلیمی نقصان نہ ہواس لئے ان کی آن لائن پڑھائی جاری تھی۔ کورونا وائرس کی تیسری لہر کے ختم ہونے پر تقریباً ۲؍سال بعد پہلی مرتبہ پورے وقت اور طلبہ کی پوری تعداد کےساتھ ۲؍مارچ سے دوبارہ اسکول شروع کئے جارہےہیں جس سے طلبہ ،والدین اور اساتذہ میں جوش وخروش ہے۔
 نریمن لین میونسپل اُردو اسکول کے ہیڈماسٹر عقیل میاں نے بتایاکہ ’’ بدھ سے اوّل تاآٹھویں جماعت کے طلبہ کا اسکول ۲؍سال بعد پہلی مرتبہ پورے وقت اورطلبہ کی پوری تعداد کے ساتھ شروع کئے جارہےہیں ۔ اس کیلئے اسکولوں میں  تمام تر تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں۔ طلبہ اور ان کے والدین کو تین چار دن پہلے ہی اس بارےمیں اطلاع دےدی گئی ہے۔ کووڈ کے تناظر میں طلبہ کے تحفظ سے متعلق حکومت نے جوگائیڈ لائن جاری کی ہے  اس پر پوری طرح عمل کرنےکی تیاری کی گئی ہے۔ جو طلبہ ہنوز آن لائن تعلیم حاصل کررہے ہیں، ان کےوالدین اورسرپرستوں سے اپیل کی گئی ہےکہ وہ اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں ۔ ہمارے اسکول کے تقریباً ۸۵؍ طلبہ آبائی وطن سے آن لائن تعلیم میں اب بھی شریک ہو رہے ہیں۔ ان طلبہ کو گائوں سے بلانےکیلئے وہاٹس ایپ کے ذریعے  پیغام ارسال کیا گیاہے۔ ا ُمید ہے کہ وہ بھی جلد ازجلد ممبئی آجائیں گے۔ مجموعی طورپر کووڈ سے پہلے جس طرح  اسکول کا ماحول ہواکرتا تھا ،چند دنوںمیں اس کے لوٹ آنے کی اُمید ہے۔‘‘
  مہاراشٹر اسٹیٹ شکشک بھارتی ممبئی کے جنرل سیکریٹری سبھاش مورے نے بتایاکہ ’’ اسکول شروع کئے جانےکا خیر مقدم ہے مگر دراصل یہ صرف سیاسی چالبازی ہے۔ ۴؍مارچ سے بارہویں اور ۱۵؍مارچ سے دسویں جماعت کے بورڈ امتحانات شروع ہورہےہیں۔ جن اسکولوںمیں بورڈامتحان منعقدکئے جائیں گے وہاں کے طلبہ کو امتحان کی وجہ سے کچھ ہی گھنٹوں بعد اسکول سے چھٹی دے دی جائے گی۔ بورڈ امتحان کےختم ہونے کےبعد اوّل تا نویں جماعت کے امتحانات شروع ہوجائیں گے۔ ایسےمیں پورے وقت اور طلبہ کی پوری تعداد کےساتھ اسکول شروع کرنےکا کیامقصد اورمطلب ہے۔ صرف عوام کو دلاسہ دینےکیلئے پوری طرح اسکول شروع کرنےکااعلان کیاگیاہے ۔ حکومت بنا سوچے سمجھے کچھ بھی کررہی ہے۔‘‘
  اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نے کہاکہ ’’معمول کےمطابق اسکول شروع کئے جانے کا فیصلہ انتہائی اہم ہے۔ ہم اس کا استقبال کرتےہیں مگراس میں ہونےوالی تاخیر کی شکایت بھی کی جانی چاہئے ۔۲؍سال سے اسکولوںکےبندہونے سے طلبہ کا بڑا تعلیمی نقصان ہواہے۔ آن لائن پڑھائی سے طلبہ نے کیا سیکھاہے اس کا انداز ہ آف لائن اسکول میں آنےوالے طلبہ کی کارکردگی سے بخوبی ہو رہا ہے ۔ ۲؍سال آف لائن اسکول سے دور ہونے کی وجہ سے طلبہ پڑھنا لکھنا بھول گئے ہیں۔ انہیں جس مقام پر چھوڑا گیا تھا وہ اس سطح سےنیچے آ گئےہیں۔ انہیں دوبارہ اس سطح پر لانےکیلئے اضافی محنت کرنےکی ضرورت ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK