۳۱؍مارچ سے ۲؍اپریل تک زیارت اور سیر و تفریح کیلئے آنے والوں سے طغیانی کے وقت کا خیال رکھنے کی اپیل
EPAPER
Updated: March 29, 2025, 11:18 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
۳۱؍مارچ سے ۲؍اپریل تک زیارت اور سیر و تفریح کیلئے آنے والوں سے طغیانی کے وقت کا خیال رکھنے کی اپیل
سمندر میں طغیانی کے سبب حاجی علی درگاہ کا گیٹ ۳۱؍ مارچ اوریکم و ۲؍اپریل کو بند رہے گا۔درگاہ انتظامیہ کی جانب سے زائرین کومطلع کیا گیا ہے کہ وہ درگاہ کا گیٹ بند ہونے کے اوقات ذہن میںرکھ کرسفر کریں تاکہ انہیں دقت نہ ہو ۔
کب اورکن اوقات میںگیٹ بند رہے گا
۳۱؍مارچ ،پیر کے دن (ممکنہ عید)،کو دوپہر ۱۲؍ بجے سے ۳؍بجے تک، باسی عید یکم اپریل کو۱۲؍ بجکر ۴۵؍ منٹ سے ۳؍بجکر ۴۵؍ منٹ تک اورتیواسی عید ۲؍اپریل کوایک بجکر ۳۰؍ منٹ سے ۴؍بجکر ۳۰؍ منٹ تک گیٹ بند رہے گا۔
طغیانی کے مذکورہ بالا اوقات سے چند منٹ قبل ہی گیٹ بند کردیا جائے گا ۔ اس کے بعد طغیانی ختم ہونے پردوبارہ گیٹ کھولا جائے گا۔ اس لئے عقیدت مند اورزائرین ان اوقات کا بطورخاص خیال رکھیںتاکہ انہیںکسی قسم کی پریشانی نہ ہواور نہ ہی انہیں گیٹ کھلنے کے لئے انتظار کرنا پڑے۔
زائرین کا خیال رکھا جارہا ہے
حاجی علی درگاہ انتظامیہ کمیٹی کے ایگزیکیٹو آفیسر محمداحمدطاہرنےنمائندۂ انقلاب کے استفسار کرنے پر بتایاکہ’’ ہر ممکن طریقے سے زائرین تک پیغام رسانی کی جارہی ہے کہ وہ وقت کا خیال رکھتے ہوئے حضرت کے آستانے پرحاضری کے لئے آئیں تاکہ نہ توان کوپریشانی ہو اورنہ ہی گیٹ بند ہونے کے سبب ان کوانتظار کرنا پڑے ۔‘‘
انہوں نےیہ بھی بتایاکہ ’’ عقیدت مندوں کا ہر طرح سے خیال رکھاجاتا ہے اور سب سے اہم ان کی حفاظت ہے۔ اسی لئے پیشگی اطلاع دی جارہی ہے کہ بہترہوگا کہ وہ ان اوقات میںسفر کرنے سے بچیں۔ اس کے علاوہ درگاہ انتظامیہ کی جانب سے ہمیشہ کی طرح اس موقع کے لئے پیشگی تیاری رکھی گئی ہے مثلاً تیراکوں کو الرٹ رکھنا، سی سی ٹی وی کیمروں کےذریعےنگرانی، اعلانات کے ذریعے آگاہ کرنااور پولیس اورشہری انتظامیہ سے رابطہ وغیرہ۔ اس کا بنیادی مقصد عقیدت مندوں کوسہولت پہنچانا اور انہیںکسی قسم کی پریشانی نہ ہو، اس کیلئے ہر ممکن طریقے انہیںآگاہ کرانا ہے ۔‘‘