Inquilab Logo

ہینکاک بریج آغاز کے محض۳؍دن بعد ہی حادثہ کا سبب بن گیا

Updated: August 05, 2022, 9:09 AM IST | saadat khan | Mumbai

نشیب کی جانب موجود ریت،پتھر اور پانی کے سبب موٹرسائیکل پھسل گئی،باپ اور دو بیٹیاںزخمی، شکایت کے بعد بی ایم سی کا عملہ حرکت میں آیا

BMC officials are removing mud and sand
بی ایم سی اہلکار مٹی اور ریت ہٹارہے ہیں

 ہینکاک بریج شروع ہوکر صرف ۳؍ دن ہوئےہیں،لیکن ابھی سےحادثات کا سلسلہ بھی شروع ہوگیاہے۔بدھ کو بریج سےمتصل سڑک پر گڑھا اورگڑھےمیں پانی اوریت ہونے سے ایک ۴۵؍ سالہ ٹیچر جو اپنی ۲؍بیٹیوں کو اسکول لے کر جارہاتھا، اچانک بائیک پھسلنے سے گرپڑا ۔ جس کی وجہ سے یہ تینوں زخمی ہوگئےہیں۔سینڈھرسٹ روڈ کےمعلم ڈوسا سہاس بڈے نےبتایاکہ ’’ بدھ کی صبح میں اپنی ۲؍ بیٹیوں، جومجگائوں کے ڈائمنڈ جبلی اسکول میں دسویں اور چھٹی جماعت میں پڑھتی ہیں، کوبائیک سے اسکول چھوڑنےجارہاتھا۔ نور باغ سےمجگائوں کی طرف ختم ہونے والے ہینکاک بریج سےمتصل سڑک پر پانی جمع تھا۔مجبوراً اسی پانی سےمجھے گزرنا تھا۔پانی میں جاتے ہی بائیک پھسل گئی اور ہم تینوں گرکر زخمی ہوگئے۔ میرے کندھے اور بیٹیوںکے پیر میں چوٹ آئی ہے۔ کسی طرح لوگوں نے ہمیں اُٹھا کر گڑھے سے نکالا۔ بعدازیں میںاپنی بیٹیوںکولے کر اسکول پہنچا۔اسکول والوںنے بیٹیوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کیا جبکہ میں سیدھے ڈاکٹر کے پاس گیا۔ڈاکٹر نے دوا اور انجکشن وغیرہ لگایا ہے لیکن  میرے کندھےمیں اب بھی تکلیف ہے۔ ‘‘ 
 ایک سوال کے جواب میں سہاس نےبتایا کہ ’’ہینکاک بریج شروع کردیاگیاہےمگر بریج اور اطراف کی جگہ کی صفائی نہیں کی گئی ہے۔بریج پر کنکر مٹی پڑی ہے۔ساتھ ہی بریج سے متصل دونوں جانب کی سڑکوں پر گڑھوںکے علاوہ ریت اور پتھروغیرہ پڑے ہیں۔گڑھےمیں بارش کا پانی اور ریت ہونے سے میری بائیک پھسل گئی تھی جس کی وجہ سے میں اور میری بیٹیاں زخمی ہوئے ہیں۔ یہ تو اچھا ہواکہ اس وقت عقب سے موٹر گاڑی نہیں آرہی تھی ورنہ بڑا حادثہ ہونے کا اندیشہ تھا۔بی ایم سی کو چاہئے کہ وہ اس جانب فوری توجہ دے تاکہ یہاں سے گزرنے والوںکو اس طرح کے حادثات کا سامنا نہ کرناپڑے۔‘‘ڈونگری کے سماجی کارکن کملاکر شینوائے نے اس تعلق سے بی ایم سی کی ویب سائٹ اور ٹوئٹر پر شکایت درج کرائی تھی۔  اس شکایت پربی ایم سی عملے نے جمعرات کو اس گڑھے کو بند کردیاہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK