ریاستی سطح پر ملیریا کی شکایت میں معمولی کمی ، جنوری سےاپریل کے دوران ۲؍ہزار ۷۶۲؍مریض ملے ، ممبئی میں سب سے زیادہ ایک ہزار ۴۱۳؍معاملات
EPAPER
Updated: April 26, 2025, 10:46 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
ریاستی سطح پر ملیریا کی شکایت میں معمولی کمی ، جنوری سےاپریل کے دوران ۲؍ہزار ۷۶۲؍مریض ملے ، ممبئی میں سب سے زیادہ ایک ہزار ۴۱۳؍معاملات
ریاستی محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ ۴؍مہینوں میں ملیریا کے ۲؍ہزار۷۶۲؍ کیس درج کئے گئےہیں،ا ن میں سےکسی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے۔سب سے زیادہ ایک ہزار ۴۱۳؍ مریضوںکا تعلق ممبئی سے رہا۔ گزشتہ سال اسی مدت میں ۲؍ہزار ۸۶۷؍ ملیریا کے مریض پائے گئے تھے جن میںسے ۴؍مریضوںکی موت ہوئی تھی۔ امسال ملیریا کے مریضوںکی تعداد میں کمی واقع ہوئی ہے۔ریاستی محکمہ صحت نے اس تعلق سے وضاحت کی ہےکہ پچھلے سال کے مقابلہ امسال ریاست میں ملیریا کازور کم رہاجبکہ ریاست کے مقابلے ممبئی میں گزشتہ سال کے مقابلے امسال ملیریا کے بخار کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہےکہ ہر سال ۲۵؍اپریل کو ورلڈ ملیریا ڈے منایاجاتاہے۔ اس کی مناسبت سے عوام میں ملیریا سےہونے والے نقصانات اورخطرات ، اس سے محفوظ رہنے کے طریقہ کاراور علاج سےمتعلق عوامی بیداری مہم چلائی جاتی ہے۔ریاستی محکمہ صحت عامہ کے ذریعے ملیریا سے متعلق فراہم کردہ اعداد و شمار کےمطابق جنوری سےاپریل ۲۰۲۴ءکے دوران ملیریا کے ۲؍ہزار ۸۶۷؍ کیسز درج کئے گئے تھے جن میں ۴؍افرادکی موت ہوئی تھی۔ اس سال اسی مدت کے دوران ملیریا کے مریضوں کی تعداد میں کسی حد تک کمی آئی ہے۔ جنوری سے اپریل ۲۰۲۵ء کے درمیان ملیریا کے ۲؍ہزار ۷۲۶؍ مریض پائے گئے ہیں اور ان میں سےاب تک کسی مریض کی موت نہیں ہوئی ہے۔
ریاستی سطح پر ایک طرف ملیریا کے مریضوںکی تعداد میں کمی آئی ہے لیکن جہاں تک ممبئی کا تعلق ہے، ملیریاکے مریضوںمیں اضافہ ہوا ہے ۔ اس دوران ممبئی میں ملیریا کے سب سےزیادہ مریض پائے گئےہیں۔ممبئی میں ملیریاکے ایک ہزار ۴۱۳؍اس کے بعد گڈچرولی میں ۷۸۱؍اور رائے گڑھ میں ۲۵۰؍مریض ملے ہیں ۔
ممبئی میں گزشتہ ۳؍سال سےملیریا کے مریضوںمیں متواتراضافہ
ممبئی میں ملیریا کے مریضوںکی تعداد میں بتدریج اضافہ ہورہاہےحالانکہ شہری انتظامیہ کی جانب سے ملیریا کے روک تھام کیلئے متعدد کوششیں کی جاری ہیں۔ اس کےباوجود ملیریا سے متاثرہونےوالے مریضوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ بی ایم سی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے اعداد وشمار کےمطابق گزشتہ ۳؍ برس سے ملیریا کے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اعدادو شمار کے مطابق بی ایم سی نے ۲۰۲۲ء میں ۱۳؍لاکھ ۶۰؍ہزار سے زائد شہریوں کے خون کے نمونوں کی جانچ کی تھی جن میں ۳؍ہزار ۹۸۵؍ ملیریا سےمثاثرپائے گئے تھے۔ ۲۰۲۳ءمیں ۱۳؍لاکھ ۹۸؍ہزار افراد کے خون کی جانچ کی گئی جن میں سے ۷؍ہزار ۳۱۹؍ اور ۲۰۲۴ءمیں ۱۵؍لاکھ ۱۰؍ہزار خون کے نمونوںکی جانچ کی گئی جن میں ۷؍ہزار ۹۳۹؍ افراد ملیریا سے متاثر پائے گئے ۔
ملیریا کی علامت ظاہر ہونے پر
فوراً ڈاکٹر سے رابطہ کرنےکی اپیل
مچھروں کے ٹھکانوں کو تباہ کر کے موسم سرما کے بخار پر قابو پانے کیلئے میونسپل کارپوریشن کے تمام کلینکس اور اسپتالوں میں ملیریا کے مریضوں کیلئے ضروری تشخیص اور علاج کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ شہریوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔ شہری بخار کی علامات کی صورت میں فوری علاج اور طبی مشورہ لیں۔ اس کے علاوہ اگر کسی پرائیویٹ ڈاکٹر کو ملیریاکے بخار کا مریض نظر آئے تو وہ فوری طور پر مکمل معلومات کے ساتھ متعلقہ محکمہ صحت کے افسر کو تفصیلات بتائیں۔