کیس کی سماعت ۴؍ججوں کے سامنے ہورہی ہے،اس کے بعد۳۰۳؍ہندوستانیوں کو رہا کرنے یا نظربندی میں توسیع کے تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔
EPAPER
Updated: December 25, 2023, 11:48 AM IST | Agency | Paris
کیس کی سماعت ۴؍ججوں کے سامنے ہورہی ہے،اس کے بعد۳۰۳؍ہندوستانیوں کو رہا کرنے یا نظربندی میں توسیع کے تعلق سے فیصلہ کیا جائے گا۔
فرانس میں جمعہ کی شب متحدہ عرب امارات سے نکاراگوا جانے والے طیارے کو انسانی اسمگلنگ کے شبہ میں روک لیا گیا تھا۔ اس میں ۳۰۳؍ہندوستانی موجود تھے جو اس وقت فرانس کی تحویل میں ہیں ۔ کیس کی سماعت ۴؍ ججز کے سامنے شروع ہوگئی جو۲؍ روز تک جاری رہے گی۔ اس کے بعدعدالت فیصلہ کرے گی کہ آیا انہیں رہا کیا جائے گا یانظر بندی میں توسیع کی جائے۔رائٹرز کی خبر کے مطابق ۳۰۳؍ میں سے۱۱؍ ہندوستانی نابالغ ہیں جن کے والدین ان کے ساتھ نہیں ہیں ۔ساتھ ہی نیوز۱۸؍کی رپورٹ کے مطابق طیارےمیں سوار زیادہ تر ہندوستانیوں کا تعلق پنجاب اورگجرات سے بتایا جاتاہے۔ یہ لوگ نکاراگوا سے امریکہ میں داخل ہونا چاہتے تھے۔
اس معاملے کی رپورٹ حکومت ہند کو بھیج دی گئی ہے۔ فرانسیسی اخبار لی موندےکے مطابق اس کیس کی تحقیقات فرانس کی اینٹی آرگنائزڈ کرائم یونٹ کر رہی ہے۔ زیر حراست ہندوستانیوں سےپوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
ہندوستانی اہلکار روزانہ لوگوں سے ملتے ہیں
فرانس نے ایئرپورٹ پر ہی تمام لوگوں کے لیےرہائش اور کھانے کا انتظام کیاہے۔بچوں کی تعلیم کیلئےایڈہاک ٹیوٹرز کی خدمات حاصل کی گئی ہیں ۔ ہندوستانی حکام ہر روز یہاں ان سے ملاقات کر رہے ہیں ۔فرانس میں غیر ملکی شہریوں کو۴؍ دن سے زیادہ حراست میں نہیں رکھا جا سکتا۔ اس کیلئےجج سے اجازت لینی پڑتی ہے،جو اس کی تحویل میں ۸؍ دن کی توسیع کر سکتا ہے۔ تاہم، سنگین صورتوں میں حراست کی مدت کو۲۴؍دن تک بڑھایا جا سکتا ہے۔
ساتھ ہی فرانس نے پرواز چلانے والے نجی جیٹ کےعملے کے اراکین سے بھی پوچھ گچھ کی ہے۔ اس کے بعد اسے رہا کر دیا گیا ہے۔
تحقیقات مکمل ہونے تک کوئی پرواز نہیں
پیرس پولیس نے بھی اس طیارے کو خفیہ اطلاع پر روکے جانےکی تصدیق کی تھی۔ فرانسیسی پولیس تحقیقات مکمل ہونے تک طیارے کو نہیں چھوڑے گی۔ طیارے نے دبئی سے ٹیک آف کیا تھا اور نکاراگوا کے کسی حصے میں لینڈ کرنےوالا تھا۔ اب فرانسیسی انٹیلی جنس ایجنسی اور پولیس مشترکہ طور پر معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔