• Sat, 05 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

اسرائیلی فوج نے لبنان میں زمینی کارروائی شروع کر دی، حزب اللہ کے ٹھکانے نشانے پر

Updated: October 02, 2024, 10:27 AM IST | Beirut

جنوبی لبنان میں اسرائیلی سرحد کے قریب شروع کی گئی اس کارروائی میں کئی دیہاتوں کو ایک ساتھ نشانہ بنایا جارہا ہے ،توپ خانہ کابڑے پیمانے پر استعمال

Israeli tanks advancing in southern Lebanon. (Photo: PTI)
جنوبی لبنان میں اسرائیلی ٹینک پیش قدمی کرتے ہوئے۔(تصویر: پی ٹی آئی )

اسرائیلی حکومت نے اپنے خلاف اٹھنے والی تمام آوازوں کو خاموش کرنے کا سلسلہ دراز کرتے ہوئے اب لبنان میں زمینی کارروائی شروع کردی ہے جس پر پوری دنیا میں شدید ردعمل کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ اسرائیلی   ڈیفنس فورسیز (آئی ڈی ایف) نے اپنے زمینی حملے کی اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ لبنان کے جنوبی علاقہ میں پیر کی دیر رات سے ہی  کارروائی شروع کردی گئی ہے۔اس زمینی فوجی کارروائی کو `آپریشن ’ناردرن ایروز‘ کا نام دیا گیا ہے، جس میں اسرائیلی فوج کےدعوے کے مطابق  اسرائیل کے  لئے خطرہ بننے والے لبنانی دیہی علاقوں میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر کارروائی کی جائے گی۔
  آئی ڈی ایف کے مطابق ان کارروائیوں کے ساتھ ساتھ غزہ میں حماس کیخلاف حملے بھی جاری رہیں گے۔اسرائیلی فوج نے کہاکہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے  اہداف  کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر محدود، مقامی اور ہدف بنا کر کئے جانے والے زمینی حملے شروع کر د ئیے گئے ہیں۔ یہ اہداف لبنان اور اسرائیل کی سرحد کے قریب واقع  دیہاتوں میں ہیں ۔بیان کے مطابق ان حملوں کیلئے اسرائیلی فضائیہ کی مدد لی جارہی ہے اور توپ خانے کا بھرپور استعمال کیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق  اسرائیل نے  لبنان پر زمینی حملے کی تیاری شروع کرنے سے قبل  امریکہ کو باقاعدہ مطلع کیا تھا اور اس کی اجازت بھی حاصل کرلی تھی۔ اسرائیل  نے امریکہ کو بتادیا تھا کہ وہ  لبنان پر آرٹلری اور ٹینکوں سےکرے گا۔  
 اسی دوران لبنا نی تنظیم حزب اللہ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے منگل کی صبح سرحدی علاقے المطلہ میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔ حزب اللہ نے باقاعدہ بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل کو اس کے حملوں کا منہ توڑ جواب دیا جارہا ہے۔ جنوبی لبنان جہاں اسرائیلی فوج داخل ہوئی ہے اس علاقے کو اسرائیلی فوجیوں کا قبرستان بنادیا جائےگا۔  اسرائیلی فوج نے ان حملوں کی تصدیق کی لیکن کہا کہ کچھ راکٹ فضا میں ہی تباہ کر د ئیے گئے اور کچھ خالی میدانوں میں گرے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK