• Sat, 23 November, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

رام مندر اسٹیشن پر خود کارزینہ لگانے کا معاملہ ڈیڑھ سال سے معلق!

Updated: September 01, 2024, 10:05 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اسٹیشن ماسٹر نے کہا:بی ایم سی کی جانب سے جگہ نہ دینے کے سبب ایسکلیٹر کی تنصیب کاکام رکا ہواہے ،خط وکتابت جاری ہے

Ram Mandir Railway Station where installation of escalator is stalled due to non-allocation of space by BMC
رام مندر ریلوے اسٹیشن جہاں ایسکلیٹر نصب کرنے کا معاملہ بی ایم سی کے ذریعے جگہ نہ دینے کی وجہ سے رکا ہوا ہے

 رامن مندر ریلوے اسٹیشن پر خود کار زینہ لگانے کاکام ڈیڑھ سال سے معلق ہے ! پلیٹ فارم تک پہنچنے کے لئےاونچے پل کی سیڑھیاں چڑھنا معمر مسافروں کے لئے بڑا مسئلہ ہوتاہے،اس کے باوجود یہ دقت برقرار ہے ۔ 
 اس تعلق سے ریلوے یوزرس کمیٹی کے سابق رکن اورآرٹی آئی رضا کار منصور عمر درویش نےنمائندۂ انقلاب کوبتایا کہ ’’ انہوں نے ریلوے انتظامیہ کی توجہ اس جانب مبذول کراتے ہوئے تفصیل سے لکھا تھا اور ریلوے کی جانب سےجواب بھی دیا گیا تھا کہ اس جانب فوری توجہ دی جائے گی لیکن ڈیڑھ سال بھی کچھ نہیں ہوا ۔‘‘
 انہوںنے یہ بھی بتایا کہ ’’ اس دوران یہ طے کیا جانا بھی مسئلہ بن گیا تھاکہ گورے گاؤں کی سمت لگایاجائے یا جوگیشوری کی جانب ۔ اس کا خمیازہ آج تک یہاںسے سفر کرنے والے ہزاروں مسافر بھگت رہے ہیں۔ اگر یہ مسئلہ حل کردیاجائے تو دیگراسٹیشنوں کی طرح یہاںکے مسافروں کو بھی راحت مل جائے ۔یہاں جوگیشور ی کی جانب لگانا اس لئے زیادہ ضروری ہے کیونکہ اس سمت سے مسافر بڑی تعداد مسافر اسٹیشن آتے ہیں ۔‘‘
 یادر ہے کہ خود کارزینے کی قیمت ۵۰؍لاکھ روپے ہے اور اس کی تنصیب پر۱۰؍ لاکھ روپے کا صرفہ آتا ہے ۔ 
بی ایم سی جگہ نہیںدے رہی ہے 
 اسٹیشن ماسٹر انیل گپتا سے رابطہ قائم کرنے اوران سے استفسار کرنے پر انہوںنے بتایا کہ ’’ اس کی اصل وجہ یہ ہےکہ جوگیشوری کی سمت جہاںخود کارزینہ لگانا ہے ،جہاں اس کی سیڑھیاں اتریں گی وہ جگہ بی ایم سی کی ہے۔ بی ایم سی سے خط وکتابت جاری ہے مگراب تک جگہ نہ ملنے کےسبب یہ کام رکا ہوا ہے ۔امید ہے کہ جلد ہی اجازت مل جائے گی پھر بلا تاخیر یہ کام پوراکرلیا جائے گا ۔‘‘
گورے گاؤں کی جانب لگایا جارہا ہے 
 اسٹیشن ماسٹر نے یہ بھی بتایا کہ ’’گورے گاؤں کی جانب خود کار زینہ لگانے کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ۱۰؍دن میںیہ کام پورا کرلیا جائے گا ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی دعویٰ کیا کہ ’’ریلوے کی جانب سے پہلے سے ہی تیاری کی گئی ہے اور یہ چاہا جارہا ہےکہ مسافروں کوسہولت ملے تاکہ وہ آسانی کے ساتھ اسٹیشن آکر اپنی منزل تک پہنچ سکیں۔ یہ صحیح ہے کہ اس کام میںوقت زیادہ لگ رہا ہے،اگر بی ایم سی نے رضا مندی ظاہرکردی تو بہت جلد مسافروں کی یہ مشکل دور ہوجائے گی ۔‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK