• Mon, 10 February, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

دہلی الیکشن میں بھی’ ووٹرلسٹ فراڈ‘ کا ’مہاراشٹر پیٹرن‘ استعمال کیا گیا ہے

Updated: February 09, 2025, 12:17 PM IST

سنجے رائوت نے بی جے پی کی جیت کو دھوکا دہی قرار دیا، انا ہزارے نے اس کیلئے کیجریوال کےسر پر چڑھے اقتدار کے نشے کو ذمہ دار بتایا۔

Shiv Sena spokesperson Sanjay Raut. Photo: INN
شیوسینا ترجمان سنجے رائوت۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر کی طرح دہلی میں بھی بی جے پی کو اسمبلی الیکشن میں ناقابل یقین جیت حاصل ہوئی ہے۔  اس پر شیوسینا (ادھو)  کے ترجمان سنجے رائوت نے الزام لگایا ہے کہ ’’ دہلی میں بھی مہاراشٹر پیٹرن استعمال کیا گیا ہے۔‘‘ جبکہ   بدعنوانی کے خلاف  اروند کیجریوال کے ساتھ مل کر   مہم چلا چکے انا ہزارے نے عام آدمی پارٹی کی شکست کیلئے اروند کیجریوال کے سر پر چڑھے اقتدار کے نشے کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ نائب  وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے  بی جے پی  کی اس جیت کا استقبال کیا ہے۔ 
دہلی میں ’مہاراشٹر پیٹرن‘
دہلی میں بی جے پی کی جیت پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے سنجے رائوت نے کہا ہے کہ ’’  دہلی میں بھی مہاراشٹر کو ووٹنگ لسٹ فراڈ پیٹرن استعمال کیا گیا ہے۔ ہم نے ایک روز قبل ہی کہہ دیا تھا کہ جودھوکا دہی مہاراشٹرمیں ہوئی ہے وہ اب دہلی میں ہوگی۔‘‘ رائوت کے مطابق ’’ مہاراشٹر میں جو ۳۹؍ لاکھ  ووٹ بڑھے تھے وہ اب دہلی چلے گئے۔ اس کے بعد وہ بہار چلے جائیں گے ۔ کیا آپ کو لگتا ہے کہ لوگ بی جے پی کو ووٹ دے رہے ہیں؟ کوئی ووٹ نہیں دے رہا ہے یہ زبردستی کی ووٹنگ ہے۔‘‘ 
کیجریوال کو اقتدار کا نشہ چڑھ گیا تھا؟
بدعنوانی کے خلاف کبھی اروند کیجریوال کے ساتھ مل کر تحریک  چھیڑنے والے معمر سماجی کارکن انا ہزار کا کہنا ہے کہ ’’   میں نے ہمیشہ کہا ہے کہ ایک امیدوار کا کردار اور خیالات خالص ہونا ضروری ہے۔ ورنہ عوام اس پر اعتماد نہیں کرتے۔ مگر اروند کیجریوال نے اس پر توجہ نہیں دی۔ وہ شراب پالیسی  میں گم ہو گئے۔ انہیں کس نےکہا تھا کہ شراب پالیسی تیار کرنے کیلئے؟‘‘ انا ہزارے نے کہا ’’  اروندکیجریوال پر شراب اور پیسے کا نشہ چڑھ گیا تھا۔  عوام نے دیکھا کہ کیجریوال کردار کی بات کرتے ہیں لیکن شراب پالیسی تیار کر رہے ہیں۔ ‘‘ معمر کارکن نے کہا ’’ آپ پر جب سیاسی الزامات عائد ہوتے ہیں  اور آپ انہیں غلط ثابت نہیں کر پاتے ہیں تو پھر عوام آپ کے خلاف ہو جاتے ہیں۔  سچ ہمیشہ سچ رہتا ہے۔‘‘  انا ہزارے  نے کہا کہ ’’ جب پارٹی بنانے کے تعلق سے میٹنگ ہوئی تھی تبھی میں نے کہہ دیا تھا کہ میں اس کے خلاف ہوں اور آج تک ان کی پارٹی سے دور ہوں۔‘‘ 
 ایکناتھ شندے کی بی جے پی کو مبارکباد
 نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے دہلی میں بی جے پی کی جیت پر اسے مبارکباد دی ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ ’’ دہلی کو عام آدمی پارٹی نام کی مصیبت سے نجات مل گئی ہے۔ ‘‘ شندے نے کہا ’’عوام نے کانگریس کو چاروں خانے چت کر دیا ہے۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ مہاراشٹر کی طرح دہلی میں بھی عوام نے وزیر اعظم مودی کی قیادت پر مکمل  اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ‘‘ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK