• Sun, 29 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

’’ مہایوتی حکومت نے شہروں کی پہچان بدل کر رکھ دی ہے ‘‘

Updated: September 29, 2024, 10:27 AM IST | Pune

این سی پی سربراہ شرد پوار نے کہا ’’ آج کسی سے پوچھو کہ پونے شہر کی خاصیت کیا ہے تو وہ جواب دیتا ہے ’کوئتہ گینگ‘‘، ایک اور بی جے پی لیڈر این سی پی میں شامل

Sharad Pawar is visiting different areas of Maharashtra these days (file photo).
شرد پوار ان دنوں مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں( فائل فوٹو)

 این سی پی کے بانی شرد پوار نے کہا ہے کہ ’’ کل تک لوگ پونے کو ’علمی شہر‘ کہہ کر یاد کرتے تھے لیکن آج اگر کسی سے پوچھا جائے کہ پونے کی خاصیت کیا ہے تو وہ کہتا ہے ’کوئتہ گینگ‘ ۔  انہوں نے کہا ’ مہایوتی حکومت نے شہروں کی پہچان بدل کر رکھ دی ہے۔ ‘ پوار سنیچر کو پونے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔  یاد رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے پونے میں کوئتہ گینگ سرگرم ہے جو لوٹ مار اور لوگوں پر حملے کرنے میں ملوث ہے۔ معمر لیڈر کا اشارہ اسی طرف تھا۔ 
 شرد پوار نے کہا ’’ آج جن لوگوں کے ہاتھوں میں اقتدار ہے ان لوگوں نے پونے شہر کیلئے کیا کیا ہے؟  میں چونکہ رکن پارلیمان ہوں اس لئے میرا دہلی جانا ہوتا رہتا ہے۔ وہاں میں ٹی وی دیکھتا ہوں یا اخبار منگوا کر پڑھتا ہوں تو  معلوم ہوتا ہے کہ پونے کا جہاں بھی تذکرہ ہو رہا ہے وہ کوئتہ گینگ کی وجہ سے ہو رہا ہے۔  ‘‘ انہوں نے کہا ’’ کل تک یہ ایک علمی شہر کہلاتا تھا ، یہاں کرلوسکر جیسی کمپنی ہے، یہاں بجاج کمپنی ہے، یہاں ٹیلکو کمپنی ہے لیکن آپ کسی سے بھی سوال کریں کہ پونے کی خاصیت کیا ہے تو وہ جواب دیتا ہے کہ ’کوئتہ گینگ‘ برسراقتدار پارٹی نے پونے کی شناخت ہی کوئتہ گینگ سے کر دی ہے۔  یاد رہے کہ سنیچر کو  سابق رکن اسمبلی باپو صاحب پٹھارے نے  بی جے پی کو خیرباد کہہ کر این سی پی ( شرد) میں شمولیت اختیار کرلی ۔  یہ جلسہ  پارٹی میں ان کا استقبال کرنے کیلئے منعقد کیا گیا تھا۔ 
 شردپوار نے تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ’’ اس وقت یہ حالت ہے کہ ہر جگہ کوئتہ گینگ گھوم رہی ہے تو آنے والی نسل کیا کرے گی اس کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔ ‘‘ انہوں نے کہا ’’ پونے شہر میںان دنوں لوگوں کو چاند پر بھیجنے کا ( بے وقوف بنانے کا) کاروبار جاری ہے۔ معمر لیڈر نے کہا کہ پونے شہر اور اس کے اطراف میں اب کوئتہ گینگ، منشیات کا کاروبار، شراب نوشی اوردیگر برے کاموں ہی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ ‘‘  شرد  پوار نے کہا ’’  ان حالات کی وجہ سے پونے کی نئی نسل کے  پوری طرح برباد ہوجانے کا اندیشہ ہے۔  یہ تصویر واضح طور پر نظر آ رہی ہے۔ کیونکہ اس طرح کی (مجرمانہ ) سرگرمیاں دن بہ دن بڑھتی چلی جا رہی ہیں۔   
   شر دپوار نے اس صورتحال کو تبدیل کرنے کی غرض سے مقامی رکن اسمبلی کو تبدیل کرنے پر بھی زور دیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ رکن اسمبلی  اس طرح کے کاموں میں لوگوں کی دیگر طریقوں سے مدد کر رہے ہیں۔  یاد رہے کہ شرد پوار جس علاقے میں خطاب کر رہے تھے وہاں سنیل ٹنگرے رکن اسمبلی ہے جن کا تعلق این سی پی (اجیت) سے ہے۔ سینئر پوار نے ٹنگرے کویہ کہتے ہوئے طنز کا نشانہ بنایا کہ ’’ میں یہاں سے گزر رہا تھا تو دیکھا کہ جگہ جگہ بورڈ لگے ہوئے ہیں’یہ آمدار ( رکن اسمبلی) ہے دم دار... کیسا دم دار ؟ اس رکن اسمبلی کو بتانا چاہئے کہ وہ کس پارٹی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر اسمبلی پہنچا ہے۔ این سی پی کی بنیاد کس نے رکھی تھی؟ اس کا صدر کون تھا اور اس ٹنگرے کو ٹکٹ کس نے دیا تھا؟ ہم نے دیا تھا ۔ اس لئے کہ وہ عوام کی مدد کرے لیکن  وہ تو کسی اور ہی کام میں لگا ہوا ہے۔ ‘‘ 
  انہوں نے کہا’’ حال ہی میں شراب کے نشے میں ایک رئیس زادے نے اپنی مہنگی گاڑی سے اسکوٹر پر جا رہے ایک لڑکا اور لڑکی کو اڑا دیا تھا۔  تو ان زخمی لڑکے اور لڑکی کی مدد کرنے کے بجائے یہ رکن اسمبلی اس ملزم رئیس زادے کو بچانے کیلئے پولیس اسٹیشن پہنچ گیا۔ ‘‘  تو کیا اس نے عوام سے اسی بات کیلئے مدد مانگی تھی؟  شرد پوار نے حالات کو بدلنے کیلئے موجودہ حکومت کو بدلنے پر زور دیا اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اسمبلی الیکشن میں اب یہاں کے رکن اسمبلی کو تبدیل کرنے میں این سی پی (شرد) کی مدد کریں۔ 
 یاد رہے کہ شرد پوار اس وقت مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔  بیشتر مقاماتپر انہوںنے یہ دعویٰ کیا ہے کہ اس بار وہ مہایوتی حکومت کو اکھاڑ پھینکیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK