• Wed, 30 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

سلمان خان اور ذیشان صدیقی کو دھمکانے والا نوئیڈا سے گرفتار

Updated: October 29, 2024, 11:32 PM IST | Mumbai

ملزم نے ذیشان کے دفتر پر فون کرکے دھمکی دینے کے ساتھ پیسوں کا مطالبہ کیا تھا

Salman Khan can be seen with Zeeshan Siddiqui. (File Photo)
سلمان خان کو ذیشان صدیقی کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔(فائل فوٹو)

 بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور این سی پی لیڈر ذیشان صدیقی کو دھمکیاں دینے اور ان سے پیسوں کا مطالبہ کرنے کے الزام میںپولیس نے ایک نوجوان کو نوئیڈا سے گرفتار کرلیا ہے اور اسے ممبئی لایا جارہا ہے۔  پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق ۲۵؍ اکتوبر کو ذیشان صدیقی کے آفس میں اس نمبر پر میسیج اور فون کال موصول ہوا تھا جو انہوں نے عوام کی شکایتیں سننے کیلئے رکھا ہے۔ ملزم نے پہلے اس نمبر پر ایک میسیج بھیجا تھا اور بعد میں فون کرکے ذیشان صدیقی اور سلمان خان دونوں سے پیسوں کا مطالبہ کیا تھا اور رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں خطرناک نتائج کی دھمکی دی تھی۔
 جس نمبر سے فون کال موصول ہوا تھا اس کی تفصیلات حاصل کرکے پولیس ملزم تک پہنچی اور پیر کو اسے نوئڈا میں گرفتار کرلیا۔ ملزم کا نام محمد طیب عرف غفران (۲۰) بتایا گیا ہے۔
 ذیشان صدیقی باندرہ میں کانگریس کے رکن  اسمبلی تھے لیکن کچھ عرصہ قبل ہی انہوں نے این سی پی (اجیت پوار) میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ انہیں این سی پی سے آئندہ ماہ ہونے والے اسمبلی الیکشن کیلئے ٹکٹ بھی ملا ہے۔یاد رہے کہ چند ہفتوں قبل ہی ذیشان کے والد، سابق وزیر اور سینئر این سی پی لیڈر بابا صدیقی کا اسی دفتر کے باہر گولی مار کر قتل کردیا گیا تھا جس دفتر میں متذکرہ دھمکی آمیز فون کال موصول ہوا تھا۔
 بابا صدیقی کے قتل اور قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزام میں اب تک ۱۵؍ افراد کی گرفتاری عمل میں آئی ہے۔ البتہ ذیشان کے ذریعہ ان کے والد کے تحفظ پر مامور پولیس کانسٹبل شیام سونائونے پر قتل کی سازش میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کئے جانے کے بعد اسے سروس سے معطل کردیا گیا اور اس کے خلاف محکمہ جاتی انکوائری شروع کی گئی ہے۔
  دریں اثناء ایک روز قبل ہی ذیشان کے تحفظ پر تعینات پولیس کانسٹبل کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ معاملہ یہ ہے کہ اس علاقے کے ڈی سی پی دکشت گیدام ذیشان کی سیکوریٹی کی رپورٹ سے غیرمطمئن تھے اور وہ اس کا جائزہ لینے اچانک ذیشان کے گھر پہنچ گئے۔ وہاں پہنچنے پر پتہ چلا کہ جب ذیشان کسی کام سے باہر جارہے تھے تو ان کے تحفظ کیلئے تعینات کانسٹبل وشال اشوک تھانگے اپنی جگہ سے غائب تھا۔ اس تعلق سے ابتدائی انکوائری کے بعد اسے معطل کردیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK