• Fri, 03 January, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo

’آپ کا ووٹ آپ کا مستقبل‘ عنوان سے میٹنگ

Updated: October 30, 2024, 11:30 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

’ مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم ‘کی کرلا میںووٹر وںمیں بیداری اور ووٹوںکی تقسیم روکنےکیلئے خصوصی مہم چلانے کا فیصلہ

A scene from the meeting organized by Maharashtra Democratic Forum (MDF) Kurla.
مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم (ایم ڈی ایف) کرلا کی جانب سے منعقدہ میٹنگ کا ایک منظر ۔

ریاستی اسمبلی الیکشن کے پس منظر میں مہاراشٹر ڈیموکریٹک فورم (ایم ڈی ایف)، کرلا کی جانب سے بدھ کوپائپ روڈ مرکز مسجد کے قریب واقع کرلا نرسنگ ہوم میں’آپ کاووٹ آپ کامستقبل‘ عنوان سے اہم میٹنگ کا انعقاد کیا گیا  جس میں کرلا مغرب کی اہم سماجی ،تعلیمی ،طبی اور ملّی تنظیموں کے رضاکاروں اور دانشوروں نے شرکت کی۔میٹنگ میں اسمبلی الیکشن میں اُمیدوار کی حمایت، بوتھ کی سطح پر ووٹنگ بیداری مہم، مساجد کی سطح پر وہاٹس ایپ گروپ کے ذریعے ووٹوں کی تقسیم روکنے کی کوشش ، الیکشن والے دن کے انتظامات اور عمررسیدہ ووٹروں کیلئے آمدورفت کی سہولیات سے متعلق صلاح ومشورہ کیاگیا، ساتھ ہی رائے دہی سے متعلق اہم مشوروں پر مشتمل ایک ہینڈبل سبھی مسلم علاقوں میں تقسیم کرنے پر غور وخوض کیا گیا ۔
 ووٹوںکی تقسیم روکنے ، سیکولر اُمیدوار کو ووٹ دینے اور ووٹ کا بہرصورت استعمال کرنے کی اپیل کیلئے مذکورہ ادارہ کی جانب سے اُردو اور ہندی میں ہینڈبل شائع کیا گیاہے جس میں’ آپ کا ووٹ آپ کا مستقبل‘ عنوان سے ووٹروں سے اپیل کی گئی ہے کہ اپنے حق رائے دہی کا سوچ سمجھ کر استعمال کریں اور کسی ایسے سیکولر اُمیدوار کو کامیابی سے ہمکنار کریں جو عوام کے مسائل حل کرنے  میں دلچسپی رکھتا ہو۔ ادارہ کی جانب سے اس ہینڈبل کو سبھی حلقوں میں بڑی تعداد میں تقسیم کرنے کی اپیل کی گئی ہے تاکہ ووٹوں کی تقسیم کو روکا جاسکے ۔ ہینڈبل  میں ہر ووٹ شمار ہوتاہے ، اتحاد میں طاقت ہے ، حق چاہئے خیرات نہیں ، ہوشیار رہیں فعال رہیں، لالچ بری بلا ہے، ووٹنگ مشین کو سمجھیں، تیاری اہم ہے، قطار میں رہیں، سوچ سمجھ کر ووٹ دیں اور مضبوط مہاراشٹر ان عنوانات کے تحت رائے دہندگان سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کی گئی ہے ۔ 
  اس سلسلے میں ایم ڈی ایف سے وابستہ عبدالتواب نے اس نمائندہ کو بتایا کہ ’’ پارلیمانی الیکشن میں بھی ایم ڈی ایف نے ووٹروںکی ذہن سازی کی تھی تاکہ ووٹوں کی تقسیم نہ ہو  جس کا خاطر خواہ فائدہ ہوا تھا ۔ اسی طرح اسمبلی الیکشن میں ووٹروں کی ذہن سازی کیلئے ایم ڈی ایف مہم چلائے گی جس کیلئے صلاح و مشورہ کرنے کیلئے بدھ کو میٹنگ کی گئی  جس میں کرلا کے مسلم علاقوں کےتقریباً ۴۰؍ سماجی اور ملّی تنظیموں کے ذمہ داران کے علاوہ دانشورشریک ر ہے ۔ ‘‘
 انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ’’مذکورہ میٹنگ میں ایم ڈی ایف کے حمایت کردہ اُمیدوار کا اعلان ، بوتھ کی سطح پر کاموں اور ووٹنگ بیداری کی ذمہ داریاں ، مساجد کے وہاٹس ایپ گروپ کے ذریعے ووٹوںکی تقسیم کوروکنےکی کوشش ، الیکشن والے دن کی سرگرمیوںاور عمررسیدہ افراد کو گھروں سے پولنگ بوتھ اور وہاں سےگھرپہنچانےکیلئے آمدورفت کی سہولیات کےبارےمیں گفت وشنید کی گئی ہے۔‘‘
 اس بارے میں آل کرلا کمیٹی کے محمد اظہر شیخ نے بتایا کہ ’’اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ایم ڈی ایف کرلا یہاں کے رائے دہندگان میں بیداری پیدا کرنے کیلئے خصوصی مہم چلا رہی ہے جس کے تحت ووٹروں کو یہ سمجھانے کی کوشش کی جائے گی کہ آپ کا ایک ایک ووٹ اہم ہے اور آپ کےمستقبل سے جڑا ہے لہٰذا ووٹ کی اہمیت اور افادیت سمجھیں اور اپنا ووٹ ضرور ڈالیں ۔ اس تعلق سے منصوبہ بندی کیلئے بدھ کو ایم ڈی ایف نے ایک میٹنگ کی جس میں کرلا کے سماجی کارکنان  اور مختلف شعبوں سےتعلق رکھنے والے جمع ہوئےجس میں عوام کو ووٹنگ سے متعلق بیدار کرنے کا لائحہ عمل تیا ر کیاگیاتاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں ۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK