• Fri, 18 October, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن نے اُتن میں مذبح کی تعمیرکا ٹینڈر منسوخ کردیا

Updated: October 09, 2024, 12:23 PM IST | Sajid Mehmood Sheikh | Bhayandar

یہاں کے مغربی علاقے اُتن میں مذبح کی تعمیر کیلئے ٹینڈر کوشہری انتظامیہ نے منسوخ کردیا ہے جس کی وجہ اس کے خلاف عوامی جذبات، عوامی نمائندوں اور تنظیموں کی تجاویزبتائی گئی ہے۔

Former BJP MLA Narendra Mehta. Photo: INN
بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نریندر مہتا۔ تصویر : آئی این این

یہاں کے مغربی علاقے اُتن میں مذبح کی تعمیر کیلئے ٹینڈر کوشہری انتظامیہ نے منسوخ کردیا ہے جس کی وجہ اس کے خلاف عوامی جذبات، عوامی نمائندوں اور تنظیموں کی تجاویزبتائی گئی ہے۔
میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کی  پریس نوٹ میں کہا گیاہے کہ مہاراشٹر میونسپل کارپوریشن ایکٹ کے سیکشن ۶۴( ۱۲)  کے تحت میونسپل کارپوریشن کا لازمی فرض ہے کہ وہ سلاٹرہاؤس کی تعمیر کرے، ان کی دیکھ بھال کرے اور ان کو منظم کرے مگر سماج میں ایک غلط فہمی پیدا ہوئی ہے کہ مذکورہ مذبح میں گائے ذبح کی جاتی ہے مگر ایسا نہیں ہے۔ ان سلاٹرہاؤس میں گائے ذبح نہیں کی جاتی ہے کیونکہ حکومت مہاراشٹر کے گائے ذبیحہ قانون کے تحت گائے کے ذبیحہ پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور ریاست میں گائے کو ماں کا درجہ دیا گیا۔ حکومت کے بنیادی کردار سے متصادم باتیں سماج میں پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے امن و امان کا مسئلہ پیدا ہونے کا امکان ہے ۔پریس نوٹ میں مزید کہا  گیا ہے سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کیلئے ریاستی حکومت نے میرابھائندر میونسپل کارپوریشن کو ۵۰  ؍کروڑ روپے کی مالی مدد فراہم کی ہے۔ مذبح کی تعمیر کیلئے شہر کے ترقیاتی پلان میں پلاٹ مختص کیا گیا تھا مگر اس کی زمین کو ریاستی حکومت کی منظوری کی شرط اور عنقریب نافذ ہونے والے مثالی ضابطہ اخلاق   سے مذکورہ کارروائی میں تاخیر ہو سکتی ہے۔ مذکورہ ریزرویشن کی منظوری زیر التواء ہے۔ تاہم مذکورہ سلاٹر ہاؤس کی تعمیر کے حوالے سے عوامی جذبات ، عوامی نمائندوں ، مختلف اداروں اور تنظیموں کی جانب سے موصول ہونے والی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے مذبح کی تعمیر کا ٹینڈر منسوخ کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اس ٹینڈر کے اجراء کے بعد بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی نریندر مہتا نے سخت مخالفت شروع کردی تھی۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر ٹینڈر منسوخ نہیں ہوا تو وہ میونسپل کارپوریشن کے صدر دفتر سے کود کر جان دے دیں گے ۔ٹینڈر کی منسوخی کو وہ اپنی کامیابی بتا رہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK