اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کئی خوش قسمت افراد کو مکانات ملنے میں ۳،۴؍ ماہ لگ سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: October 12, 2024, 2:26 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اسمبلی انتخابات کے پیش نظر کئی خوش قسمت افراد کو مکانات ملنے میں ۳،۴؍ ماہ لگ سکتے ہیں۔
مہاراشٹر ہاؤسنگ اینڈ ایریا ڈیولپمنٹ اتھاریٹی ( مہاڈا ) کے ذریعے منگل کوفلیٹوں کی قرعہ اندازی کی گئی جس میں اس دفعہ سب سے مہنگا فلیٹ ۲۴؍ سالہ محمدامان جاوید چودھری کے حصے میں آیا۔ ورلی سی فیس کےاس فلیٹ کیلئے ۱۵؍ افراد نے قسمت آزمائی کی تھی۔ اس فلیٹ کی قیمت ۷؍کروڑ روپے ہے۔ یہ نوجوان بہترین صلاحیت کا مالک ایک کامیاب تاجر ہے۔ بات چیت میں اس کامیابی پراس نے خدا کا شکر ادا کیااور کہا کہ ’’ اس تعلق سے والد نے رہنمائی اورحوصلہ افزائی بھی کی، اس کا مثبت نتیجہ سامنے آیا اوربڑی کامیابی حاصل ہوئی۔ ‘‘
مہاڈا کے اس دفعہ۲۰۳۰؍مکانات کیلئے ایک لاکھ ۱۳؍ہزارلوگوں نےفارم بھرے تھے جس میں سے ایک لاکھ ۱۱؍ہزار امیدواروں کو مایوس ہونا پڑاہے مگران کیلئے کسی قدر اطمینان کی بات یہ ہےکہ آئندہ سال مارچ تا جون کے درمیان ۳؍ہزارمکانات کیلئے پھرلاٹری ہوگی اور گوریگاؤں کے پتراوالاچال پروجیکٹ میں تقریباً ۲۵۰۰؍مکانات مہاڈا کوملنے کی امید ہے، بقیہ ۵۰۰؍فلیٹ دوسری جگہ پرہوں گے۔
اس دفعہ جن مکانات کیلئے لاٹری نکالی گئی ہے، وہ پوائی، گوریگاؤں ، ملاڈ، اندھیری، کرلا، وکھرولی، انٹاپ ہل، وڈالا اور تاڑدیو میں واقع ہیں۔ ایک دوسرا مسئلہ یہ ہےکہ قرعہ اندازی میں جن خوش قسمت افراد کانام آیا ہے، ان میں سے بہت سوں کومکانات ملنے میں تین تا ۴؍ ماہ لگ سکتے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ نومبر میں مہاراشٹر اسمبلی انتخابات ہوں گے اور۱۳؍ اکتوبر تک ضابطہ اخلاق نافذ ہونے کا امکان ہے، اس وجہ سے بھی فوری طور پرانہیں قبضہ نہیں دیا جائے گا۔ دوسری وجہ یہ بھی ہے کہ جن ۱۵۰۰؍ فلیٹوں کا کام مکمل ہوئے بغیراور آکیوپینسی سرٹیفکیٹ (اوسی )نہ ہونے کے باوجود اسے لاٹری میں شامل کیا گیا ہے، اس کا کام پورا ہونے میں ابھی مزید ۳؍ ماہ سے زائد وقت لگ سکتا ہے۔